سرینگر/ مرکزی حکومت نے جمعہ کو لوک سبھا میں کہا کہ جموں کشمیر میں صدر راج کا قیام ایک مجبوری تھی کیونکہ کسی بھی پارٹی یا اتحادنے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش نہیں کیا تھا۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست کے اندر اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کیلئے تیار ہے۔
جموں کشمیر میں صدر راج کے نفاذ سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ان دعوئوں کو مسترد کیا کہ بھاجپا جموں کشمیر میں ایک مخصوص علاقائی پارٹی کی حمایت کررہی ہے۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق اُنہوں نے کہا کہ اگر بھاجپا ممبران اسمبلی کی خرید و فروخت کے ذریعے حکومت بنانا چاہتی تو ایسا گورنر راج کے چھ ماہ میں کیا گیا ہوتا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اُس وقت کے گورنر این این ووہرا نے ماہ جون میں ہی اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ کسی بھی پارٹی نے حکومت سازی کا ارادہ پیش نہیں کیا ہے۔
راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ مرکزی سرکار جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کیلئے تیار ہے تاہم اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو ہی لینا ہے۔
انہوں نے کہا'' ہم جمہوری عمل کیلئے وعدہ بند ہیں''۔