بادامی باغ چھاونی میں تقریب
برفانی تودے میں مرنے والے اہلکاروںکو خراج عقیدت
سرینگر//بادامی باغ چھاونی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میںگریز سیکٹر میں برفانی تودے میں مارے گئے اہلکاروںکو خراج عقیدت ادا کیاگیا۔ تقریب میں چنار کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل کے علاوہ اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ تقریب میں مرنے والے اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیاگیا اور ان کی خدمات کی سراہنا کی گئی۔
شیلنگ سے مضروب نوجوانوں کو فوج کی امداد
مصنوعی پائوں فراہم کرکے انہیں چلنے پھرنے کے قابل بنایا
سرینگر//وادی کے دور دراز علاقوں کے لوگوں کی مدد کرنے کیلئے آرمی نے کئی سارے قدم اُٹھائے ہیں اورا سی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے آرمی کی پیر پنجال برگیڈ نے ساہورہ اور ہیھلنگا گاوں کے 6 مقامی نوجوانوںکی مدد کی اور ان کو اپنے پاوں پر کھڑے ہونے کا موقعہ فراہم کیا۔فوجی ترجمان کے مطابق آرمی نے نوئڈا میں مقیم آٹوموبائل کمپنی مینڈا فونڈیشن کے ساتھ مل کر ان نوجوانوں کومصنوعی پائوں فراہم کئے جس سے اب ان نوجوانوں کو چلنے میں آسانی ہوگی، یہ وہ نوجوان تھے جنہوں نے پاکستان کی شیلنگ کی وجہ سے اپنے ہاتھ پائوں کھوئے تھے۔ بیان کے مطابق ا نہیں ۱۴ دسمبر کو دہلی لے جایا گیا، اور اس کے اگلے دن ان کو یہ سامان فراہم کیا گیا۔ سرینگر واپس آنے کے موقعہ پر ان نوجوانوں کے چہروں پر خوشی دیکھنے کے لائق تھی، اور انہوں نے آرمی اس کام کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
بچہ مزدوری سے متعلق دو روزہ ورکشاپ کا افتتاح
جموں//لیبر کمشنر جے اینڈ کے اور محکمہ اطلاعات کے سیکرٹری ڈاکٹر عبدالرشید نے یہاں بچہ مزدوری پر قابو پانے کے حوالے سے ریاستی سطح کے دو روزہ ورکشاپ کا افتتاح کیا۔اس ورکشاپ کا انعقاد’’ سیو دِی چلڈرن‘‘ نے لیبر محکمہ اور یونیسف کے اشتراک سے کیا ہے۔افتتاحی خطبے میں ڈاکٹر عبد الرشید نے بچہ مزدوری پر قابو پانے کے لئے ریاستی سطح کا ایکشن پلان تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام کام بچوں کے مفادات کو مد نظر رکھ کر کیا جانا چاہئے اور ان کے مفادات کی پاسداری کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے اس ضمن میں مختلف محکموں کے مابین آپسی تال میل کی ضرورت کو اُجاگر کیا۔ورکشاپ کے دوران مختلف محکموں کے شرکاء نے چائیلڈ لیبر ایکٹ کی عمل آوری کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اپنی اپنی سفارشات سامنے رکھیں۔اس سے پہلے سیو دی چلڈرن کے اسسٹنٹ منیجر نیہا گنڈوترہ نے شرکاء کا استقبال کیا۔
محبوس خان سوپوری کی بگڑتی صحت تشویشناک:پیپلز لیگ
سرینگر//پیپلز لیگ نے حریت (گ)چیئرمین سید علی شاہ گیلانی کی مسلسل خانہ نظربندی اور تنظیم کے چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی مسلسل غیر قانونی نظربندی اور تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کااظہار کیا ہے۔ بیان میں کہاگیاکہ کٹھوعہ جیل جموں میں خان سوپوری کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے کیونکہ وہاں آزادی پسندوں کے حوالے سے جارحانہ اور نفرت انگیز ماحول قائم ہے ۔ لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے کہا کہ خان سوپوری کو مسلسل غیر قانونی نظربندی کے دوران علاج معالجے اور مناسب خوراک سے بھی محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے بزرگ رہنماکی صحت تیزی سے گررہی ہے۔ عبد الرشید ڈار کی قیادت میں وفد بٹہ مرن شوپیان گیا اورمارے گئے جنگجوئوں اور خاتون کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
’ریاست میں انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر ‘
