ہاشم قریشی کا خراج عقیدت
سرینگر//لبریشن پارٹی کے چیرمین ہاشم قریشی نے راولاکوٹ میں پولیس کارروائی کے دوران جاں بحق ہوئے نعیم احمد بٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پولیس کاروائی کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خونی لکیر اور سرحد پر جاری کشیدگی کی وجہ سے آرپار مالی و جانی نقصان ہو رہا ہے اور ہندو پاک حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی جموں کشمیر کے سوا کروڑ عوام کے لئے عذاب بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ کے عوام کی طرح ہی پوری قوم کو سرحد پر جاری خونین کھیل کے خلاف منظم احتجاج کرنا چاہئے تاکہ سر حد پر بسنے والے کشمیریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترال میں رہائشی مکان پر برق گری
سید اعجاز
ترال //جنوبی قصبہ ترال سے تقریباً تین کلومیٹر دور پنگلش علاقے میں جمعرات کو بعد دوپہربارشیں ہونے کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیںچلیں جس کے ساتھ ہی لوگوں نے محفوظ مقامات کی راہ لی۔اس دوران برق گرنے سے ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے پورا گائوں لرز اٹھا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ برق منظور احمد وانی ولد غلام محمدوانی کے رہائشی مکان پر گری تھی جس کے نتیجے میں مکان کی دوسری منزل تباہ ہوگئی ۔ افراد خانہ مکان کے نچلے منزل میں قیام پذیر تھے۔اس دوران ترال کے کئی علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ ژالہ بھاری بھی ہوئی۔
بونہ ہامہ گاندربل میں گندہ پانی سپلائی،عوام ناراض
ارشاد احمد
گاندربل//بونہ ہامہ گاندربل میں ناصافی پینے کا پانی سپلائی کرنیکے خلاف مقامی آبادی سراپا احتجاج ہے۔بونہ ہامہ میں دو ماہ قبل فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا گیا جہاں سے بونہ ہامہ سمیت دیگرکئی علاقوں کو پانی سپلائی کیا جاتا ہے تاہم مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ اس فلٹریشن پلانٹ سے سپلائی ہورہے پانی بہت گندہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانی میں کیچڑ شامل ہونے سے گیزر ورد دیگرچیزیں بھی خراب ہوچکے ہیں۔بونہ ہامہ کے ایک باشندے محمد سلطان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گندہ پانی کی سپلائی سے علاقے میںمختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں۔محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی مکمل جانکاری حاصل کرکے کارروائی کی جائے گی ۔
بجبہاڑہ اور رنگل گاندربل میں آگ
رہائشی مکان اورٹین شیڈ خاکستر
سرینگر/ارشاد احمد /بجبہاڑہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات کے نتیجے میں ایک دومنزلہ مکان مکمل طورپرخاکسترہوگیا۔بجبہاڑہ کی نیوکالونی میں واقع تین بھائیوںغلام حسن آہنگر،محمدامین اورغلام محمدآہنگرکے مشترکہ دومنزلہ رہائشی مکان میں جمعرات کی صبح آگ نمودارہوئی ۔فائراینڈایمرجنسی سروسزکے اہلکاروں نے آگ بجھانے کی کارروائی عمل میں لائی لیکن اس دوران مکان شعلوں کی لپیٹ میں آچکاتھا۔کافی محنت کے بعدآگ پرقابوپالیاگیالیکن تب تک مکان کابیشترحصہ نذرآتش ہوچکاتھاجبکہ مکان میں موجودلاکھوں روپے مالیت کاگھریلوسامان بھی تباہ ہوکررہ گیا۔رنگل گاندربل میں آگ کی ایک واردات کے دوران الطاف احمد پنڈت ولد محمد سلطان کے ٹین شیڈ میں موجود مال اسباب مکمل طور خاکسترہوگیا۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی بروقت بچاؤ کاروائی سے آگ پر فوری طور قابو پالیا گیا۔پولیس نے رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
