حج زائرین کے رشتہ داروں کےلئے ایڈوائزری جاری
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ گھریلو اور حج اڑانیں مختصر وقفے کے اندر اندر ہی سرینگر ہوائی اڈے پر پہنچ جاتی ہیں جس کی وجہ سے حاجی صاحبان اورعام مسافروں کو منزل مقصود پر پہنچنے میں مشکلات آرہی ہیں۔چنانچہ ائر پورٹ جانے والی سڑک پر بلا خلل ٹریفک کی نقل وحرکت کو یقینی بنانے اورٹریفک جام کو روکنے کےلئے صوبائی کمشنر نے حاجیوں کے رشتہ داروں سے کہا ہے کہ وہ حاجیوں کو لانے کے لئے صرف ایک ہی گاڑی کا استعمال کریں اور ائر پورٹ سڑک پر اپنی گاڑی کو کھڑا نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک ایڈوائزری پر سختی کے ساتھ عملدر آمد کیاجائے تاکہ مسافروںکو منزل تک پہنچنے کےلئے کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
فٹ بال کا ابھرتا کمسن کھلاڑی سیار بھی جان بحق
20سالہ سیار احمد ساکنہ ونپورہ قیمو بھی داﺅود کے ساتھ ہی جھڑپ میں ماریا گیا ۔ وہ آٹھ بھائی بہنوں میں سب سے چھوٹا تھا ۔ سیار کی 5بہنیں اور تین بھائی تھے۔ ہائی سکول پاس کرنے کے بعد فٹبال کے بہترین کھلاڑی نے جنگجووں کے صفوں میں شمولیت اختیار کرلی۔ سیار بہترین فٹبالر اور اتھلیٹ تھا اور اپنی سکول کی ٹیم کی قومی سطح پر بھی ترجمانی کرچکا ہے۔ سیار کے دوستوں نے بتایا کہ اس نے ریاستی اور قومی سطح پر فٹبال میں کئی انعامات جیتے ہیں۔ ایک کسان کے بیٹے سیار نے پچھلے سال حزب کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد جنگجووں کے صفوں میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔
شوپیان میں مکمل ہڑتال
شوپےان //شاہد ٹاک//ضلع شوپےان کے باربُگ امام صاحب علاقے مےں دو جنگجوں کی ہلاکت پر ضلع شوپےاں مےں مکمل ہرتال رہی ۔تمام تردُکانےں کاروباری ادارے سرکاری اور غےرسرکاری تعلےمی ادارے بھی بند رہے۔تاہم سڑکوں پر ٹرےفک کی آمد رفت جُزوی طور دےکھی گی¿۔اس دوران ضلع بھر مےں حالات بہتر بنے رہے کسی بھی علاقے سے کسی ناخوشگوار واقع کی کوی¿ اطلاع نہےں ملی۔واضح رہے کہ سنےچر کی شام باربُگ امام صاحب جو کہ ضلع ہےڈ کواٹر سے 8کلومےٹر کی دوری پر واقع ہےں مےں فورسز اور جنگجوں کے بےچ شروع ہونے والے مسلح تصادم مےں دو جنگجوجان بحق ہوئے تھے۔جس کے بعد ضلع مےںاحتےاط َ انٹرنےٹ خدمات بھی معطل کی گی ¿۔
فوٹو جرنلسٹ کا گرفتاری معاملہ
وزیرداخلہ نے مدد کی یقین دہانی کی
سرینگر//وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے این آئی کی طرف سے گرفتار کئے گئے فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف کیس میں مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سرینگر میں اپنے دورے کے دوران پریس کانفرنس کے حاشیہ پر فوٹو جرنلسٹوں اور سنیئرصحافیوں نے کامران یوسف کا معاملہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ اٹھایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کے دفتر کے انچارج وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں۔ذرائع نے بتایا کہ صحافیوں نے وزیر داخلہ سے کہا کہ اگر کامران یوسف سنگبازی میں مبینہ طور پر ملوث ہے اور انکی پوچھ تاچھ کرنی ہے،تو مقامی پولیس اس کی پوچھ تاچھ کریں۔کامران یوسف کو5ستمبر مبینہ طور پر سنگبازی کے الزام میں این آئی ائے نے حراست میں لیا۔
