خان سوپوری رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار
سرینگر// پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کو عدالت کی جانب سے ضمانت پر رہائی کے احکامات کے باوجود دوبارہ گرفتار کر کے صدر تھانہ سوپور منتقل کیاگیا۔ لیگ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میںکہا ہے کہ تنظیم کے سربراہ غلام محمد خان سوپوری جو طویل عرصہ سے مقید ہیں، کوگذشتہ روز سوپور کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں انہیں عدالت میں ضمانت پر رہا کردیاگیا۔ البتہ عدالتی احکامات کے باوجود پولیس نے انہیں کورٹ کے احاطہ میں ہی فوری طور پھر سے گرفتار کرلیا اور انہیں صدر تھانہ سوپور منتقل کیا گیا۔ترجمان نے پولیس حکام کے رویہ پر شدید ردعمل اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اور دوسری طرف حکام ان کے بارے میں خاموش ہے اور کچھ کہنے سے انکار کررہے ہیں ،جس سے لازمی طور تشویش پیدا ہوئی ہے۔ ترجمان نے غلام محمد خان سوپوری کی پولیس حکام کے ہاتھوں دوبارہ گرفتاری کو لاقانونیت سے تعبیر کرتے ہوئے کہاہے کہ ریاست میں جمہوری عمل کے بلند بانگ دعووں کے باوجود محبوسین کے ساتھ غیر انسانی رویہ اختیار کیا جارہا ہے اور انہیں حبس بے جا میں رکھنے کیلئے غیر ضروری طور دائو پیچ چلائے جارہے ہیں۔
سبھی گزیٹیڈ سروس کو معیاد بند ترقیوں کے زمرے میں لایا جائے :قیوم وانی
سرینگر// ملازمین کے اتحاد ایجیک(ق) نے کشمیر ایڈمنسٹریٹو افسران کی معیاد بندترقیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے دیگر گزیٹیڈ سروس بشمول +2 لیکچراروں کی نظر انداز ی کو نا انصافی سے تعبیر کیا۔ ایجیک(ق) کے سربراہ عبدالقیوم وانی نے سرکار پر ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کے دوران دوہرے معیار اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے حکومت کے اس قدم کو بدقسمتی سے تعبیر کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ اس عمل کو ایجیک کسی بھی صورت میں قبول نہیں کرے گی۔ وانی نے کہا کہ تمام محکموں کے گزیٹیڈ افسران بشمول محکمہ تعلیم میں +2 لکچرار بھی معیاد بند ترقیوں کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم’’ کے ائے ایس افسران‘‘ کی معیاد بند ترقیوں کے خلاف نہیں ہیں،تاہم دیگر محکموں میں کام کر رہے گزیٹیڈ عملے کو نظر اندازکرنے سے ریاست میں کام کے ماحول پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ عبدالقیوم وانی نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ ریاست میں تمام گزیٹیڈ آفسران پر جاری گریڈ کا نفاذ عمل میں لایا جائے،وگر نہ ایجیک اس نا انصافی کے خلاف معاشرے کے اعلیٰ طبقے کے ساتھ سختی کے ساتھ بر سر پیکار ہوگی۔وانی نے کہا کہ ایجیک نے اس بات کا فیصلہ لیا ہے کہ یہ معاملہ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے ساتھ فوری طور پر اٹھایا جائے گا،جبکہ انہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور وزیر خزانہ سید الطاف بخاری سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں ذاتی طور پر مداخلت کریں،تاکہ یہ مسئلہ کسی بھی مخاصمت کے بغیر حل ہو۔
طلباءکا قتل ایک جنگی حربہ:تحریک حریت
تنظیمی وفود کی پلوامہ اور شوپیاں میںاہل خانہ سے تعزیت پرسی
سرینگر//تحریک حریت جموں کشمیر نے تنظیم کے چیرمین محمد اشرف صحرائی اور سینئر راہنما محمد اشرف لایا کی مسلسل گھروں میں نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان نظربندیوں کا کوئی جواز نہیں ہے یہ سراسر انتقام گیری ہے۔ اس دوران میں تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پر تنظیم کے لیڈروں بشیر احمد قریشی، سید ظہور الحق گیلانی ضلع پلوامہ اور شوپیان کے ذمہ دار پر مشتمل وفد نے دربگام اور ترکہ وانگام کے معرکے میں جاں بحق ہوئے دو طالب علموں شاہد احمد ڈار آری ہل پلوامہ اور عمر کمہار پنجورہ شوپیان، سمیر ٹائیگر دربگام اور عاقب احمد راجپورہ کے جاکر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی اور دونوں طالب علموں اورعسکریت پسندوں کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ معصوم اور ادھ کھلے پھول بھارتی فورسز کی بربریت اور جارحیت کے نتیجے میںجاں بحق ہوگئے۔ قریشی نے کہا کہ ظلم وجبر کی انتہا ہوگئی ہے اب ہمارے معصوم بچے بھی بھارتی فورسز کے نشانے پر ہیں اور طلباءکا قتل ایک جنگی حربہ ہے تاکہ قوم پر خوف ودہشت طاری ہو۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی میڈیا اور تبصرہ نگاروں کا ضمیر اس وقت کیوں مرجاتا ہے، جب معصوم طالب علموں کے سینوں کو بھارتی فورسز گولیوں سے چھلنی کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کیوں ان پر سانپ سونگھتا ہے جب 15سالہ نہتے بچوں کو قتل کیا جاتا ہے اور جب کوئی شر پسند بچوں کی گاڑی پر پتھر پھینکتا ہے تو بھارتی میڈیا کہرام مچاتا ہے اور پورے کشمیری قوم پر دہشت گردی کی لیبل لگاتا ہے۔اس دوران تحریک حریت لیڈروں بشیر احمد قریشی نے جامع مسجد آرہی ہل، ، محمد رفیق اویسی نے گوگجہ باغ، محمد یوسف مکرونے جامع مسجد آرونی، معراج الدین ربانی نے جامع مسجد پانتھہ چوک اور غلام محمد ہرہ نے جامع مسجد گلہ بُگ میں جمعہ اجتماعات سے خطابات کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کی قربانیاں اپنے آپ میں ایک تاریخ ہے اور قربانیوں کا اس تاریخ کو قائم ودائم رکھنے کے لیے قربانیوں کی حفاظت بھی ضروری ہے۔
پیلٹ کا استعمال کھلی دہشت گردی:مفتی اعظم
ریاست کے مفتی اعظم مولانا مفتی محمد بشیر الدین احمد نے جو کہ اتحاد ملت کے چیرمین اور مسلم پرسنل لاءبورڈ کے سربراہ بھی ہیںنے فورسز کے ہاتھوںکمسن طالب علم کی ہلاکت اور متعدد افراد کو زخمی کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں تعینات فورسزبڑی بے دردی کے ساتھ نہتے شہریوں کو اپنے تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔مفتی اعظم نے ترکہ وانگام شوپیاں میں نہتے مظاہرین پر فورسز کی جانب سے پیلٹ کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی سرکاری دہشت گردی قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیر میں تعینات فورسز خود کو حاصل غیر معمولی اختیار کا بڑی بے دردی کے ساتھ استعمال کرکے نہتے شہریوں کو اپنے تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔ مفتی اعظم نے کمسن طالب علم کی ہلاکت کو قتل نا حق اور کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی سے تعبیرکیاہے۔
عوام عدم تحفظ کا شکار:وکیل
سرینگر//جموں وکشمیر بچاﺅ تحریک کے صدر اور سابق وزیرعبدالغنی وکیل نے ریاست میں خاص کر وادی میں معصوم شہریوں کے قتل و غارت اور خون خرابہ بند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں ، یہاں تک کہ سکول بچوں کا قتل کرنا کونسی انسانیت اور انصاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو عوام قومی دھارے سے اس حد تک دور ہوسکتے ہیں کہ واپس آنا مشکل ہوگا جو ملکی مفاد کے منافی ہے۔ وکیل کل سرینگر میں پارٹی کارکنوں کی ایک میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پر زور دیا کہ وہ اپنی ہر محاز پر ناکامی کا اعتراف کرے اور اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائے کیونکہ ان کے راج میں عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
اننت ناگ اور کپواڑہ کے عازمین کےلئے تربیتی پروگرام
سرینگر// اننت ناگ ضلع کے عازمین حج کے لئے 5 مئی کو تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ ضلع کے عازمین زیر کور نمبر JKF-24-4-0سے کور نمبر JKF-8713-1-0 کو گورنمنٹ ڈگری کالج بوائز اننت ناگ میں تربیت دی جائے گی جبکہ کپواڑہ میں زیر کور نمبر JKF2-2سے کور نمبر JKF10072کے تحت آنے والے عازمین کو مرکزی جامع مسجد میں 6 مئی تربیت فراہم کرنا طے ہے ۔ اس طرح ضلع کے دیگر عازمین زیر کور نمبر JKF10076سے JKF14125-1تک کو 7 مئی کے روز اسی جگہ تربیت دی جائے گی۔دونوں اضلاع کے عازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت پر حج تربیتی پروگرام شامل ہوجائیں۔
