سانبہ میں گوجر بکروال ہوسٹل کی پیش رفت کا جائیزہ لیا گیا
سانبہ//سیکریٹری قبائلی امور سلما حمید نے ناظمِ قبائلی امور محمد رفیع کے ہمراہ نندنی ہلز سانبہ میں تعمیر ہو رہے گوجربکروال بوائیز ہوسٹل پر جاری کام کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے تعمیراتی کام میں سرعت لا کر اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ واضح رہے کہ محکمہ قبائلی امور نے اس ہوسٹل عمارت کی تعمیر کیلئے 2.50 کروڑ روپے واگذار کئے ہیں اور اس پروجیکٹ پر 3.25 کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔
’طلاب پر تشدد ڈھاناغیر جمہوری عمل‘
سرینگر//مسلم لیگ کے امیر مشتاق الاسلام نے جمعرات کو پْر امن مظاہرین پرطاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلا جواز طاقت کے استعمال سے اس بات کا عندیہ ملتا ہے کہ بھارت اور اس کے مقامی آلہ کار طاقت کے بل پر دبانے پر بضد ہیں ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں طلاب پرہوئی زیادتیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’’ طالب علم ہمارے سماج کا ایک سنجیدہ طبقہ ہے اور ہم ظلم و زیادتیوں پر خاموش نہیں رہ سکتے‘‘۔اس دوران کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے مختلف کالجوں اوریونیورسٹیوں کے طالب علموں پر طاقت استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ظالمانہ اور غیر جمہوری عمل قرار دیا۔ زمردہ حبیب نے کہا’’ آپریشن آل آوٹ کی آڑ میںمعصوم لوگوں کا قتل عام جاری ہے جو ہر لحاظ سے انسانیت کا قتل ہے اورجسے اب برداشت نہیں کیا جائے گا‘‘۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہنددوستان کو جموں کشمیر کے لوگوں پر تشدد برپا کرنے کے بجائے سنجیدہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے ،جس سے پورا خطہ سیاسی غیر یقینی ماحول سے باہر آسکے۔
سندربنی فوجی یونٹ میں آگ ،کئی ہتھیار تباہ،تحقیقات شروع
راجوری//راجوری کے سندربنی علاقہ میں قائم آرمی یونٹ میں جمعرات کی صبح اچانک آگ نمودار ہوئی جس پر فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے قابو پالیا گیا۔ آگ سے یونٹ میں کئی ہتھیار تباہ ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے لگ گئی تھی۔ (کے این ایس)
سوچھ بھارت مشن
کپوارہ میں مہم کا آغاز
کپوارہ//اسسٹنٹ کمشنرڈیولپمنٹ کپوارہ نے مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران سوچھ بھارت مشن کے تحت مہم کا آغاز کیا۔اس موقعہ پراے سی ڈی نے کہا کہ سوچھ بھارت مہم شروع کرنے کا مقصد ضلع کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک کرنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مہم کی کامیابی کے لئے مانٹرینگ یونٹوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ ’’سوچھتا ہی سیوا‘‘ کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔انہوںنے مختلف محکموں کو او ڈی ہدف کے مکمل حصول کے لئے مہم میں شرکت کرنے پر زوردیا۔
گورنر نے فنکاروں کی عزت افزائی کی
