گورنمنٹ ہائی سکول چنگام مقفل پایا گیا
غیر حاضر ملازمین کی ایک دن تنخواہ کٹوتی کی ہدایت
کشتواڑ//محکمہ تعلیم میں غیر حاضر ملازمین کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے نائب تحصیلدار چنگام نے ڈی سی کشتوڑ انگریز سنگھ رانا کی ہدایت پر چنگام کے متعددسکولوں کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران گورنمنٹ ہائی اسکول چنگام کو 10:45بجے مقفل پایا گیا اور پرائمری سکول ملاڑ کی ایک اُستانی نصرت آرا کو غیر حاضر پایا ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ضلع انتظامیہ نے تمام ملازمین کو باقاعدگی سے اپنی ڈیوٹی دینے کا حُکم دیا ہے۔حُکم میں انہوں نے کہا ہے کہ سرکاری دفاتر بشمول سکولوںمیں باقاعدگی کے ساتھ کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا اور خاطی اہلکاروں کے خلاف تحت قانون کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی سی کشتوڑ نے اپنے حکم نامہ میں مزید کہا ہے کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اعلیٰ حُکام نے اس حُکم کو ماتحت دفاتر تک نہیں پہنچایا ہے ۔ضلع انتظامیہ نے ’’کام نہیں ،تنخواہ نہیں ‘‘ کی پالیسی کے پس منظر میں خاطی ملازمین کے ڈرائینگ و ڈسبرسنگ افسراں کو ہدایت دی ہے کہ جو ملازم اچانک معاینئہ کے دوران غیر حاضر پائے گئے تو انکی ایک دن کی تنخواہ کاٹی جائے۔دریں اثنا ،ایس ڈی ایم چھاترو کو اس سلسلہ میں بطور انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے، انہیں 03دنوں کے اندر اندر تحقیقات مکمل کر نے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کشتواڑ،پدھیارنہ میں سرمائی بیمارویوں سے بچائو پر تو سیعی لیکچر
کشتواڑ//فوج کی جانب سے ضلع کشتواڑ کے پدھیارنہ میںلوگوں کو موسم سرما سے متعلقہ بیماریوں کی جانکاری دینے اور ان سے بچائو کے لئے ایک لیکچر کا انعقاد کیا گیا ، تاکہ علاقہ کے لوگ ایک صحت مند زندگی گُذار سکیں۔اس لیکچر کا انعقاد روز مرہ کی زندگی میں حفظان صحت اور ہیلتھ کئیر مدعوں سے لوگوں کو بیدار کرنا تھا۔اس لیکچر سے مقامی لوگوں کو سرمائی موسم میں لگنے والی بیماریوں جیسے کہ کھانسی ، گلے کی خراش، استھما ،جوائنٹوں کی درد وغیرہ کی علامتوں اور تدارُک کی جانکاری دی گئی۔لیکچر میں مقامی لوگوں نے شوق سے شرکت کی اور سرمائی بیماریوںسے متعلق جانکاری حاصل کی۔اس موقعہ پر لوگوںکو عام بیماریوں سے بچائو کے لئے حفظان صحت کی جانکاری بھی دی گئی۔مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے ایسا ایونٹ منعقد کرنے کی کافی سراہنا کی اور کہا کہ اس سے مقامی لوگوں کو موسم سرما میں اپنے صحت کی اچھی دیکھ بھال کرنے میں مدد ملے گی۔
جکیاس،گندو میں طبی کیمپ کا اہتمام
ڈوڈہ//فوج کی جانب سے غنیت العلوم مدرسہ جکیاس، گندوہ میں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا، جس میںجکیاس ،گندوہ کے دور افتادہ علاقوں کے مقامی لوگوں اور طلاب کا مفت طبی معاینئہ کیا گیا ۔ کیمپ کا مقصد اس دور افتادہ علاقہ میں لوگوں کو گھروں کے نزدیک ہی طبی خدمت فراہم کرنا تھا۔ کیمپ میں کل ملاکر 610مریضوں کو طبی مدد فراہم کی گئی۔ فوج کے ڈاکٹروں نے اس طبی کیمپ میں شرکت کرکے مریضوں کی علاج محالجہ کرکے ان کو مفت ادویات بھی فراہم کئے۔مقامی لوگوں نے اس کیمپ کی کافی سراہنا کی اور کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے کیمپ منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔
پی ڈی پی زون مہورکا اظہار تعزیت
زاہد ملک
