حکومت سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی وعدہ بند:بشارت بخاری
مستحقین میں11 لاکھ روپے مالیت کے چیک تقسیم کئے
بارہمولہ//باغبانی، قانون و انصاف اور پارلیمانی امور کے وزیر سید بشارت بخاری نے کہا ہے کہ محنت کشوں اور دیگر ورکروں کو روز گار فراہم کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے کئی فلاحی سکیموں پر عمل درآمد جاری ہے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے آج یہاں محکمہ محنت کی جانب سے منعقدہ یک روزہ جانکاری و تقسیم کاری کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ناصر احمد نقاش، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اے جی ملک اور ضلع و سیکٹورل افسران کے علاوہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس موقعہ پر موجود تھی۔وزیر موصوف نے کہا کہ این آر ایل ایم، اڑان اور حمائت جیسی بہبودی سکیموں کا مقصد غریب عوام کو غریبی کی سطح سے اُوپر لانا ہے۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ زرعی اور دیگر سیکٹروں سے متعلق سکیموں سے استفادہ حاصل کریں۔محکمہ محنت کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ سماجی و اقتصادی طور کمزور طبقوں کی بہبودی کے لئے کئی سکیمیں چلارہا ہے اور لوگوں کو ان سکیموںکے بارے میں جانکاری بھی فراہم کررہا ہے۔اس موقعہ پر بشارت بخاری نے مہلک بیماری میں مبتلا مزدوروں اور مزدوری کے دوران موت کے شکار ہونے والوں کے کنبوں میں11 لاکھ روپے کی رقم کے چیک تقسیم کئے۔اسسٹنٹ لیبر کمشنر عاشق حُسین نے وزیر کو مطلع کیا کہ سال2017-18 کے دوران جے اینڈ کے بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن ورکرس ایکٹ کے تحت13 ہزار ورکروں میں8.97 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے۔بعد میں وزیر نے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا۔ان پروجیکٹوں میں5 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈبل لین سٹین برج ، ہائیگام۔ تارزو سڑک شامل ہیں۔انہوں نے متعلقہ ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ ان پروجیکٹوں پر جاری کام میں تیزی لائیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بھی اس دوران وزیر کے ہمراہ تھے۔
زلزلے کی افواہ سے مچی بھگڈر میں 58 طلبا زخمی
بہار شریف/ بہار میں نالندہ ضلع کے بہار شریف ریلوے اسٹیشن احاطہ میں کل دیر رات زلزلہ آنے کی افواہ سے بھگڈر مچ گئی جس میں 58 طلبا زخمی ہوگئے ۔ریلوے کے پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ کل بہار شریف کے مختلف امتحان مراکز پر انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی) کا امتحان تھا اور اسی سلسلے میں سوپول، مدھوبنی، مادھے پورہ، سہرسہ سے بڑی تعداد میں طلبا امتحان دینے آئے ہوئے تھے ۔ طلبا رات ہونے کے سبب ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں ہی سوگئے تھے ۔ تقریباً رات دو بجے اسٹیشن احاطے میں کچھ آوازیں سنائی دینے لگیں۔ جس سے طلبا کو زلزلہ آنے کا گمان ہوا اور وہ ادھر ادھر بھاگنے لگے ۔ بھگڈر کے اس واقعہ میں 58 طلبا زخمی ہوگئے ۔ذرائع نے بتایا کہ زخمی طلبا کو بہار شریف اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔یو این آئی
رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کا اظہار تعزیت
سرینگر//ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر و چیئرمین جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی مبارک گل ،چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون نے سیاسی و سماجی کارکن غلام الدین گلشن ساکنہ زوگیار بارہمولہ کے انتقال پر دکھ کااظہار کیا اور خواجہ محمد لطیف ساکنہ دھنی سیداں اوڑی کی وفات پر بھی دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی اور حاجی عبدالمجید خان ساکنہ نورکھاہ بونیار اوڑی کی وفات پر بھی دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے جملہ مرحومین کیلئے دعائیہ مغفرت کی اور جملہ سوگواران سے تعزیت کااظہار کیا۔
عاشق ادیب کے نعتیہ مجموعہ ’ارمغانِ مدینہ‘ کااجراء
سرینگر//معروف صوفی شاعر عاشق ادیب کی چھٹی کتاب کاامر گڈھ سوپور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اجر ا کیا گیا۔’’ارمغانِ مدینہ ‘‘ کے نام سے چھپی اس کتاب میں عاشق ادیب کی تقریباً سو سے زیادہ نعتیں ہیں۔اس تقریب میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی نامور شعراء اور مذہبی شخصیات نے شر کت کی۔ مشہور شاعر اور براڈکاسٹر ستیش ومل نے صدارت کے فرائض انجام دئے جبکہ ڈاکٹر محمد اشرف غازی ، ڈاکٹر غلام نبی حلیم اور بشیر چراغ بھی تقریب میں شریک تھے۔ میرواعظ شمالی کشمیر مولانا غلام حسن فردوسی نے کتاب پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ستیش ومل نے کشمیری لوگوں کے اس معطر نعتیہ مجموعہ کے تحفے کی تعریف کرتے ہوئے عاشق ادیب کو مبارکباد پیش کی۔
سپیکر کے ہاتھوں ’سفر زندگی کا‘ کتاب کی رسم رونمائی
