خاقان عباسی کا بیان حقیقت پر مبنی:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے پاکستانی وزیر اعظم خاقان عباسی کے بیان کو تاریخی حقیقت پر مبنی موقف اور دو قومی نظریہ کی بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے کہا ہے کہ چونکہ مسئلہ کشمیر کے جنم لینے کا دراصل بنیادی محرک یہی تھا کہ جموں کشمیر کو جغرافیائی اور مذہبی طور پاکستان کا حصہ بننا تھا لیکن چند ناعاقبت اندیش اور سیاستدانوں نے دوقومی نظریہ کے اصولوں کو پامال کر کے جموں کشمیر کو پاکستان کا حصہ بننے نہ دیا اور پاکستان سے یہ حصہ بزور قوت چھین لیا لہذا تاریخ خود بخود یہ ثابت کردیتی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل خودمختاری، آٹونومی یا سیلف رول میں مضمر نہیں ہے بلکہ اس کا حل صرف اور صرف انضمام پاکستان میں ہے۔
مصدق عادل کا مزاحمتی کارکن کی رہائی کا مطالبہ
سرینگر//پیپلز پولیٹکل فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل نے حریت لیڈر محمد افضل رفیع آبادی پر عائد سیفٹی ایکٹ کالعدم قرار دینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ موصوف فی الوقت کوٹ بھلوال جیل جموں میں پچھلے چار برسوں سے مقیدہے ۔ مصدق عادل نے اُن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ سرکارعدالت عالیہ کے تازہ فیصلے کا احترام کرتے ہوئے افضل کی رہائی کو ممکن بنائے گی تاکہ اُسے بھی آزاد فضا میں سانس لینے کا موقعہ فراہم ہو۔
گاندربل میںچرس برآمد،شہری گرفتار
سرینگر//منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گاندبل پولیس نے ایک ڈرگ اسمگلرکوچرس سمیت گرفتارکیا۔ ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون کی ہدایت پر ضلع گاندربل میںپولیس نے اپنی کاروائی جاری رکھتے ہوئے تھانہ پولیس صفاپورہ کی پولیس پارٹی ایس ایچ او مدثر احمد کی صدارت اور ڈی ایس پی گاندبل ڈاکٹر رمیض راجہ کی نگرانی میں صفاپورہ میں ناکہ چکنگ عمل میںلائی ۔چیکنگ کے دوران پولیس نے مشتبہ شخص کو گھومتے ہوئے دیکھاجس کی پہچان بلال احمد بٹ ساکن گنستان کے طور پرہوئی ۔ پولیس نے مشتبہ شخص کی تلاشی کے دوران اُس کے قبضے سے ایک تھیلابرآمدکیا جس میں گیارہ سو گرام چرس برآمد ہوا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر38/2017زیر دفعہ 8/20 NDPS Act درج کرلیا ہے۔
فریڈم پارٹی اور پولٹیکل فرنٹ کا اظہار تعزیت
سرینگر// فریڈم پارٹی نے پیپلز لیگ رہنما غلام قادرہاگرو کی والدہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔پارٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عبداللہ طاری کی قیادت میں ایک وفد نے مرحومہ کے گھر جاکر لواحقین سے تعزیت کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ۔پیپلز پولیٹکل فرنٹ چیئرمین مصدق عادل نے کئی دوسرے پارٹی ذمہ داراں کے ہمراہ احمد نگر جاکر پیپلز لیگ لیڈر غلام قادر ہاگرو کی والدہ کے انتقال کے سلسلے میں منعقدہ چہارم کی تقریب میں شمولیت کی ۔ انہوں نے مرحومہ کے حق میں مغفرت اور جنت نشینی کیلئے دعا بھی کی۔
اربن لوکل باڈیز ملازمین کا3 روزہ احتجاج کافیصلہ
وزیراعلیٰ سے ملازمین کے مسائل کا نوٹس لینے کی اپیل
سرینگر//اربن لوکل باڈیز ایمپلائز یو نائٹیڈ فورم نے 3روزہ احتجاجی کلینڈر جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملازمین مطالبات کو لیکر13نومبر وادی بھر کی میو نسپل کمیٹیوں اور کونسلوں میں کام چھوڑ ہڑتال کی جائے گی جبکہ اس روز ضلع صدر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کرکے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو میمورنڈم پیش کئے جائیں گے۔14نو مبر کو وادی کے تمام بلدیاتی اداروں میں احتجاج ہوگا اور15نومبر کو سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور اِسی روز آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا ۔اس سلسلے میں فورم کا ایک اجلاس سرینگر میں فورم صدر منظور احمد پانپوری کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اس اجلاس میں ملازمین مسائل اور دیگر امورات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔تمام پہلو پر غور وخوض کرنے کے بعداربن لوکل باڈیز ایمپلائز یو نائٹیڈ فورم نے اتفا ق رائے سے طے شدہ احتجاجی پروگرام کو حتمی شکل دی ۔پانپوری کا کہناتھا کہ محکمہ بلدیہ بغیر سربراہ ہے جسکی وجہ سے محکمہ کا کام کاج متاثر ہورہا ہے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور متعلقہ وزیر سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر ملازمین کے مسائل کا نوٹس لیں اور فوری طور پر محکمہ کے سربراہ کو تعینات کریں ،تاکہ بلدیہ ملازمین کے مسائل حل ہونے کے ساتھ ساتھ محکمہ کا کام کاج مزید متاثر نہ ہو ۔