سرینگر//پیپلز لیگ ترجمان حمید الٰہی نے تنظیم کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی کو گرفتار کرکے تھانہ بڈگام مقید کرنے کی کارروائی کی مذمت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک طرف جموں وکشمیر کے اطراف و اکناف میں انسانی حقوق کی زبردست پامالیاں یہاں تک کہ صرف پچھلے ایک ہفتے کے اندر ہی دو نوجوان خواتین اور ایک سوموڈرائیور کو فورسز نے ہلاک کیا اور دوسری طرف حریت قائدین کو عوام کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے ۔وفد نے بجہباڑہ جاکر غلام نبی سمجھی کی ہمشیرہ کی وفات پر لواحقین سے تعزیت پرسی کی جبکہ سینئر رکن گوہر خان کے برادر کی وفات پر چھانہ پورہ جاکر لواحقین کو پُرسادیا۔اس دوران ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے فورسز کی طرف سے شوپیاں میں ایک دودھ پیتے بچے کی جواں سال ماںکوگولیوں کا نشانہ بنانے کے عمل کو انسانیت کی قبا چاک کرنے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اب معصوموں کو نشانہ بنانا روز کا معمول بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فورسز کو کشمیری نوجوانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے کا چسکا لگ چکاہے ۔فریدہ بہن جی کی ہدایت پر ماس مومنٹ کے چیئرمین مولوی بشیر عرفانی نے بجبہاڑہ جا کر غلام نبی سمجھی سے تعزیت کا اظہار کیا۔
عوام پر ظلم و جبر ڈھانے کی مذمت
سرینگر//اسلامک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش اورمسلم ڈیموکریٹک لیگ صدر حکیم عبد الرشید نے ڈانگر پورہ سرینگر میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران ریاست کے طول و ارض میں وردی پوشوں کے ہاتھوں ظلم وبربریت کی مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ وردی پوشوں نے بے دردی سے تین معصوموں آصف اقبال، مصرہ بانو اور رُوبی جان کو ہلاک کیا اوربے تحاشا گولیوں اور پیلٹ فائرنگ سے درجنوں کشمیریوں کو مضروب اور بینائی سے محروم کردیا ۔
آسیہ اندرابی اور مشتاق الاسلام کی سرنو گرفتاری کی مذمت
سرینگر//سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے دختران ملت کی صدر آسیہ اندرابی اور مسلم لیگ کے صدر مشتاق لاسلام کو پھر سے گرفتار کرنے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت لیڈرشپ کو جیلوں میں ڈالنے کا مقصد انہیں خوفزدہ کرکے عوام اور ان کے درمیان رابط کو منقطع کرنا ہے لیکن اسکے باوجود تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک لیجانے کیلئے لوگ اپنی سیاسی جدوجہد جاری و ساری رکھیں گے۔ادھر مدثر قادری، عدنان سلفی،محمد اسحاق،محمد حنیف اور محمد خان نے شوپیاں جاکر تنویر احمد اور روبینہ جان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔
کرگل میں برف میں پھنسے شہری کوبچا لیا گیا
سرینگر//کرگل میں پولیس نے ایک بزرگ شخص کو برف سے نکال کر بچا لیا ۔20 دسمبر کو کرگل پولیس کواطلاع ملی کہ سورو ندی میں ایک بزرگ شخص برف میں پھنسا ہوا ہے جس پر ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر کرگل اشتیاق احمد کاچو کی سربراہی میں ایس ایچ او کرگل انسپکٹر غلام علی اور ایس ڈی آر ایف انسپکٹر افتخار حُسین کے ہمراہ پولیس پارٹی موقعہ پر پہنچ گئے اور 65سالہ حاجی اسحاق ولد ابراہیم ساکن اندو کرگل کوبچالیا۔
سڑک حادثوں میں 4شہری زخمی
سرینگر//لگریپورہ عشمقام اننت ناگ میں ایک ٹا ٹا سومو زیر نمبر JK02AF/8652 جس کو ڈرائیور محمد شفیع شاہ ولد غلام محمد ساکن لترو چلا رہا تھا سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں سومو گاڑی میں سوار روبی جان دختر عبدالرشید اور ساجہ بیگم زوجہ عبدالرحمان حجام ساکنان شمہال زخمی ہوئے ۔زنگم پُل پٹن میں ایک ٹپر زیر نمبر JK01J/5830 جس کو ڈرائیور نثار احمد میر ولد علی محمد میر ساکن چاندپورہ چلا رہا تھا اور ایک ماروتی کار زیر نمبر Jk05C/0308 سے ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں ماروتی ڈرائیور اعجاز احمد ڈار ولد عبدالرشید اور اس کی بہن نعیمہ رشید ساکنان نا ئیدکھے زخمی ہوئے ۔
شاجی مرگ پلوامہ حادثہ ،ٹرک میں پھنسے شہری کو فوج نے بچالیا
