عظمیٰ نیوز سروس
جموں//سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم ( ایچ ایم ای ) ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے مریضوں کیلئے دستیاب طبی دیکھ بھال کی سہولیات کا جائیزہ لینے کیلئے ہسپتال کے تمام وارڈز کا جامع چکر لگایا ۔ اس موقع پر سیکرٹری موصوف نے جی ایم سی اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتالوں کی انتظامیہ کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں جی ایم سی کے بڑے منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے موصوف نے زور دیا کہ اس مقصد کو یقینی بنایا جائے کہ طبی سہولیات اعلیٰ ترین معیار پر پوری اتریں اور ہم کمیونٹی کو صحت کی موثر خدمات فراہم کرنے کے قابل ہوں ۔ انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ ہسپتال میں طبی خدمات کے معیار کو بڑھانے کیلئے خود کو مصروف رکھیں ۔ انہوں نے طبی پیشہ ور افراد پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے بہتر علاج و معالجے کیلئے اپنے آپ کو ہمیشہ وقف رکھیں ۔ انہوں نے مریضوں کے ساتھ ساتھ حاضرین سے بھی بات چیت کی اور ان سے وہاں فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کے بارے میں تفصیلی رائے لی ۔ سیکرٹری نے دورے کے دوران جی ایم سی میں جن اشودی مرکز کا بھی معائینہ کیا اور وہاں ادویات کی دستیابی کا جائیزہ لیا ۔ بعد ازاں سیکرٹری نے جی ایم سی جموں کے گرلز ہوسٹل کا بھی دورہ کیا اور وہاں طالبات کیلئے سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ قبل ازیں ڈاکٹر عابد نے جی ایم سی اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتالوں کی انتظامیہ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں جی ایم سی کے بڑے منصوبوں پر جاری کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں پرنسپل جی ایم سی ، چیف انجینئر پی ڈبلیوڈی جموں ، جی ایم سی کے مختلف شعبوں کے ایچ او ڈیز ، جی ایم سی اور اس سے وابستہ اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹس ، تمام ونگز کے ایگزیکٹو انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عابد نے کہا کہ یہ پراجیکٹس صحت کی دیکھ بھال کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ جوش اور جذبے کے ساتھ کام کریں تا کہ جی ایم سی جموں یو ٹی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا ادارہ بن کر ابھرے ۔ انہوں نے جی ایم سی اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتالوں کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ تمام ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ طبی پیشہ ور افراد کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور ٹیم ورک کو برقرار رکھیں تا کہ عوام کو مطلوبہ اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