جموں// ویشنو دیوی کی زندگی پر مبنی ’ ماتا کی کہانی‘ نامی پلے کل شام سپریچول گروتھ سینٹر کٹرہ میں ’’نٹرنگ‘‘ نے ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے اشتراک سے دکھایا گیا۔اس موقعہ پر گورنر این این ووہر اجوویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ، گورنر کی اہلیہ اوشا ووہرا بھی موجود تھیں۔ گورنر نے نٹرنگ کے ڈائریکٹر بلونت ٹھاکر کے ساتھ بات چیت کی جو ا س پلے کے ہدایت کار تھے۔ گورنر نے بعد میں تمام 70فنکاروں کے ساتھ ملاقات کی اور بہترین کارکردگی کرنے کے لئے انہیں مبارک باد دی۔گورنر نے انہیں مومنٹوز بھی پیش کئے ۔اس سے پہلے اپنے استقبالیہ خطبے میں بلونت ٹھاکر نے اس میوزیکل پروڈکشن کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔
گاڑیوں سے پیدا ہونے والی کثافت
پولیوشن سرٹفکیٹ کیلئے فیس کی نئی شرح مقرر
جموں//حکومت نے ریاست میں پلیوشن چیکنگ سنٹروں کی طرف سے گاڑیوں کیلئے پلیوشن کنٹرول سر ٹیفکیٹ جاری کرنے کے سلسلے میں شرحوں پر نظر ثانی کرنے کا حکم دیا ہے ۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ ایم راجوکے ایک حکم نامے کے مطابق نئے شرحوں کے تحت ٹو ویلر ( پیٹرول ) کیلئے 50 روپے ، تھری ویلر ( پیٹرول ) کیلئے 60 روپے ، فور ویلر (پیٹرول) کیلئے 80 روپے اور تمام ڈیزل والی گاڑیوں کیلئے 100 روپے پولیوشن کنٹرول سرٹیفکیٹ کے اجراء کیلئے مقرر کیا گیا ہے ۔ یہ سر ٹیفکیٹ BS-IV گاڑیوں کیلئے 12 مہینے جبکہ دیگر گاڑیوں کیلئے 6 مہینے تک ویلڈ رہے گی ۔
شوپیان ہلاکتیں اور افغانستان حملہ افسوسناک:جمعیت علماء
فیاض بخاری
بارہمولہ //جمعیت علماء اہلسنت والجماعت نے کشمیر میں شہری ہلاکتوں اور افغانستان کے قندوز علاقہ میں دینی مدرسہ پر امریکی حملہ کی مذمت کی ہے۔جمعیت کے سیکریٹری شیخ عبدالقیوم قاسمی نے افغانستان میں دینی مدرسہ پر حملہ امریکہ کی کھلی جارحیت اور دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب معصوم طلاب وحفاظ قرآن کا خون رنگ لائے گا۔انہوں نے کشمیر میں شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے ایسے واقعات پر فوری روک تھام کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پائدار اور پر امن حل جتنا جلد نکالا جائے اتنا ہی یہ نہ صرف ہند وپاک کیلئے بلکہ پورے بر صغیر کیلئے بہتر ہوگا۔گلوبل اسلامک ریسرچ فورم نے جنوبی کشمیر بالخصوص شوپیاں شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے لوگوں میں خوف وہراس پیدا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو روکنا تب تک ناممکن ہے جب تک نہ مسئلہ کشمیر کا پرامن سیاسی حل نکالا جائے۔ انہوں نے ہند وپاک کو بات چیت شروع کرنے پر بھی زور دیا۔
پنچایت کانفرنس کا وفد گورنر سے ملاقی
پنچایتی انتخابات جلد از جلد منعقد کرنے کا مطالبہ
سرینگر// آل جموںاینڈ کشمیر پنچایت کانفرنس کا ایک اعلیٰ سطحی وفد چیرمین غلام الدین گلشن، جنرل سیکرٹری جی ایم صوفی کی قیادت میںجمعرات کو گورنر این این ووہر کے ساتھ ملاقی ہو۔ وفد نے گورنر این این ووہر پر زور دیا کہ وہ ریاست کے دور دراز علاقوں میں تعمیری ڈھانچے کو اُستوار کرنے کی خاطر پنچوں اور سرپنچوں کو وقت ضائع کئے بغیر اختیارات فراہم کریں تاکہ زمینی سطح پر جمہوریت کا نظام مضبوط ہوسکے۔ وفد نے اس موقعہ گورنر کو بتایا کہ ریاست کی 70سے 80فیصدی آبادی پنچایت کے ساتھ بالواسطہ یا بلاواسطہ طور جڑی ہوئی ہے اور ایک بااختیار پنچایتی نظام ہی لوگوں کی خدمات بہتر ڈھنگ سے انجام دے سکتا ہے۔ وفد نے جو مطالبات پیش کئے اُن میں پنچایتی انتخابات کو جلد از جلد منعقد کرنا، جے اینڈ کے پنچایتی ایکٹ 1989میں ترامیم کرنا تاکہ سرپنچوں کو بلاواسطہ منتخب کرکے بااختیار بنایا جائے اور ریاستی آئین کی 73ترمیم کا نفاذ شامل ہیں۔
