آزادی پسند قیاد ت کشی سے تحریک کمزور نہیں ہوسکتی:جمیل الرحمان
سرینگر//متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے کہا ہے کہ بھارت آزادی پسند قیادت کی کردار کشی اور حریت پسندوں کو خوفزدہ کر کے تحریک آزادی کو ختم نہیں کر سکتا۔ کشمیری عوام بھارت کے نئے حربے اور سازشیںبھی متحد کو ناکام بنا دیں گے۔ گزشتہ روز ایک بیان میں شیخ جمیل الرحمان نے کہا کہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کے بیٹے کو این آئی اے کے انٹروگیشن کا شکار بنانا بھارت کے لئے فائدہ مند نہ ہوگا۔ حریت پسندوں اور ان کے اہل خانہ کو مختلف بہانوں سے ہراساں کرنا اور کردار کشی سے بھارت کے جمہوری دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حریت پسندوں کو پابند سلاسل بنانے سے تحریک کمزور نہیں ہو گی بلکہ اسے نئی جلا ملے گی۔ کیوں کہ قوم کی ہمدردیاں بھی ان کے ساتھ ہو جاتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کا فوجی تسلط کشمیریوں پر جارحیت تھی اوراس کے خلاف کشمیری بر سر پیکار ہیں۔
لیڈران کی گرفتاریوں پر حریت (گ) نالاں
سرینگر//حریت (گ) نے مسلم ڈیموکریٹک لیگ سربراہ حکیم عبدالرشید کو پولیس کی طرف سے گرفتار کرنے ، حریت ترجمان اعلیٰ غلام احمد گلزار کو تھانہ شیر گھڑی میں بار بار نظربند رکھنے اور تحریک حریت راہنما محمد اشرف لایا کو مسلسل گھر میں نظربند رکھنے اور جامع مسجد سرینگر میں مسلسل پانچویں بار نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی لگانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ بیان میں کہاگیا کہ 27؍اکتوبر 1947 سے کشمیری عوام عذاب وعتاب کی شکار بنائی جارہی ہے، جبکہ گرفتاریاں، قتل وغارت، دینی فرائض پر پابندیاں، ماردھاڑ اور لوگوں کے اظہارِ رائے پر قدغنیں عائد کرنا یہاں کا معمول بن چکی ہیں۔حریت (گ)نے واضح کردیا کہ ان حربوں سے کبھی بھی جموں کشمیر کے لوگ اپنے مبنی برحق جدوجہد سے دستبراد نہیں ہوں گے۔ حریت (گ) نے جموں کٹھوعہ جیل میں قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جارہے ظالمانہ رویہ اختیار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بند حریت پسند کشمیری قیدیوں کو 24گھنٹوں میں صرف ایک گھنٹے کے لیے لاک اپ سے باہر نکالا جاتا ہے جو کہ قیدیوں کے ساتھ ناانصافی پر مبنی انسانیت سوز رویہ ہے۔
8اکتوبر کاوزیراعلیٰ کا بڈگام دورہ
ڈی سی نے فیصلوں کی عمل آوری کاجائزہ لیا
بڈگام//صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان نے وزیر اعلیٰ کے 8اکتوبر کے ضلع کے دورے کے دوران مختلف نوعیت کے مطالبات اوراُن کی منظوری کے بعد ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اُن کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر ضلع انتظامیہ کے آفیسران اور مختلف شعبوں کے انجینئران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر بڈگام محمد ہارون ملک نے میٹنگ کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ کو ضلع میں 154مطالبات پیش کئے گئے جن کی منظوری دی گئی اوراُن پر عمل آوری بھی شروع کی گئی ۔میٹنگ کے دوران تعمیرات عامہ،صحت عاومہ،اری گیشن وفلڈ کنٹرول ،پی ڈی ڈی،پی ایم جی ایس وائی اور آر ڈی ڈی کے تحت جاری سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی کمشنرنے تمام ترقیاتی کاموں اورپروجیکٹوں کو مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت دی۔
