عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی //مرکزی کابینہ نے کل24634 کروڑ روپے کے 4 اہم ریل منصوبوں کو منظوری دے دی۔ یہ منظوری وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کابینہ کی ہوئی میٹنگ کے دوران ملی۔ جن ریل منصوبوں کو منظوری ملی ہے، ان میں مہاراشٹر میں 314 کلومیٹر طویل وردھا-بھوساوَل ڈویڑن، مہاراشٹر و چھتیس گڑھ میں پھیلا 84 کلومیٹر طویل گوندیا-ڈونگر گڑھ ڈویڑن، گجرات و مدھیہ پردیش کو احاطہ کرنے والا 259 کلومیٹر طویل وڈودرا-رتلام کوریڈور اور مدھیہ پردیش میں 237 کلومیٹر طویل اٹارسی-بھوپال-بینا ڈویڑن شامل ہیں۔ مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، گجرات اور چھتیس گڑھ ریاستوں کے 18 ضلعوں کو احاطہ کرنے والے 4 منصوبوں سے انڈین ریل کے موجودہ نیٹورک میں تقریباً 894 کلومیٹر کا اضافہ ہوگا۔ منظور شدہ ملٹی ٹریکنگ پروجیکٹ سے تقریباً 3633 گاوں، جن کی آبادی تقریباً 85.84 لاکھ ہے، اور 2 اضلاع ودیشا و راج نندگاوں تک رابطہ بڑھے گا۔ بڑھی ہوئی لائنوں کی صلاحیت سے تیز رفتاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، جس کے نتیجہ کار انڈین ریل کی آپریشنل صلاحیت اور خدمات میں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔ یہ ملٹی ٹریکنگ تجویز بہتر انتظامات کرنے اور بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