محبوبہ مفتی اورڈاکٹر نرمل سنگھ کا بانہال سڑک حادثہ پر اظہار رنج
جموں// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے گذشتہ شام بانہال میں شیطانی نالہ پر پیش آئے سڑک حادثہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جس میں چار فوجی جوان فوت ہوئے۔وزیرا علیٰ نے سوگوار کنبوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مہلوکین کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے سوگوارکنبوںسے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
عید میلاد النبیؐ:اسوۂ حسنہ ہی راہ نجات :مولانا سعید احمد
مرکزی جامع مسجد بگیالاں میںسیرتی اجتماع
پونچھ// ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے مرکزی جامع مسجد بگیالاں میں ایک روزہ پروگرام بعنوان تذکرہ رسول عربی ؐمنعقد کیا گیا جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعہ پرجامعہ ضیاء العلوم پونچھ کے طالب علموں اورعلماء کرام نے سیرت کے موضوع پر تفصیلاً روشنی ڈالی۔ جامعہ کے اساتذہ مولاناا یاز احمد قاسمی اور مفتی محمد دانش قاسمی کے علاوہ جامعہ کے نائب مہتمم اور تنظیم علماء اہل سنت والجماعت کے صدر مولانا سعید احمد حبیب نے مفصل خطاب کیا۔ مولانا نے آقائے نامدارؐکی حیات طیبہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ آپ ؐداعی اعظم تھے اورآپ کی دعوت کا حسن یہ تھا کہ آپؐ کبھی بھی دعوتی میدان میں کسی سے بھی نہیں الجھے بلکہ تمام مصائب اور طعنوں کو برداشت کرتے ہوئے اپنے عالی مقاصد واہداف کو جاری رکھا ۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ تھی کہ دین اسلام ہر سوپھیلا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھی امت کو ضرورت ہے کہ اسوۂ حسنہ کواختیار کیا جائے اور ملت کی صفوں میں اتحاد پیداکیا جائے ،فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھا جائے اور سنتوں کو گھروں ہی نہیں بلکہ سماج میں زندہ کیا جائے اور دوسرے مذاہب کے سامنے اسلام کی صحیح اور سچی تصویر پیش کی جائے۔ مولانا نے بعض میڈیا عناصر کی جانب سے اہلبیتؑ کی توہین کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام زندہ اور تابندہ ہے اور تاقیامت آباد رہے گا۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ایسے افراد کو قابو میں رکھا جائے ۔
کرالو کنڈدیوسر اورفتح گڑھ بارہمولہ میں تقاریب
نمائندہ عظمیٰ+فیاض بخاری
سرینگر+بارہمولہ//انجمن علماء اور ائمہ مساجد جنوبی کشمیر کے زیر اہتمام سلسلہ وار پروگرام کے تحت جامع مسجد کرالوکنڈ دیوسرمیں ایک روزہ سیرت کانفرنس منعقد ہوئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے حضوراکرم ؐ سے عشق و محبت کا اظہارکیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن علماء کے امیر اور دارالعلوم سیدالمرسلین چوگام کے مہتمم حافظ عبدالرحمان اشرفی نے سیرت کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا۔ انہوںنے کہاکہ رسول اللہ ؐ کی سیرت ہمارے لئے زندگی گذارنے کا بہترین ذریعہ ہے اور ہمیں شریعت اسلامی کے مطابق اپنی زندگی گذارنی چاہئے۔ اس دورانفتح گڑھ بارہمولہ میں ایک میلاد النبیؐتقریب منعقد ہوئی جس میں ضلع کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر علماء کرام نے سیرت النبی ؐ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اس موقع پر عقیدتمندوں سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے اُمت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ پیارے نبی ؐکی تعلیمات پرعمل کرکے اپنی زندگیاں سنواریںاور آپس میں اتحاد اور اتفاق قائم کریں۔تقریب میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔
تحصیلدار کر الہ پورہ کی اہلیہ فوت
کپوارہ/اشرف چراغ / کرالہ پورہ کپوارہ کے تحصیلدار محمد گلزار میر کی اہلیہ تاجہ بیگم طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔اس موقع پر مختلف سماجی و سیاسی تنظیموں کے علاوہ ضلع انتظامیہ اور محکمہ مال کے اعلیٰ افسران نے گلزار احمد کے ساتھ تعزیت کی۔جرنلسٹس فریٹر نٹی کپوارہ اور علاقہ شمناگ کے لوگوں نے بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کی۔
فارسٹر پر حملہ ناقابل برداشت:قیوم وانی
وزیراعلیٰ سے مداخلت کی اپیل