امت مسلمہ کا شیرازہ بگاڑنے کی کوشش
مناظرہ بازی سے اجتناب کریں ،مولانا حامی کی علماء سے اپیل
سرینگر//کاروان اسلامی کے سربراہ مولانا غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ دعوت دین اور اتحاد امت کے نام پر مسلک پروری اور نفرت انگیزی پھیلانے والوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ وہ امت کے بگڑتے ہوئے شیرازے کو سمیٹنے کے بجائے مزید بکھیرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھی سازش کے تحت دو دہائیوں سے روز نت نئے حربوں ، تحریروں اور تقریروں کے ذریعے امت مسلمہ کے دلوں کو بار بار مجروح کرنے کے نا پاک منصوبے کو عملایا جا رہا ہے اور علماء اہلسنت کو اکسا کر مناظرہ بازی کے لئے مجبور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ چار سال قبل اس فتنے کی سر کوبی کے لئے وسیع تر مفادات کو مد نظر رکھ کرعلماء اہلسنت ، دانشوران ملت اور قائدین قوم نے کچھ مثبت اقدامات کئے لیکن ان کوششوں کو مسلک پرور اور فتنہ پرور عناصر نے ڈھال بنا کر اپنا دفاع کیا۔ امیر کاروان اسلامی غلام رسول حامی علماء، سماجی قائدین اور کاروان اسلامی کی جنرل ایگزیکٹیو باڑی سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اختلاف کی گنجائش ہر مسلک اور مذہب میں موجود ہے اور تادم قیامت رہے گی تاہم اس میں وسعت قلبی کا مظاہرہ کرکے تمام مسالک کے سربراہان اختلافی حالات میں سلف صالحین کے نقش قدم کو اپنا شعار بنائیں۔
مزاحمتی تنظیموں کی یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کو مبارکباد
سرینگر//مسلم لیگ نے یوم پاکستان کو یوم تجدید عہد قرار دیتے ہوئے اہل پاکستان کو مبارکبادپیش کی ۔لیگ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ 23مارچ جو پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے ،کے موقعہ پر پاکستانی قیادت، فوج اور عوام مل جل کر مملکتِ خداداد کو ہر سطح پر مضبوط، منظم اور مستحکم بنانے کا تہیہ کر لیں تاکہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی آنچ نہ آئے ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا محور و مرکز ہے اور خصوصاََ جس طرح مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے پاکستان نے کشمیریوں کی آواز سے آواز ملا کر ہر سطح اور ہر فورم پر انہیں اپنا پیدائشی حق دینے کی وکالت کی وہ یقیناََ عالم اسلام کے لئے چشم کشا ہے۔ماس مومنٹ نے یوم پاکستان پر ملت اسلامیہ بالخصوص پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ استحکام پاکستان اور بقائے پاکستان کیلئے ہر کشمیری کے دل کی دھڑکنیں دھڑک رہی ہیں۔ترجمان کے مطابق فریدہ بہن جی نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ70برسوں کے دوران مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورموں میں اجاگر کرنے کی کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔پاکستان کو کشمیریوں کا محسن قرار دیتے ہوئے ماس مومنٹ سربراہ نے کہا کہ یہ پاکستانی عوام ہی ہے جس نے کشمیریوں کو کھبی بھی مایوس نہیں کیا۔ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے حکومت پاکستان اور عوام کومبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کے استحکام کیلئے دعا کی ہے۔
عبدالمجید ڈار کی برسی
پیپلز پولٹیکل فرنٹ کا خراج عقیدت