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے آج یہاں پریس کلب میں راج کماری رازدان کی تحریر کردہ کتاب’’ سفر زندگی کا‘‘ کی رسم رونمائی انجام دی۔تقریب کا اہتمام بلیو روز پبلیشرز نے کیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے راج کماری رازدان کی ادبی کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے کیا کہ مصنفہ نے کتاب کو لکھ کر ایک اہم کارنامہ انجام دیا ہے۔ سپیکر نے مصنفہ کے خواتین کے تئیں جدو جہد پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر حوصلہ افزائی کی۔کتاب کا سر ورق ڈاکٹر رتن لال شانت نے تحریر کیا ہے اور ڈاکٹر اگنی شیکھر نے مصنفہ کی کوششوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔یوگیتا یادو نے کتاب پر اپنے تاثرات بیان کئے۔صدر پریس کلب جموں اشونی کمار، ادیب، شاعر ،مصنف، ماہر تعلیم اور معزز شخصیات اس موقعہ پر موجود تھیں۔
ڈاکٹر فار وق کا جان خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت
سرینگر //نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق ڈی آئی جی پولیس مرحوم خواجہ غلام رسول گپکار کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگواراں کے ساتھ حاجی محمد یوسف خان سابق چیئرمین جموں وکشمیر بنک جن کو مرحومہ والدہ نسبتی تھی کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ پارٹی کے کارگزار صدر عمر عبداللہ نے بھی سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کاا ظہار کیا ہے۔
پرائیویٹ سکول کارڈی نیشن کمیٹی ذوالفقار سے ملاقی
جموں//جموں اینڈ کشمیر پرائیویٹ سکولز کوارڈی نیشن کمیٹی کا ایک وفد وزیر تعلیم چوہدری ذوالفقار علی سے ملاقی ہوا اور انہیں نجی سکولوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفد کی قیادت صدر ڈاکٹر ہری دت ششو کر رہے تھے۔صدر نے وزیر کو سکولوں کے لئے ایک مشترکہ ریکوگنیشن آرڈر جاری کرنے، پرائیویٹ سکولوں کی ایفیلیشن، انسپکشنز کے عمل میں سدھار لانے، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے ری میڈیل کلاسز موسم گرام میں منعقد کرنے جیسے معاملات اُبھارے۔وزیر موصوف نے وفود کے مسائل بغور سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائیز مطالبات کو مرحلہ وار طریقے پر پورا کیا جائے گا۔
بھارت اپنے اعلانات میں سنجیدہ نہیں:محاذ آزادی
سرینگر// محازآزادی نے مذاکرات کے حوالے سے بھارتی حکمرانوں کے اعلانات کو وقت گزاری کے حربوں سے تعبیر کیا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق پارٹی کا ایک اجلاس سید الطاف اندرابی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں محمد یوسف کلو،محمد شفیع میر،جہانگیرسلیم،شفیق سوپوری،سیدہارون رشید اور فاروق احمدنے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تنظیم الطاف اندرابی نے کہا کہ بھارتی سیاستدانوں نے اقوام متحدہ سے لیکر بھارتی پارلیمان اور دیگر ایوانوں میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا مگر وقت گزارنے کے سوا کچھ نہیں ہوا۔انہوں نے کہ ایفائے عہد کے برعکس کشمیر میں گولیوں،لاٹھیوں اور قیدوبند کا سلسلہ جاری ہے۔
خلوص پر مبنی اقدامات ضروری:سالویشن مومنٹ
سرینگر// سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ظفر اکبر نے کہا کہ سبھی فریقین کو بامعنی اور خلوص پر مبنی اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے آزادی کا مطالبہ دہرایا جارہا ہے ۔انہوںنے بھارتی رہنمائوں پر زور دیا کہ ضد اور ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کرکے ریاستی عوام کو اپنے سیاسی مستقبل سے متعلق فیصلہ کرنے کا اپنا وعدہ پورا کرنا چاہئے ۔
شیعہ عالم دین شیخ مہدی حسین نجفی کی برسی
پیروان ولایت کے اہتمام سے خندہ میں تعزیتی تقریب
سرینگر//وادی کشمیر کے نامورشیعہ عالم دین مرحوم شیخ مہدی حسین نجفی کی برسی پر خندہ بڈگام میں ایک مجلس منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی ۔ مرحوم کو خراج پیش کرنے کیلئے سید انیس موسوی اور میر شبیر حسین نے کشمیری مرثیہ پڑھ کر سامعین کو مستفید کیا۔ مجلس کے اختتام پر پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے عقیدتمندوں کے بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم شیخ مہدی حسین نجفی ہمدانی کی دینی و سماجی خدمات کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا اور رمضان المبارک کی اہمیت ، افادیت اور فضیلت پر بھی روشنی ڈالی ۔مولانا قمی نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمنان اسلام نے دین اسلام کے خلاف کمر کس لیا ہے جو مسلکی اختلافات کو جنم دے کر عالم اسلام کو کمزور کرنے کی سر توڑ کوششیں کررہے ہیں لہذا امت اسلامیہ کو بھی چاہئے کہ دشمن کی ان سازشوں اور مذموم عزائم کے خلاف سینہ سپر ہوکر مقابلہ کریں۔مولانا قمی نے فلسطین اور کشمیر کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم سے اپیل کی بھارت اور اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں پر روک لگانے کیلئے اقدامات کریں۔