مہور//پی ڈی پی زون کاایک تعزیتی اجلاس منعقد ہواجس میں ضلع صدر ریاسی شفیق رحمان بٹ کی والدہ جو گذشتہ دنوں انتقال کر گئی تھیں کے ایصال ثواب کی دعا کی گئی۔اس اجلاس میں مختلف طبقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے شرکت کی اور مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی اورغم زدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔یاد رہے شفیق رحمان بٹ کی والدہ 70 سال کی عمر میں گذشتہ دنوں اس دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔مرحومہ فاطمہ بیگم عبدالغنی بٹ وکیل کی شریک حیات تھیں۔
کباڑ سریا کی چوری ،پولیس نے کیس درج کیا
زاہد ملک
ریاسی //ارناس پولیس نے سٹرکچرل اسٹیل (سریا)کباڑ چوری ہونے کے واقعہ میں ایک کیس درج کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاریا یک رپورٹ کے مطابق وویکا نند ولد اتم نند پانڈے ساکنہ سادے بھٹی تحصیل و ضلع بکسر ریاست بہار حال پروجیکٹ منجیرآئی ٹی ڈی کمپنی بٹلی نے ارناس پولیس کو ایک تحریری شکایت کی ،جس میں بتایا گیا کہ مورخہ 14-11-2017کو چوری کے ایک واقعہ میں10سے11 تن سٹریکچل سٹیل کباڑ کے ٹکڑے ٹی۔6 اڈٹ سائٹ سے لاپتہ ہوئے ہیں۔ پولیس نے اس سلسہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 82/2017درج کرکے مزید شروع کر دی ہے۔
مشکوک حالات میں دوشیزہ کی موت
ایم ایم پرویز
رام بن//رام بن کے سُمبڑ علاقہ سے ایک دوشیزہ کی پُر اسرار موت کی اطلاع ملی ہے۔جسے پوسٹ مارٹم کے لئے دھرم کنڈ پولیس اسٹیشن نے ضلع ہسپتال رام بن پہنچایا ۔پولیس رپورٹ کے مطابق دوشیزہ کی شناخت بطور مہنازا بانو عمر 18سال، دُختر غلام محمد چوپان ساکنہ موضع سُمبڑ کے بیان کی ہے۔تاہم کنبہ کے ذرائع کے مطابق مذکورہ دوشیزہ مرگی(epilepsy)بیماری میںمبتلا تھی جس کی وجہ سے اسے زبر دست دورہ پڑا تھا ۔دوشیزہ کو گھر سے تھوڑی دوری پر مردہ پایا گیا تھا۔دھرم کنڈ پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری طور کاروائی کرکے نعش کا پوسٹ مارٹم کرکے ایک کیس زیر دفعہ 174 سی آر پی سی درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔پوسٹ مارٹم کے بعد نعش لواحقین میں آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے سونپی گئی۔
۔250 گرام چرس سمیت منشیات فروش گرفتار
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //بھدرواہ پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اسکے قبضہ سے 250 گرام چرس برآمد کیا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق پولیس نے منشیات مخالف مہم کو جاری رکھتے ہوئے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ اور ایس ڈی پی او بھدرواہ برجیش شرما کی ہدایت پر ایس ایچ او بھدررواہ منیر خان کی قیاد ت میں ڈانڈی علاقہ میں ایک ناکہ لگایا اورایک مشتبہ حرکات والے شخض کو روکا اور سکی تلاشی کے دوران اسکے قبضہ سے250 گرام چرس برآمد ہوئی ،منشیات فروش کی پہچان اوتم سنگھ ولد جگدیو کمار ساکنہ نوری ،بھدررواہ کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی ا ٓر نمبر 104/2017 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے.
بانہال میں دماغی طور معذور شخض پولیس کے سپرد
ایم ایم پرویز
رام بن//بانہال میںموضع چھنجلو کے لوگوں نے گذشتہ روز ایک دماغی طور ناخیز شخض کو چوٹی کاٹنے والے کے طور پر سمجھ کر پولیس کے حوالے کیا ہے۔پولیس کے مطابق مختلف علاقوں کے لوگوں نے ایک دماغی طور معذور شخض کو پولیس میں بطور چوٹی والا کاٹنے لایا ۔پولیس نے کہا کہ یہ غیر ریاستی باشندہ بہرا اور گونگا ہے اور ذہنی طور سے تندرُست نہیں ہے۔اس سلسلہ میں ایس ڈی پی او نے فوٹو سمیت ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ یہ شخض ذہنی طور سے مریض ہے اور چوٹی کاٹنے والا نہیں ہے۔