نائیدکھائے میں اے ٹی ایم لوٹنے کی کوشش ناکام
ارشاد ا حمد
گاندربل//نائیدکھائے سوناواری میں مقامی لوگوں نے جموں و کشمیر بنک کا اے ٹی ایم لوٹنے کی کوشش ناکام بنادی.دوران شب نقب زنوں نے نائیدکھائے سوناواری میں موجود جموں و کشمیر بنک کا اے ٹی ایم لوٹنے کی کوشش کرنے کے دوران جیسے ہی اے ٹی ایم کا شٹر اٹھایا تو اس کے شور سے آس پاس موجود رہائشی مکانوں کے مکین جاگ گئے جنہوں نے بروقت شور مچایا جس سے نقب زن بھاگنے پر مجبور ہوئے۔اس موقع پر مقامی لوگوں کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی جنہوں نے ماروتی گاڑی زیر نمبر JKOIH_4986 اور اس میں موجود گیس کٹر کو ضبط کیا۔ایس ایچ او سمبل نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقامی لوگوں کے شور مچانے سے چور اے ٹی ایم لوٹنے میں ناکام رہے۔ اس سلسلے میں کیس زیر نمبر 104/2017 درج کرکے چوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے
ہڑتال بھارت کیلئے چشم کشا:فریڈم پارٹی/مسلم لیگ
سرینگر //فریڈم پارٹی ترجمان نے 15اگست پر احتجاجی ہڑتال کو ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حقائق کی ان دیکھی کرکے بھارتی حکمران اور اس کے مقامی حواری خود کو دھوکہ تو دے سکتے ہیں لیکن بین الاقوامی برادری کو زیادہ دیر تک گمراہ نہیں کرسکتے ۔ترجمان نے وادی کو فوجی چھاونی میں تبدیل کرنے کے بعد یوم آزادی منانے کو ایک مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا ان تقریبات سے دور رہنا ان کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے ۔ا س دوران مسلم لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے مکمل ہڑتال کرنے اور تقریبات کا بائیکاٹ کرنے کو ہندوستان کے لئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بخشی اسٹیڈیم کے اندر فوج اور پولیس کے حصار میں جھنڈا لہرانے سے نہ ہی مسئلہ کشمیر کی نوعیت پر کوئی اثر پڑ سکتا ہے اور نہ ہی ان چیزوں سے کشمیری عوام کو مرعوب کیا جاسکتا ہے۔
جے کے ہاؤس دہلی میںتقریب
نئی دہلی//پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر جموں و کشمیر آر کے گپتا نے جے کے ہاؤس میںترنگا لہرایا۔جموں وکشمیر آرمڈ پولیس نے اس موقعہ پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔ نئی دہلی میں تعینات ریاست جموں وکشمیر کے افسران نے اس تقریب میں شرکت کی۔بعد میں پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نے افسروں کے ساتھ بات چیت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے اسناد اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
ناہیدہ نسرین اور نقاش گرفتار
سرینگر//دختران ملت نے تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین کو شبانہ چھاپے کے دوران گرفتار کرنے کی مذمت کی ہے۔موصولہ بیان کے مطابق رات کے بارہ بجے فورسز کی ایک بھاری جمعیت نے ان کے گھر میں گھس کر انہیں گرفتار کرلیا اور رام باغ کے خواتین پولیس سٹیشن میں قید کر دیا ۔ترجمان نے پولیس کی اس کارروائی کو بزدلانہ حرکت سے تعبیرکیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ان گرفتاریوں سے دختران ملت کے حوصلے پست نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ دختران ملت ایک کارواں اور تحریک ہے اور اس کی قیادت کو قید کرنے سے اس تحریک کو دبایا نہیں جاسکتا۔اس دوران اسلامک پولٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش کو پولیس نے ان کے گھر سے گرفتار کرکے نا معلوم مقام پر منتقل کیا ہے ۔ترجمان کے مطابق پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک پارٹی نے انہیں منگل کو بعد دوپہر اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ اپنے گھر میں تھے ۔
امتیاز حیدر سمیت کئی مزاحمتی کارکن تھانہ نظربند