کشمیر یوں کے ساتھ مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کریں
آسیہ اندرابی کی پاکستانی حکومت اور عوام سے تلقین
سرینگر //دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے حکومت پاکستان اور عوام سے اپیل کی ہے کہ 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر کو مثالی طور پر منائے اور دنیا کے لوگوں اور کشمیر کے عوام پر باور کریں کہ پاکستان اس مظلوم قوم کی پشت پر ہے اور جموں و کشمیر اسلامی مملکت پاکستان کا حصہ ہے۔ اس دن پاکستان کا ہر بوڑھا، بچا اور جوان سڑکوں پر آکر کشمیر کے عوام کو یہ باور کرے کہ وہ ان کی پشت پر ہے۔محض زبانی جمع خرچ اور قرار دادوں سے کچھ بھی حاصل نہ ہوگا پاکستان کو عملی طور پر دکھانا ہوگا کہ جموں و کشمیر اس کا حصہ ہے اور یہاں جاری جد و جہد مبنی بر صداقت ہے اور پاکستان اس کی تائید کرتا ہے۔اندرابی نے جموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پر امن مظاہروں کا انعقاد کریں تاکہ دنیا یہ جان سکے کہ ہم اتوار کو شوپیاں میں عملائے گئے قتل عام کے خلاف بر سر احتجاج ہیں اور بھارت کا ہٹ دھرم رویہ ہی یہاں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی عمل آوری میں مانع ہے۔ آسیہ اندرابی نے احتجاجی طلبہ و طالبات پر پولیس کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ 5 روز کے بعد تعلیمی ادارے کھلے اور ہم نے دیکھا کہ ہر یونیورسٹی ، کالج اور سکول سے طلبہ و طالبات نے شوپیاں قتل عام کے خلاف مظاہرے کئے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ حکومت پر امن مظاہروں کی بھی اجازت نہیں دیتی۔
حزب رہنما کی والدہ پاکستان میں فوت
صلاح الدین کا خراج عقیدت،قربانیوں کا مجسمہ قرار دیا
مظفر آباد//راوت پورہ کپواڑہ کے معروف حزب رہنما پیر بشیر احمد المعروف امتیاز عالم کی والدہ 5اپریل کی صبح برما ٹاﺅن اسلام آباد میں طویل علالت کے بعد انتقل کرگئیں۔ حز ب ترجمان سلیم ہا شمی کے مطابق مرحومہ شفیق و مہربان ،تہجد گذار اور انتہائی نیک سیرت خاتون تھیں۔ان کی پوری زندگی قربانیوں کی ایک تاریخ ہے ۔ان کا ایک بیٹا اور شریک حیات نوے کی دہائی میں ہی آزادی اور اسلام کی سربلندی کیلئے قربانیاں پیش کرچکے ہیں۔انکے آبائی گھر کو ان کی آنکھوں کے سامنے خاکستر کردیا گیا لیکن مرحومہ نے صبر و حوصلے کے ساتھ سب کچھ سہہ لیا اوراب مہاجرت کی حالت میں اپنی جان رب کے سپرد کردی ۔حزب سربراہ سید صلاح الدین نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ قربانیوں کا ایک عملی مجسمہ تھیں ۔پوری قوم کو ایسی ماﺅں اور بہنوں پر ناز ہے ۔انہوں نے مرحومہ کے حق میں بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔
غیر منظم سیکٹر سے وابستہ ملازمین کے مسائل پر غور
الطاف بخاری کی صدارت میں میٹنگ منعقد