خانصاحب میں جواں سال درزی کی پُراسرار موت
سرینگر// خانصاحب بڈگام میں جواں سال درزی کی پُراسرارموت کی وجہ سے سنسنی پھیل گئی ۔ وسطی ضلع بڈگام کے کانورہ خانصاحب گائوں میں سوموارکواسوقت تشویش کی لہردوڑگئی جب یہاں ایک جواں سال مقامی درزی کی نعش اُسکے دکان سے برآمدکی گئی ۔معلوم ہواکہ 21سالہ شکیل احمدڈارولدمحمدعبداللہ ساکنہ رائتھن خانصاحب اتوارکواہل خانہ سے یہ کہہ کرگرسے نکلاکہ اُسے کسی کی شادی کیلئے کپڑے بنانے کیلئے جاناہے۔اہل خانہ نے جب شکیل احمدکے ساتھ رابطہ کرنے کی کوشش کی تواُس کاموبائل بندآرہاتھاجس پراس نوجوان کے گھروالے سخت فکروتشویش میں مبتلاہوگئے۔اہل خانہ نے کہا’’جب شکیل کاموبائل بندآرہاتھاتوہم سب سخت پریشان ہوگئے اوراسکی تلاش کیلئے نکلے‘‘ ۔اس دوران جب گھرکے کچھ افراد کانورہ خانصاحب پہنچے اورشکیل کی بندپڑی دکان کھولی تواُنکے ہوش ہی اُڑگئے کیونکہ دکان کے اندراس نوجوان کی نعش پڑی تھی ۔پولیس ذرائع کے مطابق کانورہ خانصاحب میں ایک دکان کے اندرکسی نوجوان کی نعش موجودہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ خانصاحب کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور شکیل احمدکی نعش کواپنی تحویل میں لیکرنزدیکی اسپتال میں اس کاپوسٹ مارٹم کرایا۔ایس ڈی پی اوخانصاحب محمداسلم شاہ نے کہاکہ ابتدائی شواہدسے لگتاہے کہ نوجوان درزی نے خودکشی کی ہے کیونکہ اُسکی نعش کے پاس سے کچھ زہریلی شے برآمدکی گئی تاہم پولیس نے سی آرپی سی 174کے تحت معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔اس دوران جب شکیل کی نعش اُس کے آبائی گھرپہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔
کرایہ تنازعہ:ڈاڈ سر ترال کی سومو سروس ایک ماہ سے بند ،عوام پریشان
سید اعجاز
ترال// ڈاڈسر ترال کی آبادی اورعوام کے درمیان کرایہ کے معاملے پر تنازعہ کے بعد علاقے کی سومو سروس گزشتہ25روز سے بند ہے جس کے نتیجے میں مسافروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ ترال سے صرف پانچ کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے اور قواعد وضوابط کے مطابق کرایہ میں کوئی بھی اضافہ ممکن نہیں ہے کیونکہ لوگ پہلے ہی نئے شرحوں کے مطابق کرایہ ادا کرتے ہیں ۔ٹرانسپوٹروں کا کہنا ہے کہ ڈاڈسر قصبے سے سات کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ اس حوالے سے مسافروں نے انتظامیہ کوآگاہ کیا تاہم وہ مسئلہ کو حل کرنے میں ناکام ہے جس کی وجہ سے آبادی میں غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔ ادارہ اوقاف اسلامیہ ڈاڈسر ترال نے دھمکی دی کہ اگر انتظامیہ مسئلے کوتین دن تک حل کرنے میں ناکام رہا تو وہ شاہراہ پر دھرنا دینے کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔
نعیمہ مہجور نے بھارت یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لیا