ترال میں منعقد ہونے والا ٹیسٹ ملتوی
ترال//سید اعجاز/پروفشنل کوچنگ انسٹچوٹ ترال کی جانب سے موصولہ اطلاع کے مطابق ادارے کی جانب سے منعقد ہونے والالے پروفیشنل ٹیلنٹ انکوریجمنٹ ٹسٹ نا مسائد حالات کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔ اب یہ ٹیست 20مئی اتوار سی پی مشن سکول سیول لائز ترال میں لیا جائے گا۔مذید جانکاری کے لئے فون نمبرات 9858608010,7889846760پررابطہ قائم کیا جاسکتاہے۔
لالہ آرہ گامیؒ کے عرس پر انتظامات کی اپیل
سرینگر//عرس مبارک فقیر لالہ صاحب آرہ گامی ؒ(بانڈی پورہ)کے عرس کی تقریب اتوار 7مئی کو منائی جارہی ہے جس دوران قرآن خوانی، خطمات المعظامات اور محفل سما کا بھی انعقاد ہوگا۔این سی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے صدرِ ضلع میر غلام رسول ناز نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ سے اپیل کی کہ وہ حسب قدیم عرس کے سلسلے میں آستانِ عالیہ واقع آرہ گام چھٹی بانڈے میں زائرین کیلئے مناسب اور معقول انتظامات خصوصاً بجلی، پینے کے پانی ، صحت و صفائی اور ٹرانسپورٹ کا معقول انتظام کیا جائے۔
ڈبکولہ اوڑی 15 روز سے گھپ اندھرے میں،آبادی پریشان
ظفر اقبال
اوڑی //سرحدی قصبہ اوڑی میں گھرکوٹ نامی گاوں کے محلہ ڈبکولہ کا بجلی ٹرانسفارمر گزشتہ 15 روز قبل خراب ہو گیا ہے مگر محکمہ بجلی نے ابھی تک اسے مرمت کر کے دوبارہ واپس نہیں لایا جس کی وجہ سے آبادی گزشتہ 15 روز سے مکمل طور گھپ اندھرے میں ہے۔ علاقے کے ایک مقامی نوجون عرفان احمد بڈو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر 15 روز قبل بجلی ٹرنسفارمر خراب ہونے کے تین دن بعد محکمہ بجلی کے اہلکاروں نے خراب شدہ ٹرنسفارمر کو مرمت کرنے کے لیے بارمولہ ورک شاپ منتقل کیا تھا مگر ابھی تک واپس نہیں لایا گیا انہوں نے بتایا کہ ان کے علاقے میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عام آبادی کو پریشانیوں سے دوچارتوہونا ہی پڑا ہے اور طلبہ کی تعلیم بھی متاثر ہو کر رہ گئی ہے جبکہ موبائل فون بھی چارج نہ ہونے کی وجہ سے کھلونے بن کر رہ گئے ہیں۔
جوائنٹ کارڈنیشن کمیٹی آف پرایئویٹ سکول سے لا تعلقی کا اظہار
سرینگر //غیر معروف تنظیم جے اینڈ کے جوائنٹ کارڈنیشن کمیٹی آف پرایئویٹ سکول پر حملہ بولتے ہوئے کشمیر میں نجی سکولوں کے مالکان کی 2 بڑی تنظیموں نے کارڈنیشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن آف کشمیر ( پی ایس ائے کے ) اورجوائنٹ کمیٹی آف پرائیویٹ سکولز نے جمعہ کو ایک ایمرجنسی میٹنگ میں صورتحال کو بدقسمتی اور سنگین قرار دیا۔ پی ایس ائے کے صدر غلام نبی وار نے کہا ’’ہمیں اخبارات سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ تنظیم کا قیام عمل میں لیا گیا ہے اور دونوں پرانی تنظیموں کو اس میں شامل کیا گیا ہے مگر یہ سب ہماری رضامندی اور ہم سے پوچھے بغیر کیا گیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ہمں کچھ بھی نہیں پتہ ہے کہ تنظیم کب بنائی گئی اور اس میں کون شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ تنظیم اشتہارات کے ذریعے سیاست دانوں کو خوش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے مفاد خصوصی رکھنے والے لوگ تعلیم پلیٹ فارم کا استعمال اپنے حقیر مقاصد کو پورا کرنے کیلئے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیموں میں کبھی کوئی دوری نہیں تھی اور ہم کسی بھی صورت اور قیمت میں اتحاد کو برقر ار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم کا سیاسست سے کوئی بھی واستہ نہیں ہے اور یہ ہمیشہ سے ہی غیر سیاسی رہے گی اور ہمارا مقصد تعلیم اور بچوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