سرینگر// بڈگام پولیس تھانہ میں گذشتہ دو دنوں سے قید مزاحمتی کارکنوں کے افراد خانہ نے ان کی رہائی کی مانگ کی ہے۔ 15اگست کی تقریب سے پہلے پولیس نے مسلم لیگ کے بشیر احمد بٹ اورمحمد یوسف بٹ، وائس چیئرمین پیپلز لیگ محمد یاسین عطائی، تحریک حریت کے سینئر رکن امتیاز حیدر کو بند کردیا۔نظربند مزاحمتی کارکنوں کے افراد خانہ کاالزام ہے کہ جب بھی 26جنوری یا15اگست کی تقریبات ہوتی ہیں، انہیں تھانہ میں بلاکر بند کیاجاتاہے۔ افراد خانہ کاکہنا ہے کہ مذکورہ مزاحمت پسندوں کی گرفتاریاں بلاجواز ہیں اور ان کی گرفتاریوں کو طول دیاجاتا ہے۔ افراد خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر رہاکیاجائے۔
آغا حسن نے گیلانی کی عیادت کی
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن نے علیل حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی کی عیادت کی ۔آغا حسن منگل کو صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ سرینگر گئے ،جہاںانہوں نے سید علی شاہ گیلانی کی عیادت کی اور ان کی صحت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے گیلانی کی فوری صحتیابی کیلئے دعا کی ۔
ظہیر الدین مبارکپوری اور ڈاکٹر ولید کا انتقال
جمعیت اہلحدیث کا اظہار رنج
سرینگر// جمعیت اہلحدیث نے ظہیرالدین رحما نی مباک پوری (شیخ الحدیث)کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر تے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہو ئے کہا ہے کہ اس سو سا لہ بزرگ شخصیت کی جدائی کا زخم ابھی تازہ ہی تھا کہ عالم اسلام کے ایک اور مایہ ناز عالم دین ڈا کٹر ولید العلی کے انتقال کی خبر نے مسلمانوںکو غم میں ڈبو دیا ۔مو صوف جامعہ اسلا میہ مدینہ منورہ سے فارغ تھے اور فی الوقت کویت کی سب سے بڑی مسجد( مسجد الکبیر )میں امامت و خطا بت کی ذمہ دا ریا ں انجام دے رہے تھے اور اسی ملک کی سب سے بڑی یو نیور سٹی کی شر یعت فیکلٹی میںسینئر پرو فیسر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔بیا ن میں مرحو م کی تعلیمی ،تدریسی،دعوتی اور تصنیفی خدما ت کو عقیدت کا خرا ج پیش کر تے ہو ئے اُن کی جنت نشینی کی دعا کی گئی۔
بجلی ٹرانسفارمر خراب
زنڈفرن بارہمولہ گھپ اندھیرے میں
فیاض بخاری
بارہمولہ //بارہمولہ کے زنڈفرن شیری علاقے میں بجلی ٹرانسفارمر خراب ہوا ہے جس کے نتیجے میں مذکورہ گائوں دس دن سے گھپ اندھیرے میں ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق گائوں میں ایک ٹرانسفارمر دس روزقبل خراب ہواتھا جس کو مرمت کیلئے ورکشاپ لیا گیا لیکن تاحال واپس نہیں لایا گیا ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹرانسفارمر اور لوڈنگ کی وجہ سے بار بار جل جاتا ہے ۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ اوورلوڈنگ کا تدارک کرنے کیلئے مناسب ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات سے نجات مل سکے۔
صدرکوٹ بانڈی پورہ میں احتجاج
حاجن میں فورسز پر مکانات کی توڑ پھوڑ کرنے کا الزام
عازم جان
بانڈی پورہ//صدر کوٹ بالا بانڈی پورہ میں نماز ظہر کے بعدایک احتجاجی مظاہرہ برآمد ہواجس کو منتشرکرنے کیلئے فورسز نے ٹیر گیس شلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔ پولیس کارروائیوں کے دوران کئی افراد زخمی ہوگئے ۔اس دوران حاجن میں یوم آزادیٔ پاکستان کے موقعہ پر سبز ہلالی پرچم لہرانے اور جلوس نکالنے کی پاداش میں فورسز نے دکانوں ،مکانوں کی توڑ پھوڑ کی اور مکینوں کا زدکوب کیا۔مقامی لوگوں کے مطابق صدرکوٹ بالا میں بعد نماز ظہر بھارت مخالف جلوس برآمد ہوا ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ فورسز نے جلوس کو روک کر منتشر کرنے کے لئے کارروائی کی تو جلوس میں شامل نوجوانوں نے اُن پر زبردست پتھراو کیا جس کے بعد فورسز نے ٹیر گیس شلنگ اور ہوائی فائرنگ کی ۔ مقامی لوگوں کے مطابق فورسز نے دکانوں اور مکانوں کی توڑ پھوڑ کی جبکہ درجنوں گاڑیوںکے شیشے بھی توڑ دئے لیکن پولیس نے اس الزام کو مسترد کیا ۔