جموں/ /خزانہ، تعلیم اور محنت و روزگار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے جے اینڈ کے سٹیٹ اَن آرگنائزڈ ورکرس سوشل سکیورٹی بورڈ کی پہلی میٹنگ کی صدارت کی اور غیر منظم سیکٹر سے تعلق رکھنے والے ورکروں کی بہبودی کے سلسلے میں کئی اقدامات پر غور و خوض کیا۔بورڈ ممبران جن میں ایم ایل اے الطاف احمد وانی، راجیو جسروٹیہ کے علاوہ ریاستی حکومت کے نمائندوں غیر منظم سیکٹر ورکروں اور معروف سو ل سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے اشخاص نے میٹنگ میں شرکت کی۔وزیر نے کہاکہ حکومت اس بورڈ کے ذریعے غیر منظم سیکٹر سے تعلق رکھنے والے ورکروں کو راحت پہنچانے کا عزم کئے ہوئے ہیں ۔انہوں نے ممبران سے کہا کہ باقاعدگی کے ساتھ ورکروں کی بہبودی اور ان کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں بھرپور کوششیں انجام دیں۔
رام بن میں عصمت ریزی واقعہ
نابالغ ملزم گرفتار ، عدالتی حکم پر جوانائیل ہوم آرایس پورہ منتقل
محمد تسکین
بانہال // قصبہ رام بن کے میترہ علاقے میں ایک کمسن بچی کے ساتھ عصمت ریزی کے بعد ملوث نابالغ نوجوان کو رام بن پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور اس سلسلے میں دفعہ 376 رنبیر پینل کوڈ کے تحت رام بن پولیس سٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے – پولیس نے یہ کاروائی چھ سالہ بچی کے والد محمد الیاس کی طرف سے رام بن پولیس کو دی گئی ایک تحریری شکایت کے بعد عمل میں لائی ہے جس میں معصوم بچی کے والد نے کہا ہے کہ آشیش کمار ولد پرہمو ساکنہ میترہ، رامبن نے بدھ کی سہ پہر اس وقت اس بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا جب یہ بچی دیگر مقامی بچیوں کے ساتھ میترہ میں کھیل رہی تھیں ۔ ڈی ایس پی ہیڈکواٹر رامبن توصیف ریشی نے کشمیر عظمی کو بتایا اس بچی کے والد محمد الیاس کی تحریری شکایت کے بعد میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ادہمپور میں لڑکی کی جانچ کی ہے جبکہ ملزم آشیش کمار ولد پرہمو ساکنہ میترہ کو گرفتار کرنے کے بعد رام بن کورٹ کے حکم پر رنبیر سنگھ پورہ ،جموں میں نابالغان کیلئے قائم جوینائیل سینٹر بھیج دیا ہے – انہوں نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کا ادہمپور میں میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے جانچ کی ہے اور اب اس بچی کو اپنے والدین کے سپرد کیا گیا ہے – انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس معاملے میں کیس نمبر 47/2018 زیر دفعہ 376 RPC درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔
نہتے عوام پر طاقت کا استعمال نسل کشی کا منصوبہ:سمجھی
شوپیان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا
سرینگر// حریت (گ) کے جنرل سیکریٹری حاجی غلام نبی سمجھی کی قیادت میں ایک وفد نے سوگن، شوپیان اور کچھ ڈورہ کا دورہ کرکے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔انہوںنے کہا ہے کہ فورسز نے نہتے لوگوں کو گھروں میں گھس کر مارا اور توڑ پھوڑ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد ٹھوکر کو گھر سے باہر نکال کرجاں بحق کیا گیا اور کئی گھروں کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کیا گیا،جو قابل مذمت ہے۔انہوں نے نہتے عوام پر طاقت کے استعمال کو کشمیریوں کی نسل کُشی کے بڑے منصوبے کا حصہ قرار دیا۔اِدھرحکیم عبدالرشید اور محمد یوسف نقاش پر مشتمل حریت کانفرنس کے ایک وفدنے اسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت کی۔