مغوی لڑکی بازیاب، اغواکار گرفتار
سرینگر//ہندواڑہ پولیس نے مغوی لڑکی کو ٹنگمرگ سے بازیاب کرکے وارثاں کے حوالے کیا۔ 25 اکتوبر کوپولیس پوسٹ لنگیٹ کو تحریری درخواست موصول ہوئی کہ غلام جیلانی شیخ ولد غلام محمد ساکن فیروز پورہ ٹنگمرگ نے ایک شہری کی بیٹی کو اغوا کیا ہے جس کے بعد پولیس تھانہ ہندواڑہ میں کیس زیر ایف۔ آئی ۔ آر نمبر348/2017 درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ پولیس پارٹی نے مغوی لڑکی کو ٹنگمرگ بارہمولہ میں اغواکارکی تحویل سے باز یاب کیا ۔ پولیس نے اغواکار کو گرفتارکرکے قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد لڑکی کو وارثاں کے حوالے کیا۔
افراد خانہ کو تعزیت پر جانامہنگا پڑا
ڈورو میںچوروں نے زیورات اڑا لئے
عارف بلوچ
ڈورو//نتھی پورہ ڈورو میں چوروں نے اعجاز احمد وانی کے گھر میں دن کے اُجالے میں نقب لگاکر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اُڑا لئے ۔ چوروں نے الماریوں میں رکھے زیورات پر ہا تھ صاف کیا ہے ۔ افرا خانہ تعزیت پُرسی کے لئے گھر سے باہر تھے کہ جس دوران نقب زنی انجام دی گئی۔ ڈورو پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کر کے چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے ۔
گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام میں گوجری ثقافتی پروگرام منعقد
کولگام//خالد جاوید//گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام میں اہرہ بل ادبی آگر و ریاستی کلچرل اکیڈمی کے اشتراک سے ایک گوجری ثقافتی پروگرام منعقد ہوا۔ تقریب میں گوجری زبان سے تعلق رکھنے والے فنکاروں اور قلمکاروں نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت کالج پرنسپل پروفیسر بشیر احمد راتھر نے کی۔ گوجری زبان کے ادب کے حوالے سے صدراہرہ بل ادبی آگر نذیر احمد ریشی نے مقالہ پیش کیا جبکہ کلچرل اکیڈمی کی نمائندگی ڈاکٹر شہنواز نے کی اورنکامت کے فرائض سیکریٹری اہرہ بل ادبی آگر شہنواز احمد نے انجام دی۔
چوٹی کٹ معاملات
رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے ٹیمیں تشکیل دیں
سرینگر//جموںوکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی شمالی کشمیر کی ایک میٹنگ چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع کی صدارت میں بارہمولہ میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لیاگیا اور ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر و چیئرمین جموںو کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی مبارک گل کی ہدایت پر شمالی کشمیر کے تینوں اضلاع کیلئے تین ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو موجودہ صورتحال اور گیسو تراشی کے واقعات پر نظر رکھیں گے اور اپنی تفصیلی رپورٹ اپنے اپنے ڈپٹی کمشنروں کو پیش کرینگے۔ بارہمولہ ٹیم کے سربراہ ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون، ضلع کپوارہ ٹیم کے سربراہ سابق ایم ایل سی و ضلع چیئرمین کپوارہ حاجی محمد سلطان میر اور ضلع بانڈی پورہ ٹیم کے سربراہ ضلع چیئرمین بانڈی پورہ تنویر احمد بٹھو ہونگے۔ میٹنگ کے آخر پر سوسائٹی کے رکن غلام قادر نہامی کے جواں سالہ فرزند شوکت احمد نہامی ساکنہ نواب بازار سرینگر کی وفات پر گہرے رنج وغم کااظہار کیاگیا۔ مرحوم کے حق میں جنت نشینی کی دعا کی گئی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کااظہار کیا گیا۔