سرینگر// حریت (ع)،لبریشن فرنٹ ،جمعیت اہلحدیث ،تحریک مزاحمت، پیپلز لیگ،حریت (جے کے)،سالویشن مومنٹ ،ووئس آف وکٹمز،مسلم خواتین مرکز اور ڈیموکریٹک لبریشن پارٹی نے دس سالہ مشرف فیاض ولد فیاض احمد نجار ساکن شوپیاں کے جاں بحق ہونے پر انتہائی دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں چپے چپے پر فورسز کی موجودگی آئے روز نہتے لوگوں کی ہلاکت کا موجب بن رہی ہے ۔واضح رہے کہ کمسن مشرف فیاض تصادم آرائی میں زمین بوس ہوئے رہائشی مکان کا ملبہ ہٹانے کے دوران ایک دھماکے میں زخمی ہوا تھا۔ حریت (ع) ترجمان نے کمسن مشرف فیاض کی ہلاکت پر انتہائی دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہندوستان طاقت اور قوت کے بل پر کشمیریوں کی جائز آواز کو دبانے کیلئے ہرکوئی غیر انسانی اور غیر اخلاقی حربہ بروئے کار لارہی ہے۔ ترجمان نے معصوم مشرف کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہلاکت پوری قوم کیلئے انتہائی صدمے اور دکھ کا باعث ہے اور اس طرح کی بلا جواز ہلاکتوں کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ کشمیر سے نہ صرف فورسز کا انخلاء عمل میں لایا جائے بلکہ انہیں جو حاصل بے پناہ اختیارات ہیں جن کے بل پر وہ کسی بھی نہتے شہری کو گولی کا نشانہ بنا سکتے ہیں اُن کو واپس لیا جائے اور دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حق خودارادیت کی بنیاد پر حل کرنے کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کئے جائیں۔ترجمان نے چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی لگاتار نظر بندی کوریاستی حکمرانوں کی انتقام گیرانہ پالیسی سے تعبیر کیا ہے۔لبریشن فرنٹ نے رئیس احمد گنائی اور مشرف فیاض ساکنانان شوپیان کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس قتل عام کیلئے جہاں بھارتی فوج اور فورسز ذمہ دار ہیں وہیں پرہند نواز سیاست کار اور اسمبلی ممبرا ن برابر ملوث ہیں کیونکہ اِن اہلکاروں کو یہی لوگ قانونی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔پارٹی کے زونل صدر نور محمد کلوال نے کہا کہ قانون مکافات ِ عمل کے تحت قاتلوں اور انکے مددگاروں کو ایک نہ ایک دن اپنے ان جرائم کا ضرور حساب دینا پڑے گا اور یہ ظلم و جبر کسی بھی صورت میں تحریک کو ختم یا کمزور نہیں کرپائے گا۔جمعیت اہلحدیث نے کہا ہے کہ قتل و غارت گری کے اس نہ تھمنے والے سلسلہ نے زبردست کرب و اضطراب کے ماحول کو جنم دیا ہے اور اب ہر شخص اپنے کو انتہائی غیر محفوظ تصور کرتے ہوئے انسانی جانوں کے اس اتلاف پر اقوام عالم کی پُر اسرارخاموشی کو بھی تشویش کی نگاہوں سے دیکھتا ہے ۔ بیان کے مطابق کسی قوم کے نوجوان ہی اس کا اصل سرمایا ہواکرتے ہیں اور آئے روز کی یہ نسل کشی ثابت کرتی ہے کہ یہ واقعات ایک منصوبہ بند عمل کا حصہ ہیں ۔ بیان میں کریم آباد پلوامہ میں فورسز کی جانب سے ہی پیر و جوان کو نشانہ بنانے پر زبردست برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اِن کاروائیوں کو فوری طور بند کرنے کی اپیل کی گئی ۔تحریک مزاحمت کے ترجمان شبیر احمد زرگر نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے ہاتھوں ہمارے نوجوانوں اور بچوں کا یہ بہیمانہ قتل عام ناقابل فراموش سانحات میں ایک اور کا اضافہ ہے جس سے یقینی طور پر ہمارے قلب و جگر زخمی ہیں لیکن ہماری یہ قومی و ملی ذمہ داری بنتی ہے کہ ان مظالم کو یاد رکھیں اور ان عظیم الشان قربانیوں کی ہر حال میں قدر کریں۔دریں اثناء شبیر احمد زرگر نے متحدہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے شوپیان چلوکال کے پیش نظر تنظیم کے سربراہ بلال احمد صدیقی کی گرفتاری کی مذمت کی ۔ پیپلز لیگ نے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔بیان کے مطابق لیگ کے رہنما عبد الرشید ڈار کی قیادت میں ایک وفد شو پیان گیا جہاں انہوں نے رئیس احمد اور کمسن مشرف فیاض کے گھر جاکر غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔حریت (جے کے) کے کنوینر شبیر احمد ڈار نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیر میں فوج کو قتل و غارت گری کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور اس قتل و غارت گری کو الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے جواز بخشا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا خاصکر الیکٹرانک میڈیا نے در اصل کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے رئیس احمد اور معصوم مشرف فیاض کے دم توڑنے پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔بیان میں ظفر اکبر نے اس سانحہ میں ملوث اہلکاروںکی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔اس دوران تنظیم کے ایک وفدنے مشرف فیاض کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ووئس آف وکٹمزکے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے معصوم مشرف کی ہلاکت کو عالمی اداروں کیلئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمسن مشرف کی ہلاکت نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے دل چھلنی کردئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آخر انسانی حقوق کے عالمی ادارے کب تک یہ خاموشی اختیار کریں گے ۔انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل ،یونیسف اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وادی میں ہلاکتوں کے اس جاری سلسلے پر قابو پانے کیلئے مداخلت کریں۔ مسلم خواتین مرکز کے ایک وفد نے آرم پورہ جاکر رئیس احمد کے لواحقین سے تعزیت کی۔وفد میں یاسمین راجہ اور حریت( گ) لیڈر دیوندر سنگھ بھی شامل تھے۔اس موقعہ پر یاسمین راجہ نے تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورسزکے طرز عمل سے انسانیت کا دل کانپ اٹھا ہے ۔ وفد نے مشرف کے اہل خانہ کے ساتھ بھی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ ڈیمو کریٹک لبریشن پارٹی کے چیرمین ہاشم قریشی نے کہا ہے کہ شو پیان میں بے گناہ نو جوانوں کو انصاف دلا نے کے لئے اگر چہ فوج کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا لیکن ملوث اہلکاروں کو بچانے کے لئے نئے نئے حربے اور بہانے تراشے جارہے ہیںجبکہ سچ تو یہ ہے کہ پچھلے 28 سالوں میں ہزاروں بے گناہوں کو فوج نے قتل کیا اور تحقیقاتی کمیٹیاں بنائی گئیںلیکن تمام کو ششیں لا حاصل ثابت ہوئیں۔
خونین کھیل فوری طور پر بندکیا جائے: ترجمان
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے شوپیاں میں 25جنوری کو تصادم آرائی میں زمین بوس ہوئے رہائشی مکان کا ملبہ ہٹانے کے دوران ایک دھماکے میں زخمی ہوئے 10سالہ معصوم مشرف فیاض کے جاں بحق ہونے پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے والدین کیساتھ دلی تعزیت کی ہے۔ پارٹی ترجمان جنید عظیم متو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انتظامیہ اور فورسز کی غیرذمہ داری کی وجہ سے ایک اور معصوم زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھا اور اپنے والدین کو عمر بھر کیلئے ایک ایسا گہرا زخم دے گیا جس پر کوئی بھی مرہم کارگر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تصادم آرائی کے بعد انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کی یہ ذمہ داری بنتی تھی کہ جب تک نہ تمام زندہ بارود کو ہٹایا جاتا تب تک کسی بھی عام شہری کو جائے وقوع پر جانے کی اجازت نہیں دی جاتی لیکن کئی بار ایسے واقعات رونما ہونے کے باوجو دبھی کوئی سبق حاصل نہیں کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیر میں یہ خونین کھیل فوری طور پر بند ہونا چاہئے اور تمام متعلقین کو مذاکرات اور افہام و تفہیم کی راہ اختیار کرنی چاہئے۔ پارٹی لیڈران شیخ محمد رفیع، شوکت حسین گنائی اور نثار احمد نثار نے سوگورکنبے سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