زاہدبشیر
سنگلدان// مدرسہ جامعہ تعلیم القرآن سنگلدان میں ایک روح پرور اور پْروقار دستاربندی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چار خوش نصیب طلبہ نے قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر نہ صرف والدین و سرپرستوں کی خوشی دیدنی تھی بلکہ پورے علاقے میں خوشی و مسرت کی فضا قائم ہوگئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی حضرت مولانا مفتی محمد ایوب اور مولانا نذیر احمد قاسمی تھے۔ اپنے خطابات میںمہمانوں نے کہا کہ قرآن مجید کو حفظ کرنا دنیا و آخرت کی سب سے بڑی سعادت ہے، اور ایسے طلبہ کے والدین حقیقی طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے حفاظ کو اس نعمت پر شکر ادا کرنے اور قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا رہنے کی تلقین کی۔اس پْروقار اجتماع میں مقامی علمائے کرام، علاقہ بھر کے دینی حلقوں اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں دینی مدارس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے معاشرے کو قرآنی تعلیمات اور اسلامی اقدار سے روشناس کرانے کا ذریعہ ہیں۔جن خوش نصیب حفاظ کرام کو اس موقع پر دستار فضیلت سے نوازا گیاان میں مزمل احمد پاچھو ولد غلام قادر پاچھو، محمد عرفان کمہار ولد محمد رفیق کمہار، سجاد احمد ولد لال محمد، شہزاد احمد بٹ ولد لیاقت حسین شامل ہیں ۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا۔ نمازِ جمعہ سے قبل ہی حفاظ کرام کو دستارِ فضیلت سے نوازا گیا ۔