سرینگر//مرکزی حکومت کے جموں کشمیر سے متعلق تمام اقدامات کا مقصد یہاں کے عوام کو پشت بہ دیوارکرنے کے سواکچھ نہیں ہے۔ان باتوں کااظہار نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ایک بیان کے مطابق اس موقعہ پرپارٹی لیڈروں اور عہدیداروں نے اپنے علاقوں میں جاری پارٹی ممبرشپ مہم،سیاسی سرگرمیوں، پارٹی امورخصوصاً لوگوں کودرپیش گوناگوں مشکلات، تباہ کن معاشی بدحالی، ریکارڈ توڑ بے روزگاری اور ہوشربا مہنگائی جیسے معاملات اُجاگر کئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے عوام پر مہنگائی اور ٹیکسوں کی صورت میں بڑھائے جارہے اضافی بوجھ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام مسلسل لاک ڈائون اور کساد بازاری سے پہلے ہی بدترین اقتصادی بدحالی کا شکار ہوگئے ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ،بجلی فیس، واٹر ٹیکس اور دیگر ٹیکس عائد کرکے عوام پر مزید بوجھ ڈالا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اب پراپرٹی ٹیکس عائد کرنے کی کوششیں کررہی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ ساگر نے کہا کہ ایسے اقدام صرف اور صرف عوام کُش ہیں جن کا مقصد کشمیریوں کو مزید پشت بہ دیوار کرنا اور اندھیروں میں دھکیلنا ہے۔