عظمیٰ نیوزسروس
بارہمولہ+سرینگر//وادی میں الگ الگ حادثات میں 11طالبعلموں سمیت13افراد زخمی ہوگئے۔ بارہمولہ میں سڑک کے حادثے میں 11اسکولی بچے زخمی ہو گئے ۔ آرمی گڈوِل سکول بارہمولہ کی جانب سے بچوں کو لے جانے کیلئے ایک منی بس کرایہ پر لی گئی تھی اور وہ اس وقت حادثے کا شکار ہوئی، جب اجرو پہلی پورہ کے نزدیک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی اور حادثے کاشکار ہوئی ۔ حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 11بچے زخمی ہو گئے جن کو علاج کیلئے میڈیکل کالج بارہمولہ منتقل کیا گیا ۔حکام کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے۔ پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ادھر سرینگر کے سید حمید پورہ نواب بازار میں مکان کی بالائی منزل سے گرجانے کے بعد دو افراد کے سر میں شدید چوٹیں آئیں۔عینی شاہدین نے بتایا کہ دونوں افراد کو زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک شہری حبہ کدل سرینگر کا تھا جس کے سر پر چوٹ آئی تھی، جبکہ دوسرا نواب بازار کا ہی تھا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور وہ فی الحال انتہائی طبی نگہداشت میں ہیں۔واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