سلیم شیشگر کمشنر سیکرٹری کلچر تعینات
سرینگر//حکومت نے سیکرٹری محکمہ تمدن محمد سلیم شیشگر کو کمشنر سیکرٹری محکمہ تمدن تعینات کیا ہے۔دریں اثنا ایک علحیدہ حکمنامے کے مطابق ممبر ، جے اینڈ کے سپیشل ٹریبونل ( جموں) بشارت سلیم کو تبدیل کر کے ڈائریکٹر آف سنس اوپریشنز ( ڈی سی او) ڈائریکٹر آف سٹیزن رجسٹریشن (ڈی سی آر)جموں اینڈ کشمیر تعینات کیا گیا۔
ریاست کی معاشی و سیاسی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے:نیشنل کانفرنس
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار کے وجود آنے سے ریاست کے تمام آئینی اور جمہوری اداروں کی اہمیت اور افادیت آہستہ آہستہ ختم کی جارہی ہے ۔ انتظامیہ مکمل طور پر مفلوج ہوچکی ہے اور لوگوں کا کوئی پُرسان حال نہیں۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی کے سینئر لیڈران ایڈوکیٹ عبدالرحیم راتھر ، محمد شفیع اوڑی اور چودھری محمد رمضان نے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں رہی سہی مالی خود مختاری کو بھی اس سازش کے تحت ختم کر دی گئی اورجی ایس ٹی لگا کر ریاست کو اپنی مالی خود مختاری سے محروم کر دیا گیا۔ ریاست کے سبھی طبقوںکو یکسر مسترد کر دیا گیا۔بیان کے مطابق ریاست کی نوجوان پود میں مایوسی پائی جارہی ہے کیونکہ انہیں پشت بہ دیوار کردیا گیا، ان کے حقوق چھین لئے گئے اور مذہبی آزادی پر بھی آنچ آرہی ہے ۔بیان کے مطابق ریاست میں فرقہ پرستی عروج پر بلکہ جموں میں فرقہ پرستوں کا راج ہے اور مسلمانان جموں کو ہر سطح پر ستایا جارہا ہے جو ناقابل قبول ہے ۔
مسرت عالم پیش عدالت
سرینگر// مسلم لیگ چیئرمین مسرت عالم بٹ کو کورٹ بلوال جیل جموں سے سرینگر لایا گیا جہاں انہیں نوہٹہ پولیس اسٹیشن کی طرف سے عائد کئے گئے ایف آئی آر کے تحت مذکورہ تھانہ نے کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے سامنے پیش کیا گیا۔جج موصوف نے دلائل سننے کے بعد اس کیس کی اگلی سنوائی2 / جون 2018ء کو رکھی جس کے ساتھ ہی مسرت عالم بٹ کو پولیس حصارمیں واپس کورٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا۔
نیشنل فرنٹ کا پروفیسر وحید کو برسی پر خراج عقیدت
سرینگر//نیشنل فرنٹ نے چندی لورہ کے پروفیسر وحید کی برسی پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا عہد دہرایا ہے کہ اُن کے مشن کی ہر حال میں حفاظت کی جائے گی ۔ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ مرحوم وہ ایک عظیم دانشور ،مفکر ،دیندار اور باصلاحیت شخص تھے جنہوں نے آرام دہ زندگی کے تمام امکانات کو لات مار کر قوم کی اجتماعی آزادی کی راہ میں ہر طرح کے مصائب جھیلے اور آخر کار اسی راہ میں اپنی جان بھی قربان کردی۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی روحوں کا مطالبہ ہے کہ ہم استقامت کا مظاہرہ کریں تاکہ بھارت کو سر زمین جموںکشمیر چھوڑنے پر مجبور کیاجاسکے جو صرف اپنی فوجی طاقت کے بل پراس خطہ ارض پر قابض ہے۔ ترجمان نے آئے دنوں پابندیاں عاید کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں یہی ثابت کرتی ہیں کہ بھارت کشمیریوں کے خلاف بر سر جنگ ہے ۔
اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے عملی اقدامات لازمی: انقلابی
سرینگر//جموں کشمیر قومی محاذِ آزادی کے سینئر رُکن اعظم انقلابی نے یروشلم میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی پر احتجاج کررہے فلسطینیوں کے قتل عام کرنے پر سخت برہمی کااظہار کیا ہے۔ اعظم انقلابی نے کہاکہ ’’ہم بھی محسوس کرتے ہیں کہ اسرائیل کی جارحیّت، جبر و استبداد اور ظلم و عدوان کے خلاف ملّی سطح پر کچھ عملی اقدامات کئے جائیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ملّت کے حساس مومنین کی ماتم داری اور گریہ وزاری مبارک سہی تاہم یہ عَزاداری کافی نہیں۔ مشرق کو مغربی دست بُرد سے محفوظ رکھنے کیلئے ایشیائی طاقتیں چین، پاکستان، روس، ترکی، ایران اور سعودی عربیہ نئی سٹریٹجک صف بندی کے بارے میں فکر و تدبیر کریں۔
گاندربل میں پٹواریوں کی ہڑتال جاری
گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل میںپٹواریوں اور گرداوروں کی ہڑتال نویں روز میں داخل ہوئی۔ ادھر پٹواریوں کی ہڑتال کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تحصیل دفتر گاندربل میں احتجاجی پٹواریوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کی تین سالوں سے زیر التوا پڑی مانگوں کو فوری طور پر پورا کیا جائے۔
نان گزیٹیڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن وفد ڈائریکٹر سکمزسے ملاقی
ملازمین کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