سرینگر//پیپلزپولٹیکل فرنٹ کے سرپرست فضل الحق قریشی اور چیئرمین محمد مصدق عادل نے عبدلمجید ڈار کی15ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیاہے ۔ بیان کے مطابق مرحوم کو یاد کرتے ہوئے فضل الحق قریشی نے کہاکہ عبدلمجید ڈار پیدائشی طور ایک حریت پسندہونے کے علاوہ ایک نیک ، باوصف، دور اندیش، انسان دوست اور ذہین انسان تھا جس نے جوانی کی دہلیز پر قدم رکھنے کے بعد سے ہی اپنی زندگی کا ایک ایک پل تحریک آزادی کشمیر کی خدمت میں صرف کیا ۔پارٹی لیڈران نے موصوف کے بلند درجات کے لئے اجتماعی دعا کا بھی اہتمام کیا۔ نیز فرنٹ قیات نے یوم پاکستان کے حوالے سے پاک حکومت و افواج اور پاکستانی عوام کو مبارک پیش کی ہے۔
دسویں جماعت کی طالبہ کھائی میں گرکر زخمی
بانہال /محمد تسکین / بانہال قصبہ کے نزدیک کراوہ موڑ پر ایک سکول جانے والی دسویں جماعت کی بچی بے ہوش ہونے کے بعدسڑک سے نیچے گر کر زخمی ہوگئیں ۔ اسے بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے ڈاکٹروں نے اس بچی کو مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دسویں جماعت کی طالبہ رقیہ جان ساکن کراوہ بانہال جمعرات کی صبح اپنے سکول گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول واقع بانہال جارہی تھی کہ زیارت روڈ پر یہ لڑکی اچانک بے ہوش ہوگئی اور سڑک سے نیچے ایک کھائی میں جاگری ۔
ریاست میں کُشت و خون فوراًبند کیا جائے:حکیم محمد یاسین
سرینگر//پی ڈی ایف چیئرمین اور ممبراسمبلی خانصاحب حکیم محمد یاسین نے ریاست میں جاری خون خرابے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان کے حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ دار ہمسایہ ممالک کی طرح رہ کر مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل افہام و تفہیم اور گفت و شنید کے ذریعہ حل کریںتاکہ خطے میںپائیدار امن کی فضا قائم کی جاسکے۔ شوگپورہ، دریگام، رائیتھن، درگر اور کرمشورہ علاقوں کے دورے کے دوران حکیم محمدیاسین نے کئی عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دُشمنی کا براہِ راست خمیازہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو بھُگتنا پڑ رہا ہے ۔ اُنہوں نے دُونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ریاست میں کشت و خون اور تباہی کو روکنے کے لئے فوری طورمذاکراتی عمل شروع کریں۔
ترال کا معروف سکھ لیڈر فوت،نیشنل کانفرنس کا اظہار تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے ترال کے معروف سکھ لیڈر مکھن سنگھ کے فوت ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی کشمیر(این سی) کی اقلیتی سیل کے آرگنائزر جگدیش سنگھ آزاد اورحلقہ انتخاب ترال کے انچارج محمد اشرف بٹ کی قیادت میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میںمکھن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اُن کی عوام دوستی کو یاد کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیاکہ مکھن سنگھ نے ترال میں بلا لحاظ مذہب و ملت گراں قدر خدمات انجام دیں۔
ڈی پی این سربراہ کا موجودہ صورتحال پر اظہار تشویش
سرینگر// ڈی پی اےن کے سر براہ غلام حسن مےر نے رےاست کی مو جودہ صورتحال پر تشوےش کا اظہار کر تے ہو ئے آئے روز ہلاکتوں اور تباہی کے واقعات پر روک لگ جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ رےاست کو در پےش مو جودہ خراب صورتحال کا خاتمہ ہو نا چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہےں ہے اور ہمےں نو جوان نسل کیلئے پر امن حالات مےسر رکھنے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ نو جوان نسل با عزت زند گی گزارنے کی امےد ہی کھو بےٹھی ہے بلکہ اب وہ خطر ناک راستہ اختےار کر رہے ہےں ۔انہوں نے مو جودہ مخلوط سر کار پر الزام عائد کرتے ہو ئے کہا کہ وہ رےاست مےں بےرو گاری پر قابو پانے مےں ناکام ہو ئی ہے۔
