مسجد ابراہیم حیدر پورہ میں مفتی مظفر حسین قاسمی
کا خطاب آج
سرینگر//دارلعلوم سوپور کے صدر مفتی ، مولانامفتی مظفر حسین قاسمی آج نماز جمعہ کے موقعہ پر مسجد ابراہیم حیدر پورہ میں خطاب فرمائیں گے ۔’ ان کا خطبہ دوپہر 12.30سے 1.30بجے تک ہوگا ۔نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد سوال و جواب کی ایک مختصر مجلس بھی ہوگی۔
میر واعظ کا اظہار تعزیت
سرینگر//عوامی مجلس عمل کے سربراہ اور حریت(ع) چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے تنظیم کے سینئر رہنما محمد شفیع خان کی بھابھی اور عبدالحمید خان سکونت نواب بازار حال بمنہ سرینگر کی شریک حیات کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے خان خاندان کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ میرواعظ اپنے تنظیمی رفقاء کے ہمراہ عبدالحمید خان کے گھر بمنہ گئے جہاں موصوف نے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔ میرواعظ کے ہمراہ غلام قادر بیگ، مشتاق احمد صوفی، پیر غلام نبی، فاروق احمد سوداگر، ایڈوکیٹ یاسر رئوف دلال، اور متعدد تنظیمی کارکنان بھی شامل تھے ۔
’ریاضی اور سی پروگرامنگ‘ سینٹرل یونیورسٹی میں ورکشاپ شروع
سرینگر// سینٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرمعراج الدین میر نے جمعرات کو یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی کے اہتمام سے ’’“C-programming, Latex and Mathematics,”‘ کے موضوع پرمنعقد ہ ایک ہفتے کے ورکشاپ کا افتتاح کیا ۔اس موقعہ پراکنامکس شعبہ کے سربراہ پروفیسر جی ایم بٹ ،ڈایکٹر ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پروفیسر عبدالغنی ،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسر عقیل احمد کے علاوہ فیکلٹی ممبران ،ریسرچ سکالرزاور طلبا موجود تھے ۔اس موقعہ پرو ائس چانسلرنے کہا کہ سینٹرل یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی نے بہت کم وقت میں پوسٹ گریجویٹ اور انٹیگریٹیڈ پروگرام اور ریسرچ پروگرام شروع کئے جو تعلیمی معاملات میں ڈیپارٹمنٹ کو مسلسل اپ گریڈ کرنے میں اس کی سنجیدگی ظاہر کرتا ہے ۔ڈایکٹر ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پروفیسر عبدالغنی نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے خاص کر یونیورسٹیوں میں تحقیق بنیادی چیزوں میں سے ایک ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تحقیق معاشرے میں علم کی دولت میں مدد کرتا ہے اور اس طرح کے ورکشاپ منعقد کرنے سے تحقیق میں مدد ملتی ہے۔