علامہ حاجی بابا ادہم صاحبؒ کا عرس
آستان عالیہ اسلامیہ کالج میںکل مجلس آراستہ ہوگی
سرینگر// حضرت علامہ حاجی بابا ادہم صاحبؒ کا 852واں عرس مبارک جمعرات ۴ ماہ رجب المرجب بمطابق 22مارچ عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اِس سلسلے میں اُن کے آستان عالیہ واقع اسلامیہ کالج میں بعد نماز ظہر سے قرآن خوانی، ختمات المعظمات، درودازکار کی مجلس آراستہ ہوگی جس کی پیشوائی بقعہ عالیہ حضرت سید محمد امین منطقی اویسیؒ (عالی کدل) الحاج عبدل حیٰ کرینگے جبکہ علامہ مولانا شوکت حسین کینگ ، جمعیت ہمدانیہ کے جنرل سکریٹری الحاج پیرزادہ محمد اشرف عنایتی اور الحاج سید منظور حسین قریشی حضرت اولیاء کرام کی پاک سیرت پر روشنی ڈالینگے۔صدرِ انتظامیہ کمیٹی اور صدرِ جمعیت ہمدانیہ الحاج عبدالرشید گانی اور اراکین انتظامیہ نے ضلع محکمہ بجلی، واٹر ورکس ، میونسپلٹی اور ٹرانسپورٹ حکام سے اپیل کی کہ وہ عرس مبارک پر زائرین کیلئے مکمل انتظامات کریں۔
سوچھ بھارت مشن
صوبائی کمشنر نے پیش رفت کا جائزہ لیا
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیربصیر احمد خان نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ میں کشمیر ڈویژن میں سوچھ بھارت مشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز اور ایس ایم سی کے آفیسران کے علاوہ دیگر کئی محکموںکے آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ تمام اضلاع کے ترقیاتی کمشنر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنروں نے سوچھ بھارت مشن کے تحت حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ کپوارہ،کولگام ،اننت ناگ،شوپیان،پلوامہ اور بارہمولہ میں مشن کے تحت60فیصد بیت الخلأ تعمیر کئے گئے ہیں۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ مشن کی پیش رفت کو جاری رکھنے اور لوگوں کو صفائی ستھرائی مہم کے بارے میں جانکاری دینے کی انتہائی ضرورت ہے۔
ہائر سیکنڈری سکول نواکدل میں صفائی ستھرائی مہم کا آغاز
سرینگر//گرلز ہائر سیکنڈری سکول نواکدل سے کل صفائی ستھرائی کا آغاز کیا گیا۔سرینگر میونسپل کارپوریشن نے مہم کی کامیابی کے لئے تعائون دیا۔محکمہ تعلیم نے مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ریاض احمدوانی مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔سکو ل کی پرنسپل فاطمہ شاہین نے تقریب کی صدارت کی۔پروگرام کے دوران طالبات نے موضوع کی مناسبت سے گیت پیش کئے اور تقاریر کیں۔میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے تقریب سے خطاب کے دوران اُن طالبات کہ سراہنا کی جو کہ شہر سرینگر کو سرسبز اورشاداب بنانے کے لئے کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوںنے پروگرام کے انعقاد کے لئے سکول کو15ہزار روپے کے انعام سے نوازنے کا اعلان کیا۔
۔ 110 طلاب میں سٹیشنری تقسیم
بادام واری میں تقریب
سرینگر//زونل ایجوکیشن آفس رعناواری اور نوکرتی فاؤنڈیشن نئی دہلی کے باہمی اشتراک سے بادام واری میں ایک تقریب منعقد ہوئی ، جس میں ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ اس موقعے پر دوردرشن نیوز کے سربراہ قاضی محمد سلمان مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔ نوکرتی فاؤنڈیشن نئی دہلی کے صدر راجیو کمار نے گورنمنٹ بائز مڈل سکول کاٹھی دروازہ کو کمپیوٹر سیٹس فراہم کرنے کا اعلان کیا۔تقریب پر مڈل سکول کاٹھی دروازہ اور چند مقامی سکولوں کے110 طالب علموں میںفاؤنڈیشن کی طرف سے مفت سٹیشنری تقسیم کی گئی۔ تقریب پر زون رعناواری کے مختلف سکولوں کی طرف سے ثقافتی پروگرام منعقد کئے گئے۔ناظم تعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے سکولوں میں باضابطہ صفائی مہم کا آغاز ہوگا جس دوران سکولوں میں صفائی ستھرائی کی طرف خاص دھیان دیا جائے گا۔انہوں نے وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کئے لئے بجٹ میں تعلیمی مطالبات زر کو تین گُنا سے زیادہ کیا گیا۔ قاضی محمد سلمان نے تعلیم کی اہمیت و افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طالب علموں کو غیر تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تدریسی سرگرمیوں کی طرف خصوصی دھیان دینا چاہیے تاکہ اُن کا مستقبل تابناک بن سکے۔