سمیت بھارگو
راجوری//نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت حکومت ہند کی طرف سے منظور شدہ 4.70کروڑ مالیت کے ایک پروجیکٹ کے تحت، بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں فیفا کے معیاری فٹ بال میدان قائم کیا گیا ہے۔فیفا کی ایک ٹیم نے 13 مارچ کو ضروری جانچ کیلئے میدان کا دورہ کیا ہے۔یہ میدان یونیورسٹی کے انتہائی مغربی میں قائم کیا گیا ہے اور یہ جگہ تین اطراف سے دیودار کے خوبصورت جنگل سے گھری ہوئی ہے اور غروب آفتاب کے وقت یہ زیادہ خوبصورت نظر آتا ہے۔2015 میں ہندوستانی فوج کی رومیو فورس نے آپریشن سدبھاونا کے تحت یونیورسٹی میں انٹرا یونیورسٹی سطح کا فٹ بال گراؤنڈ بنانے کا اقدام اٹھایا جس کے بعد پہاڑی چٹانوں کو ہٹایا گیااور فٹ بال گراؤنڈ بنایا گیا ۔اس پروجیکٹ کو انجام دینے والی ایجنسی کے نمائندے کیپٹن انوبھو کوچر نے کہا کہ اس آسٹرو ٹرف پر مبنی فٹ بال فیلڈ کے قیام کا کام گزشتہ چھ ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری تھا جس میں فیلڈ کوتیار کیا گیا تھا جس کے بعد دیگر مطلوبہ ڈھانچہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا ’’ہم نے ترکی اوریورپ سے ٹرف منگوایا جو یہاں بچھایا گیا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعلیٰ معیار کا فٹ بال میدان ہے۔بی جی ایس بی یونیورسٹی فیفا فٹ بال فیلڈ کے نام سے موسوم کیپٹن کوچر نے کہا’’ یہ ایک پروجیکٹ کے تحت قائم کیا گیا ہے جس کی مالیت 4.70 کروڑ ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ہمارے پاس اس فٹ بال کے میدان میں فیفا معیار کے مطابق سہولیات ہیں ‘‘۔ کیپٹن انوبھو کوچر نے مزید کہا’’فیفا کی ایک ٹیم نے 13 مارچ کو میدان کا دورہ کیا اور نمونے اکٹھے کرنے کے علاوہ ضروری معائنہ کیا۔معائنہ ٹیم کی رپورٹ کا انتظار ہے لیکن ہمیں پورا یقین ہے کہ رپورٹ مثبت ہوگا جس کے بعد ہم کھیلوں میں استعمال کیلئے جموں کشمیر اسپورٹس کونسل کے ذریعے BGSB یونیورسٹی کے حوالے کر دیں گے۔