عظمیٰ نیوزسروس+اشرف چراغ+عارف بلوچ+مشتاق الحسن
سرینگر+اننت ناگ+ٹنگمرگ+بڈگام//وادی میں سڑک کے ایک اور دیگر کئی حادثات میں پانچ لوگوں کی موت واقع ہوئی۔ کنزر ٹنگمرگ میں ایک شہری اونچائی سے گرجانے کے بعد موت کی آغوش میں چلاگیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق 40 سالہ محمد عبداللہ بٹ ولد حبیب اللہ بٹ ساکنہ نہلہ علاقے میں اونچائی سے گر گیا جس کے بعد وہ بے ہوش گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ شہری کو بے ہوشی کی حالت میں فوری طور پر جے وی سی ہسپتال بمنہ لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ ادھر بڈگام ضلع میں اچھہ گام کے ہوشوناگ باگر پورہ علاقے میں اپنے گھر میں نہاتے ہوئے ایک 21 سالہ نوجوان بجلی کا جھٹکا لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ واقعہ قرب و جوار میں ایک ایل ٹی بجلی ترسیلی لائن گرنے کی وجہ سے پیش آیا۔جس کے بعد نوجوان جس کی شناخت ذیشان احمد کے بطور ہوئی موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔ ادھر کپواڑہ ضلع سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان منگل کو سرینگر کے نورباغ کالونی علاقے میں مردہ پایا گیا۔ وسیم احمد ساکنہ تمپورہ ہندواڑہ نامی نوجوان نورباغ سرینگرکے علاقے میںبسم اللہ کالونی میں اپنے کرائے کی رہائش گاہ پر بے ہوش پایا گیا۔ اُسے فوری طور پر ایس ایم ایچ ایس اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔دریں اثنا، پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔کنزرنالہ ٹنگمرگ میں ایک مزدور باجری کی کان میں دب کرہلاک ہوگیا۔محمد عبداللہ بٹ ولد مرحوم حبیب اللہ بٹ ساکنہ گونی پورہ کنزر جو پیشے سے مزدور تھا، اسوقت لقمہ اجل بن گیا جب وہ کنزرنالے میں باجری نکال رہا تھا کہ اس دوران باجری کی کان اچانک اس پر گر آئی اور وہ اس کے نیچے دب گیا ۔اس دوران وہاں کام کررہے دیگر مزدوروں نے پولیس کو اطلاع دی۔ کنزر پولیس نے اطلاع ملتے ہی وہاں موجود مزدوروں اور عام لوگوں کے تعاون سے بچائو کارروائی شروع کرکے محمد عبداللہ بٹ کو شدید زخمی حالت میں برآمد کرکے کنزرہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔دہرنہ اننت ناگ میں سوموار شام کو تیز رفتار سکوٹی زیر نمبر JK03N-8508 اور تویرا گاڑی زیر نمبر JK03F -0534 کے بیچ زور دار ٹکر ہوئی، جس کے باعث سکوٹی سوار جنید قادر بٹ ولد عبدالقادر بٹ ساکنہ نس بدرا گنڈ نامی نوجوان شدید طور پر زخمی ہوا ۔ اُ سے فوری طور پر علاج کیلئے ہسپتال میں داخل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔پولیس نے تویرا گاڑی کو تحویل میں لے کر گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لیا اورمعاملہ کی نسبت کیس زیر نمبر 63/2025 پولیس اسٹیشن ڈورو میں درج کیا۔