سرینگر//کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ قلم دوات والوں کا سرنڈ رجنوبی کشمیر کے عوام کو کافی مہنگا پڑا جس کے نتیجے میں یہاں خون کی ندیاں بہا دی گئیں۔کولگام کے منزگام، نادی مرگ اور کولگام میں کئی عوامی میٹنگوں سے خطاب کرکے انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کانگریس پارٹی ریاست میں استحصالی سیاست، کرپشن اور اقربا پروری کو جڑ سے ختم کرے گی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اننت ناگ کے لوگوں نے ووٹنگ عمل کے پہلے مرحلے کے دوران موقعہ پرست سیاست دانوں کو کلی طور پر رد کردیا اور کولگام، شوپیان اور پلوامہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بھی اننت ناگ کے عوام کے نقش قدم پر چلیں۔انہوں نے کولگام میں عوام پر زور دیا کہ وہ جذباتی بلیک میلنگ اور سیاسی استحصال کا خاتمہ کرکے کانگریس کو اپنا ووٹ دیں تاکہ ریاست میں فرقہ پرست سیاست کو جڑ سے اکھاڑا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی پی نے ووٹ حاصل کرکے ریاست میں بالعموم اور جنوبی کشمیر میں بالخصوص تباہی کا لامتناہی سلسلہ شروع کیا۔ پی ڈی پی کے دور اقتدار میں جنوبی کشمیر میں خون کی ندیاں بہادی گئیں ، نوجوانوں کا قتل عام روز کا معمول بن گیا، معصوم بچوں پر ٹیر گیس شلنگ اور پیلٹ فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا اور معصوم نوجوانوں کو بے تحاشہ بے بنیاد کیسوں میں ملوث دکھا کر گرفتار کیا گیا جس کے نتیجے میں جنوبی کشمیر کے عوام میں اجنبیت اور احساس بیگانگی کا ماحول مزید گہرا ہوتا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی پی نے جنوبی کشمیر کے عوام سے ووٹ حاصل کرکے بی جے پی اور آر ایس ایس جیسی فرقہ پرست سیاسی جماعتوں کے آگے سرنڈر کرکے ریاست کو تاریک دور سے گزارا۔ لوگوں نے پی ڈی پی کو ایک خاص غرض کے لیے اپنا قیمتی ووٹ دیا تھا لیکن عوام کے اعتماد کو پی ڈی پی نے ٹھیس پہنچاکر اقتدار کے حصول کی خاطر فرقہ پرست اور کشمیر دشمن جماعت کے ساتھ اتحاد کرنے پر مجبور کردیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ریاست کی سالمیت، خصوصی شناخت اور تینوں خطوں کے لوگوں کی یکساں ترقی کی ضامن ہے۔انہوںنے بتایا کہ کانگریس پارٹی اس بات کے لیے وعدہ بند ہے کہ وہ ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریگی اور بی جے پی اور آر ایس ایس جیسی فرقہ پرست جماتوں کو خصوصی پوزیشن کو زک پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی۔