سرینگر//شیر کشمیر میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ سرینگر میں بہتر نظم ونسق اور طبی نگہداشت کی سہولیات میں بہتری لانے کیلئے ملازمین اور انتظامیہ کے آپسی تامیل کو کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے ڈائریکٹر سکمز پروفیسر عمر جاوید شاہ نے کہا ہے کہ انتظامیہ ملازمین کے تمام جائز مطالبات حل کرنے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نان گزیٹیڈ ملازمین کے گزشتہ کئی برسوں سے التواء میں پڑے مسائل جن میں جے ایس سی اور ایس ایس سی،ایس ایف سی قابل ذکر ہیں ،کو اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں ہی عمل میں لایا جائے گا۔ ان باتوں کا اظہار ڈائریکٹر سکمزنے نان گزیٹیڈ ایمپلائز ایسو سی ایشن کے ایک وفد جس کی قیادت ’نگوا‘ کے صدر اشتیاق بیگ کررہے تھے ، کے ساتھ ملاقات کے دوران کی۔ اس موقعہ پر وفود نے ملازمین کو درپیش مسائل پر مبنی ایک یاداشت ڈائریکٹر کو پیش کی۔ ملاقات کے دوران اشتیاق بیگ نے ڈائریکٹرکو طویل مدت سے التواء میں پڑے ملازمین کے مسائل سے جانکاری فراہم کی۔ڈائریکٹر نے وفد کے تمام مسائل و مطالبات تحمل کے ساتھ سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ملازمین کے تمام جائز مسائل اور مطالبات کو حل کرنے میںانتظامیہ تمام وسائل کو بروئے کار لایاجائیگا۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہاکہ دوسری جے ایس سی اور ایس ایس سی کا انعقاد بھی آئندہ ایک دو ماہ میں عمل میں لایا جائیگا۔ انہوں نے ملازمین سے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شیر کشمیرمیڈیکل انسٹی چیوٹ ایک قومی اثاثہ ہے اور اسے عوامی توقعات پرپورا اترنے کیلئے تند دہی اور لگن سے کام کرنے اشد ضرورت ہے۔ دریں اثناء انسٹی چیوٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر فردوس گری نے ملازمین کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ڈائریکٹر تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں اور مستقبل قریب میں تمام مطالبات پورا ہونگے۔
گاندربل میں آنگن واڑی ورکروں کا احتجاج
9ماہ سے واجب الادا تنخواہوں کی فراہمی کی مانگ
گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل میں آنگن واڑی کارکنوں نے مانگوں کو لیکر احتجاج کیا۔ قمریہ پارک میں سینکڑوں آنگن واڑی ورکر جمع ہوئیں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاجی ورکروں کاکہنا ہے کہ ان کی 9ماہ سے تنخواہیں واجب الادا ہیں اور ان میں اضافہ بھی کیاجائے۔ آنگن واڑی کارکنوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ "ہمیں بہت قلیل تنخواہ دی جاتی ہے جس میں سے مرکزی حکومت کی جانب سے 3 ہزار جبکہ ریاستی سرکار کی جانب سے 6 سو روپے دیا جاتا ہے کل ملاکر 3600 سو روپے دیئے جاتے ہیں آج اس مہنگائی کے دور میں ان روپیوں میں کیا ہوسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے 9 ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئی ہے جس کے سبب وہ سخت مشکلات کا سامنا کررہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عیدالفطر کے پیش نظر ان کی تنخواہوں کو واگذار کیا جائے۔
سرکاری ہسپتالوںمیں مفت ٹیسٹ کی سہولیات بہم رکھی جائیں: ڈاک
سرینگر //ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو ایم آر آئی ، سی ٹی اور پیٹ سکین سمیت دیگر تشخیصی ٹیسٹ مفت فراہم کئے جانے چاہئے ۔ڈاکٹر نثارلحسن نے کہا ’’مفت تشخیصی ٹیسٹ فراہم کرنے سے غریب مریضوں کو راحت نصیب ہوگی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ غریب مریض سرکاری اسپتال علاج و معالجہ ملنے کی غرص سے آتے ہیں مگر تشخیصی ٹیسٹوں کی زیادہ قیمتیں ہونے کی وجہ سے وہ سرکاری اسپتالوں سے نا اُمید لوٹتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں اعلیٰ سہولیات موجود ہونے کے بائوجود بھی غریب مریضوں کو مالی تنگی کی وجہ سے اس کا فائدہ نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی سائنس کی تمام ترقی تب تک بے کار ہے جب تک نہ غریب مریضوں کو اسکا فائدہ ملے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پیسہ صرف کرنے کی بات ہے تو مریضوں کیلئے نجی اور سرکاری اسپتال میں کوئی فرق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مریضو ں کو سی ٹی سکین کیلئے 3700روپے، اینجنیو گرافی کیلئے 4200روپے، ایم آر آئی اور ایم آر اینجیو گرافی کیلئے 3700روپے بطور فیس جمع کرنے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں میں کینسر بیماری کا پتہ لگانے کیلئے کئے جاننے والے پیٹ سکین پر 15ہزار روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قلب کے مریضوں میں بیماری کا پتہ لگانے کیلئے کی جاننے والی کارنری اینجیو گرافی کیلئے 5ہزار 500 روپے بطور فیس جمع کرنے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خون کے نمونوں کی تحقیق کیلئے سی بی سی ، کے ایف ٹی، ایل ایف ٹی، لپڈ پروفائل، پیشاب کی تحقیق اور ای سی جی، ایکو، یو ایس جی، اینڈوسکاپی کیلئے مریضوں سے بھی پیسے وصول کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حرکت قلب بند ہونے کی صورت میں مریض یا مریضہ کو 30ہزار روپے tenecteplase ٹیسٹ کیلئے ادا کرنے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں میں مالی تنگی کی وجہ سے ڈاکٹر انکو ایسی ادویات دیتے ہیں جس سے بیماریاں کافی کم ہوتی ہیں۔