سرینگر //ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (ایجیک) نے ڈی ایف او بارہمولہ کی طرف سے ایک فارسٹر پر حملہ کو غیر اخلاقی اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مذکورہ افسر کے خلاف اعلیٰ سطح تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ایجیک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی آفس گاندھی نگر جموں میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایجیک صدر عبدالقیوم وانی نے ڈی ایف او بارہمولہ وسیم فاروق کی جانب سے فارسٹر بشیر احمد پر حملے کو غیر انسانی عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ افسر کی جانب سے یہ کاروائی تکبر کے نشے میں عمل میں لائی گئی ہے ۔ وانی نے کہا کہ کلاس فورتھ سے لیکر چیف سیکریٹر ی تک تمام ملازمین قانون کے تابع ہیں اور کوئی بھی قانون سے بڑھ کر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ ملازمین بندوا مزدور نہیں ہیں بلکہ یہ اپنے اعلیٰ افسران سے پیار اور عزت کے حقدار ہوتے ہیں ۔اجلاس کے دوران وانی نے وزیر جنگلات ، چیف سیکریٹری ، ڈویثرنل کمشنر کشمیر ،چیف کنزرویٹر فارسٹس اور ڈی سی بارہمولہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ملوث افسر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں ۔ قیوم وانی نے کہا ’’ ہم کسی بھی اعلیٰ افسر کے خلاف نہیں ،ہم اُن کا احترام کرتے ہیں اور جب انہیں کسی مشکل وقت میں ہماری ضرورت پڑتی ہے تو ہم اُن کی ہمایت بھی کرتے ہیں جس کی تاریخ گواہ ہے‘‘ ۔انہوں نے نان گزٹیڈ فارسٹ آفیسرایسوسی ایشن کو مکمل ہدایت دینے کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے اس دوران ریاستی وزیر اعلیٰ کو اس معاملے میں ذاتی مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے ۔اجلاس میں ایجیک لیڈر امرک سنگھ ، گنیش کھجوریا ، سید وجاہت حسین ، پیر نثار ، جگدیش شرما ، درشن شرما ، پرم جیت سنگھ ، سروندر کمار ، شیر محمد ، وجے کمار اور دیگر ممبران بھی موجود تھے ۔
تہاڑ حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی:پیپلز لیگ
سرینگر// پیپلز فریڈم لیگ نے کشمیری قیدیوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اکثر سیاسی قیدیوں کو بنیادی اور طبی سہولیات سے بھی محروم رکھا گیا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔لیگ ترجمان نے ایک بیان میںکشمیر اور کشمیر سے باہر مختلف جیلوں میں سینکڑوں کی تعداد میں مزاحمتی رہنمائوں ، سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں کو مقید رکھنے کی کارروائیوں کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں بیشتر قیدیوں کی صحت خراب ہوچکی ہے ۔ترجمان نے ان قیدیوں کے تئیں حکومتی اداروں کے سلوک کو غیر انسانی اور غیر اخلاقی قرار دیا ہے۔
احتساب کمیشن چیئرمین کاجسٹس آنندکی وفات پر اظہارتعزیت
جموں//ریاستی احتساب کمیشن کے چیئرمین جسٹس بی اے خان نے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ڈاکٹر اے ایس آنند کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔جسٹس خان نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر آنند کی وفات سے عد ل و انصاف سے وابستہ برادری نے ایک معروف قانون دان کھو یا ہے جنہوں نے ہمیشہ قانون و انصاف کی بالادستی کے لئے کام کیا ۔ انہوں نے کہا’’ نیلا بتی اور ڈی کے باسو معاملات میں ان کے فیصلے ہمیشہ ایک روشن مثال رہیں گے جن میں انہوں نے پولیس کے ناموافق طریقہ کار پر قدغن لگا کر زیر حراست لوگوں کو تحفظ دلایا‘‘۔جسٹس خان نے کہا کہ جسٹس آنند کی وفات اُن کے لئے ایک ذاتی نقصان ہے کیونکہ انہوں نے ایک دوست اور رہنما کو کھویا ہے جو ان کی رہنمائی کے لئے ہمیشہ دستیاب رہتے تھے۔
مسلم لیگ کی ٹھوکر پورہ پلوامہ کے غمزدہ کنبے سے تعزیت پرسی
سرینگر//مسلم لیگ کے ایک وفد نے ٹھوکر پورہ پلوامہ جاکر پکھرپورہ میں جاں بحق ہوئے شبیر احمد کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کی ۔وفد میں منظور احمد للہاری، عبدالرشید خان، منظوراحمد خان اور اعجاز احمدشامل تھا۔اس موقعہ پر وفد نے شبیر احمد سمیت دوسرے جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان سرفروشوں نے دنیاوی عیش و عشرت کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر جس طرح مظلوم قوم کی سربلندی و افتخاری کے لئے عظیمت کاراستہ اختیار کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہی وہ حقیقی محسن ہیں جو قوم کو صحیح طرزِ حیات سکھانے اور ظلم وجبر کی زنجیروں کو پگھلانے کے لئے اپنا گرم گرم لہو نچھاور کرتے ہیں اور ہمارے آنے والے کل کی خاطر اپنا آج قربان کررہے ہیں ۔ وفد نے کہا کہ مادیت کے اس دور میں جب ہر طرف لوگ حلال وحرام میں تمیز کئے بغیر عقبیٰ کو چھوڑ کر دنیا کی رنگینیوں میں کھوئے ہوئے ہیں ایسے میں دنیاوی عیش و عشرت کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر ہزاروں مشکلات کا سامنا کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ اب اس قوم کومراعات و مفادات کے شیشے میں اتارانہیں جاسکتا ہے ۔
+