متعدد ممبران اسمبلی وزیر اعلیٰ سے ملاقی
سرینگر// ایم ایل اے ککرناگ عبدالرحیم راتھر یہاںوزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملے اور اپنے حلقہ انتخاب میں ترقیاتی ضروریات کے معاملات اُٹھائے۔وزیر اعلیٰ نے ایم ایل اے کویقین دلایا کہ ان کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھایا جائے گا تا کہ ککرناگ میں زیر تعمیر ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام کی رفتار میں مزید سرعت لانے کو یقینی بنایا جاسکے۔دریں اثناء متعدد ممبران اسمبلی نے وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی اور انہیں اپنے علاقوں اور انتخابی حلقوں میں درپیش مسائل سے آگاہی دلائی۔انہوںنے اپنے انتخابی حلقوں میں ترقیاتی پروجیکٹوں کی رفتار اور ترقیاتی معاملات سے وزیر اعلیٰ کو روشنا س کیا۔ وفد میں ایم ایل اے کرناہ راجا منظور، ایم ایل اے راجوری چودھری قمر، ایم ایل سی سریندر چودھری ، ایم ایل اے کوکر ناگ اے آر راتھر ، ایم ایل اے شوپیان محمد یوسف بٹ ، ایم ایل اے بٹہ مالو نور محمد شیخ ، ایم ایل سیز صو فی یوسف اور ظفر اقبال منہاس شامل تھے۔وائس چیئرمین پہاڑی بورڈ کلدیپ راج گپتا وزیر اعلیٰ سے ملے اور بورڈ سے متعلق معاملات سے وزیر اعلی کومطلع کیا۔وزیر اعلیٰ نے ممبران اسمبلی کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات پر غور کیا جائے گا۔
فوجی کیمپ قائم کرنے کیخلاف نائیدکھئے میں احتجاج
عازم جان
بانڈی پورہ//نائندکھے سمبل میں اڑھائی سال بعد فوجی کیمپ ودبارہ قائم کرنے کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا ہے جبکہ بعد میں سرکاری فورسز کے ساتھ جھڑپوں کا شام تک جاری رہا اس دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ نائندکھے کے مقامی لوگوں نے بتایا ہے 2014 میں فوجی کیمپ ہٹایا گیا تھا جو آج پھر دوبارہ پرائمری ہلتھ سنٹر ہسپتال میں قائم کیا گیاہے اس ضمن میں مقامی آبادی نے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی جلوس نکالا ۔مقامی لوگ اس کیمپ کو ہٹانے کی سرکار سے اپیل کی ہے
ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کا کئی دفاتر کا اچانک معائنہ
غیر حاضر پائے گئے22ملازمین معطل کئے
اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے خوراک رسدات وامور صارفین ،ڈی ایف او ،ایس ایف سی اور سوشل فارسٹری دفاتر کا اچانک معائنہ کیا۔اُدھر اسسٹنٹ کمشنر مال کی قیادت میں آفیسران کی ایک ٹیم نے تحصیلدار اننت ناگ،چیف ایجوکیشن آفیسر ،اے آر ٹی او ،لیگل میٹرالوجی اوردیگر محکموں کے دفاتر کا معائنہ کیا اور جس دوران 22ملازمین کوغیر حاضر پایا گیا اور انہیںموقعہ پر ہی معطل کیا گیا۔
ملازمین کی صد فیصد حاضری کو یقینی بنایا جائے
صوبائی کمشنر کی تما م ترقیاتی کمشنر وں کو ہدایت
سرینگر//سرکاری دفاتر میں ملازمین کی صد فیصد حاضری کو یقینی بنانے اورکام کاج میں مزید بہتری لانے کے لئے صوبائی کمشنر نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ضلع کے تمام دفاتر میں ملازمین کی حاضری کی باقاعدہ جانچ کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ غیر قانونی طور غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔
الیکٹرک انجینئرنگ گریجویٹس ایسوسی ایشن وفد نرمل سنگھ سے ملاقی
تمام مسائل کا عنقریب ازالہ کرنے کی یقین دہانی
سرینگر//جموں کشمیر الیکٹرک انجینئرنگ گریجویٹس ایسوسی ایشن کا ایک وفد یہاں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ سے ملا ۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو کے علاوہ پرنسپل سیکرٹری محکمہ بجلی اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ وفد کی قیادت صدر پیر زادہ ہدایت اللہ کر رہے تھے ۔ وفد نے انہیں درپیش مختلف مسائل سے نائب وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا اور اُن کے ازالہ کی مانگ کی جس میں مختلف سطحوں پر اُن کی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے ، ترقیوں کے مواقعے فراہم کرنے وغیرہ جیسے مسئلے شامل تھے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کی تمام جائیز مانگیں مرحلہ وار پوری کی جائیں گی ۔
کولگام میں پٹاخوں کے استعمال پر پابندی
کولگام//ضلع مجسٹریٹ کولگام نے ضلع میں پٹاخوں کے استعمال پر پابندی کے احکامات صادر کئے ہیں ۔پابندی کا یہ حکمنامہ قیام امن اورعوام کی صحت وسلامتی کویقینی بنانے کے لئے جاری کیا گیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ نے دفعہ144سی آر پی سی کے تحت پٹاخوں کی خریدوفروخت اوراستعمال پر پابندی عائد کی ہے اور پولیس کو ہدایت دی ہے کہ اس حکمنامہ پر من وعن عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔اس حکمنامے کا نفاذ24ستمبر2017ءتک رہے گا۔
شاہد احمد میر کو مزاحمتی جماعتوں کا خراج عقیدت
