عظمیٰ نیوز سروس
تھنہ منڈی//ضلع راجوری کی معتبر دینی درسگاہ مدرسہ التوحید جامع مسجد تھنہ منڈی راجوری کے زیرِ اہتمام سالانہ انعامی مسابقہ نہایت عمدگی، نظم و ضبط اور بھرپور عوامی تعاون کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں مختلف علاقوں کے نمائندوں، والدین و سرپرستان، اساتذہ و آفیسران، معزز عوام اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا جس کے بعد طلباء نے تقریری مقابلوں، مکالمہ جات، قرت، نعت خوانی اور دینی معلومات کے مختلف مسابقات میں حصہ لیا، شرکاء نے طلباء کی علمی و فکری صلاحیتوں اور ان کی پْراعتماد کارکردگی کو بے حد سراہا، دوران تقریب مقررین نے سالانہ مسابقے کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسے علمی مقابلے طلبہ میں خود اعتمادی، ذہنی پختگی اور صلاحیتوں کو نکھارنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے دور میں نئی نسل کی فکری تربیت، دینی شعور اور علمی بیداری کے لئے یہ مدرسہ التوحید کی یہ مبارک کوششیں وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، عوام کی ذہن سازی کے ضمن میں یہ بات اجاگر کی گئی کہ والدین اور مقامی آبادی کی جانب سے غیر معمولی تعاون اس امر کی علامت ہے کہ معاشرہ علمی و دینی سرگرمیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، انتظامیہ نے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نہ صرف طلبہ کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہیں بلکہ پورے معاشرے میں مثبت تعلیمی فضاء قائم کرتے ہیں لہذا آنے والے دنوں میں مزید پروگرام ہونے والے ہیں ان میں عوام کی شرکت بہت ضروری ہے، مدرسے کے شعبہ جات میں انجمن بزمِ حسان و انجمن احیاء السنہ کے قیام کے بنیادی مقاصد بیان کرتے ہوئے مہتمم جامعہ مفتی عبدالرحیم ضیائی قاسم نے کہا کہ یہ مسابقات نئی نسل کے بچوں کو قرآن و سنت سے جوڑنے طلباء کے اخلاق و کردار کو سنوارنے اور ان کے اندر علمی ذوق و شوق کو پروان چڑھانے کے لئے منعقد کئے جاتے ہیں تاکہ ملک و ملت کا ہر فن و شعبے کے ماہر و باصلاحیت نوجوان میسر ہوں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حسب معمول مستقبل میں بھی اسی جذبے اور خلوص کے ساتھ علمی و دینی خدمات جاری رکھے گے، تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اسناد و انعامات سے نوازا گیا، معززینِ علاقہ نے مدرسے کی انتظامیہ کی بہترین کوششوں اور پروگرام کے کامیاب انعقاد کو سراہا، اخیر میں بزرگ عالم دین حضرت مولانا مفتی منیر حسین قاسمی کی رقت انگیز دعاء پر مجلس کا اختتام ہوا.