سرینگر//شاجی مرگ پلوامہ میںحادثہ میں ایف سی آئی کی ٹرک میں پھنسے شہری کو فوج نے باہر نکالا۔ شاجی مرگ میں علی الصبح حادثہ پیش آنے سے ٹرک سڑک پر الٹ گیا جس کے نتیجہ میں اس میںسوار ڈرائیور پھنس گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فوج وہاں پہنچی اورگاڑی میں پھنسے ڈرائیور کو باہر نکالا۔ اس موقعہ پر زخمی ڈرائیور کو فوج نے طبی سہولیت بھی فراہم کی۔
پرے کی رہائی میں اڑچنیں انتقام گیری کی انتہاء
سرینگر//مسلم لیگ نے تنظیم کے محبوس صدر ضلع اسداللہ پرے کو کورٹ بلوال جیل جموں سے رہا ئی ملنے کے بعد دوبارہ گرفتار کر کے جے آئی سی جموں اور وہاں سے حاجن پولیس اسٹیشن میں مقید رکھنے کے بعد ایک فرضی کیس دائر کر کے سینٹرل جیل سرینگر منتقل کرنے کو ’’سیاسی عداوت‘‘ اور بدترین انتقام گیری سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے اخباروں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ انسانیت کا جنازہ نکالنے میں حکومت اورپولیس نے تمام انصاف کی حدوں کو توڑ دیا ہے کیونکہ انھیں تب تک چین اور قرار نصیب نہیں ہوتا جب تک وہ کسی بے گناہ کو جرم بے گناہی کی سزا نہ دے جس کی تازہ مثال اسداللہ پرے ہیں جو پچھلے چار سال سے جموں کشمیر کی مختلف جیلوں میں انتقام گیری کا نشانہ بنے ہوئے ہیں اورجس کی وجہ سے اُس کے گھر میں رہ رہی پانچ معصوم بیٹیوں جن میں ایک جلدی کینسر کی مریضہ ہے ،پر مصیبت کے پہاڑ ٹوٹ پڑے کیونکہ ان معصوموں کی والدہ پہلے ہی انتقال کر چکی ہے اوراب ان کی دیکھ ریکھ اسداللہ پرے کے کندھوں پر تھی ۔چونکہ اسداللہ پرے کئی سالوں سے بند ہیں لہذا اس گھر کی تمام ذمہ داری پرے کی بڑی بیٹی کے کندھوں پر پڑی جو دوسروں کے کپڑے سل کر اپنی بہنوں کی ضروریات زندگی پوری کرنے کے ساتھ ساتھ کینسر میں مبتلا بہن کے علاج و معالجہ کا بوجھ بھی اٹھارہی ہے اور اپنے باپ کی رہائی کی منتظر ہے ۔ سجادایوبی نے کہا کہانصاف و انسانیت کا تقاضہ تھا کہ اسداللہ پرے کی بیٹیوں کی حالت زار کے متعلق گردش کر رہی خبروں کو سن کر ہی انھیں رہا کیا جانا چاہیے تھا مگر ’’جمہوریت اور عدالت‘‘ کا مکھوٹا اپنے چہرے پر لگا کر لوگوں کو گمراہ کرنے والوں نے ان کا پی ایس اے کالعدم ہونے اور عدالتی احکامات کے باوجود انھیں دوبارہ گرفتار کیا اور المیہ تو یہ ہے کہ فرد جرم اُس شخص پر عائد ہوتاہے جو حکومت مخالف سرگرمیاں انجام دینے میں براہ راست ملوث ہو اور اسی کی بنیاد پر Grounds of Detentionتیار کئے جاتے ہیں مگر اسداللہ پرے جو پچھلے چار سالوں سے بند ہیں اور اس دوران وہ کسی بھی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہیں رہے ہیں لہذا اس پر سیاسی عداوت کی بنیاد پر 2016ء کے من گھڑت ایف آئی آر (FIR no.49) کااطلاق نہیں ہوسکتا ہے اور نہ اس بارے میں سوچا جاسکتا تھا ۔سجادایوبی نے ریڈ کراس، ہیومن واچ اوردوسری حقوق البشر کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اسداللہ پرے کے بارے میں سنجیدہ نوٹس لیں کہ کس طرح انھیں ایک منصوبہ بند سازش کے تحت سیاسی شکار بنا کر ان کی اسارت کو طول دیا جارہا ہے۔
کاریگر اور بنُکَر اقتصادیات کیلئے اثاثہ
جموں//وائس چئیر مین ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نظام الدین بٹ نے کہا ہے کہ ان دو کارپوریشنوں کو ریاست کے اقتصادی منظر نامے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کارپوریشنوں کے منتظمین سے کہا ہے کہ وہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر اپنی تجارت میں مزید بہتری لائیں تا کہ ہاتھ سے تیار ہونے والی اشیاء اور اس کی تجارت کو فروغ حاصل ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشنوں کے سامنے اہداف مقرر کئے گئے ہیں انہوں نے ملازمین سے کہا کہ وہ ان اہداف کو حاصل کرنے کیلئے مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں ۔ نظام الدین بٹ نے کہا کہ ممبئی ، کولکتہ ، دہلی ، گوا اور لکھنوؤ کے سیل مراکز پر معیاری چیزیں دستیاب ہیں اور کشمیر کی دستکاری سے دلچسپی رکھنے والے لوگ ان مراکز سے پوری طرح واقف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کو وسعت دینے کے دوران آرٹ اور کرافٹ کے معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئیے ۔