سرینگر//محاذ آزادی صدر محمد اقبال میر اور نائب صدر قطب عالم،لبریشن فرنٹ (آر)جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی ،اسلامی پولٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش ، دختران ملت ،پیپلز فریڈم لیگ نے رامحال ہندوارہ میںمعصوم طالب علم شاہد احمد میر کو فوج کے ہاتھوں فرضی جھڑپ میں مارے جانے کی شدید الفاظ میںمذمت کی۔ انہوںنے کہاکہ فوج کشمیر میں نسل کشی کی مرتکب ہورہی ہے ۔انہوںنے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں ہورہی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فوج کے ہاتھوںفرضی جھڑپوں میں مار گئے سینکڑوں مصوم اور بے گناہ نوجوانوں کاسنجیدہ نوٹس لیں۔انہوںنے شاہد میر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کااظہار کیا۔
راتھر نے ایتھکس کمیٹی اجلاس کی صدارت کی
سرینگر//جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کی ایتھکس کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چئیر مین رُکنِ اسمبلی عبدالرحیم راتھر کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ دورانِ اجلاس قانون سازوں کی اخلاقی ذمہ داریوں پر غور و خوض ہوا ۔ ارکان اور ایوان کی اخلاقیات کو متاثر کرنے والے اندرونی و بیرونی عناصر پر مفصل بحث و تمحیص ہوئی ۔ اجلاس میں قانون سازوں کے مختلف مسائل کا ازالہ اور کمیٹی کیلئے مستقبل میں اختیار کئے جانے والے لایحہ عمل پر بھی غور و خوض ہوا ۔ قانون ساز عبدالرشید ڈار ، راجہ منظور احمد ، عبدالمجید لارمی اجلاس میں موجود تھے ، انہوں نے ارکان کے اخلاقیات کو بہتر بنانے سے متعلق اپنی آراءپیش کی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کمیٹی ملک کی دیگر ریاستوں بالخصوص جنوبی ریاستوں کی اسمبلیوں اور کونسلوں کا دورہ کرے گی اور وہاں ایوان کی کاروائی اور قواعد و ضوابط کا مشاہدہ کرے گی ۔ اجلاس میں مزید فیصلہ لیا گیا کہ دورے کے دوران پارلیمنٹ کی ایتکس کمیٹی اور دیگر معززین کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ سیکرٹری قانون ساز اسمبلی اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے ۔
شوپیاںمیں قومی لوک عدالت جانکاری مہم
شوپیاں//شاہد ٹاک //شوپےان مےں پرنسپل اےنڈ ڈسٹرکٹ سےشن جج اشوک کمار شون ،جو کہ ڈسٹرکٹ لےگل سروسز اتھارٹی شوپےان کے چیئر مےن بھی ہے ،کی جانب سے قومی لوک عدالت جانکاری اور بےداری مُہم منعقد ہوئی ۔ضلع شوپےان کے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلکس مےں ضلع بھر کے تمام آفسران کے علاوہ جج صاحبان جن مےں سرتاج سنگ بھالی،سی جی اےم شوپےان اور عاد ل مُشتاق احمد مُنصف شوپےان اوروکلاءنے شرکت کی۔ 9ستمبر کو قومی لوک عدالت منعقد کی جا رہی ہے۔ اور لوگوں سے کہاگیاہے کہ وہ اپنی شرکت یقینی بنائیں۔
زیر تعمیر ویٹرنری ہسپتالوں کی جلد تکمیل کی جائے: کوہلی
سرینگر//پشو وبھیڑ پالن اور ماہی پروری عبدالغنی کوہلی نے ہارٹی کلچر، پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ زیر تعمیرویٹرنری ہسپتالوں کی عمارات پر جاری کام میں سرعت لائیں تا کہ ان کی تکمیل کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جاسکے۔ان باتوں کا اظہار وزیر نے ریاست جموں وکشمیر میں ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کے لئے فراہم کی گئی رقومات کے مصرف کے سلسلے میں منعقدہ جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ مرکز نے229 عمارتوں کے لئے ای ایس وی ایچ ڈی کے تحت28.87 کروڑ روپے کے پروجیکٹ رپورٹ کو منظوری دی ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ12.50 کروڑ روپے میں سے10.28 کروڑ روپے135 عمارتوں کی تعمیر پر خرچ کئے گئے۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری انیمل و شیپ ہسبنڈری آر کے بھگت، ڈائریکٹرز انیمل و شیپ ہسبنڈری کشمیر اور جموں، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ، پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اسلام مخالف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیاجائیگا: حامی
سرینگر//کاروان اسلامی کے امیر غلام رسول حامی نے کہاہے کہ اسلام مخالف قوتیں ایک منظم سازش کے تحت اسلامی قوانین اور اسلامی تشخص کو مسخ کرنے کی کوششوں میں عالمی سطح پر جڑھے ہوئے ہیں جنہیں کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تشخص اور ریاست کی سالمیت کے لئے پر امن طریقے سے ہر خاطر خواہ قدم اٹھایا جائے گا اور ریاستی سالمیت اور اسلامی تشخص کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو قطعاََ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جامع مسجد گلاب باغ حضرت بل میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام نے دنیا میں رہنے والوں کے لئے ایک ایسا ضابطہ حیات فراہم رکھا جس کی نظیر کسی اور مذہب یا قانون میں ملنا نا ممکن ہے۔ انہوںنے کہا کہ ریاستی سالمیت، اسلامی تشخص، معاملہ طلاق ثلاثہ اور دیگر حساس ترین مذہبی معاملات سے متعلق مورخہ28،اگست سوموار کو سرینگر میں ایک آل پارٹیز اجلاس بلانے کا فیصلہ لیا گیا ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے سربراہان کو مدعو کرکے ان تمام امورات اور معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