توش خانہ سے متعلق معاملات پر ہاﺅس کمیٹی کی میٹنگ
جموں//قانون ساز کونسل کے ممبر سجاد احمد کچلو کی صدارت میں جوائنٹ ہاوس کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں توش خانہ جموں سے متعلق معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔ارکان قانون سازیہ رانی گارگی بلوریہ ، سریندر کمار چودھری ، ایس چرنجیت سنگھ، پون کمار گپتا ، ٹھاکر بلبیر سنگھ اور اشوک کھجوریہ نے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی 9اپریل 2018ءکو مبارک منڈی ہیرٹیج کمپلیکس جموں کا دورہ کرے گی۔توشہ خانہ حکام ( ڈپٹی کمشنر جموں ) ،وزیر اعلیٰ کے دفتر ایڈیشنل سیکرٹری ، ڈویژنل کمشنر جموں کے نمائندے ، قانون ساز کونسل کے سپیشل سیکرٹری و دیگر محکمہ خاطر تواضع کے سینئر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔
شوپیان میں ریشم صنعت سے وابستہ کسان ترقیاتی دورے پر روانہ
شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان محمد اعجاز نے ریشم صنعت سے جُڑے ضلع کے کسانوں کے ایک گروپ کو جھنڈی دکھاکر جانکاری دورے پر روانہ کیا۔دورے کا اہتمام مرکزی معاونت والی سکیم آتما کے تحت کیا گیا ہے۔دورے کے دوران کسان سینرل یونٹ کھنموہ اورکے وی کے ملنگ پورہ میں ریشم سازی کے جدید اور تیکنیکی طریقہ کار کے بارے میں جانکاری حاصل کررہے ہیں۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ دورے کے انعقاد کا مقصد کسانوں کو محکمہ سریکلچر کی طرف سے ریشم کے کیڑوں کی رئیرنگ اورتوت کے درختوں کے رکھ رکھاﺅ کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے۔ترقیاتی کمشنر نے کسانوں پر زوردیا کہ وہ اس دورے سے پوری طرح استفادہ کریں۔اُدھر ترقیاتی کمشنر شوپیان نے 100کسانوں پر مشتمل ایک گروپ کو آتما سکیم کے تحت سکاسٹ شالیمار کے دورے پر روانہ کیا۔اس موقعہ پر چیف ہارٹیکلچر آفیسر،ضلع ہارٹیکلچر آفیسران اورسول سوسائٹی کے سرکردہ آفیسران بھی موجود تھے۔کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی کمشنر نے اُن پر زوردیا کہ وہ یونیورسٹی کی طرف سے اپنائی جارہی جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری حاصل کرے اپنی باغبانی سرگرمیوں کو فروغ دیں۔
ہلکے تودے گرآنے کی وارننگ جاری
نیوز ڈیسک
جموں//ایس اے ایس ای کی طرف سے ملی جانکاری کی بناپر بارہمولہ ، گلمرگ ، پھرکیاں ۔زیڈ گلی اور کپواڑہ ۔ چوکی بل ۔ٹنگڈار ،پونچھ ، راجوری ، ریاسی ، رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ، ادھمپور ، اننت ناگ ، کولگام ، بڈگام ، لیہہ اضلاع اور سرینگر ۔جموں قومی شاہراہ پر ہلکے تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے تودے گرا ٓنے والے علاقوں میںرہائش پذیر لوگوں کو احتیاطی تدابیر عملانے کی صلاح دی ہے ۔
سرینگر۔جموں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت جاری
محمد تسکین
بانہال // جمعرات کوہلکی ہلکی بوندا باندی کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی ۔جمعرات کو موسم ابرالود رہا اور دھوپ چھاوں کا کھیل وقفے وقفے سے جاری رہا اور دوپہر چار بجے بعد ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا اور دور پہاڑیوں پر ہلکی ہلکی برفباری بھی ہوئی۔ ہلکی ہلکی بارشوں کے باوجود شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی ۔