سرینگر//چیئرپرسن جے اینڈ کے سٹیٹ وومن کمیشن نعیمہ احمد مہجو ر نے ایک میٹنگ کے دوران بھارت یاترا کو منعقد کرنے کے سلسلے میں کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لیا جس کا ملک بھر میں کیلاش ست یارتھی چلڈرنس فائونڈیشن ( کے ایس سی ایف ) نوبل پیس لاریٹ کیلاش ست یارتھی کی قیادت میں اہتمام کیا جارہا ہے ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ یاترا سرینگر شہر سے 9؍ اکتوبر2017ء کو گزرے گی جس میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بھی حصہ لیں گی۔یاترا کا بنیادی مقصد بچوں کے خلاف تشدد کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا اور تشدد کو روکنا خاص طور پر بچیوں کو ظلم و ستم اور استحصال سے بچانا ہے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نے کہا کہ اس یاترا کی ضرورت تب پڑی جب ملک بھر میں بچوں کے خلاف تشدد کی کارروائیوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ جُرم کو صرف قانون سے نہیں روکا جاسکتا بلکہ اس کے لئے عوامی جانکاری مہم میں شدت لانا بہت ضروری ہے ۔
چھترگل کنگن میں13سالہ لڑکا لاپتہ
گاندربل//ارشاد احمد//چھترگل کنگن میں ایک 13 سالہ لڑکا لاپتہ ہوگیا ہے۔ فیروز احمد خان ولد عبدالرحیم خان ساکن چھترگل کنگن دارالعلوم میں زیر تعلیم ہے اورعید کی چھٹیوں پر گھر آیا تھا ۔فیروز کے لواحقین نے بتایا کہ فیروز جمعہ 8ستمبر کو گھر سے دارالعلوم روانہ ہوا لیکن وہ نہ ہی دارالعلوم پہنچا ہے اور نہ ہی گھر واپس آیا۔جس کے نتیجے میں اہل خانہ تشویش میں مبتلا ہیں۔فیروز احمد خان کے والدین نے اس سلسلے میں گمشدگی کی رپورٹ پولیس اسٹیشن کنگن میں بھی درج کروائی ہے۔
قاضی آ باد کا بزرگ شہری لاپتہ
لواحقین میں تشویش
اشرف چراغ
کپوارہ//سرحدی تحصیل ہندوارہ کے قاضی آ باد سے تعلق رکھنے والا بزرگ شہری گزشتہ4روز سے لاپتہ ہے جس کی وجہ سے لو احقین میں سخت تشویش پائی جارہی ہے ۔کھئی پورہ قاضی آ باد ہندوارہ کے محمد ایوب شیخ نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ان کا65سالہ بزرگ والد عبد الرحمان شیخ ولد حبیب اللہ شیخ 9ستمبر کو گھر سے بارہ مولہ کے لئے نکلا جہاں انہیں ایک رشتہ دار کے گھر جاناتھا ۔ایوب نے کہا کہ اُس روز ربن سوپور میں تصادم آرائی ہورہی تھی جس کی وجہ سے علاقہ میں حالات کشیدہ تھے تاہم ان کا بزرگ والد بارہ مولہ میں اپنے رشتہ دارو ں کے گھر نہیں پہنچ سکا تھا اور تب سے لاپتہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ’ان کی سلامتی کو لیکر افراد خانہ تشویش میں مبتلا ہیں‘ ۔لواحقین نے بتا یا کہ انہو ں نے اپنے تمام رشتہ دارو ں کے گھر جاکر عبدالرحمان کو تلاش کیالیکن وہ کہیں نہیں ملا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس میں بھی رپورٹ درج کرائی گئی لیکن 4روز گزرنے کے با وجود بھی کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔
نشاط انصاری کو برسی پر خراج عقیدت
دلنہ بارہمولہ میں تقریب
سرینگر//معروف کشمیری شاعر اور ادیب نشاط انصاری کی 17 ویں برسی کے موقعے پر انہیں خراج عقیدت ادا کیا گیا۔ اس سلسلے میں ان کے آبائی گائوں دلنہ بارہمولہ میں قائم ہائر اسکنڈری سکول میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام ریاستی کلچرل اکادمی نے دائرہ ادب دلنہ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر مقررین نے نشاط انصاری کی زندگی اور کشمیری ادب کے تئیں ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔پہلی نشست کی صدارت کشمیر یونیورسٹی شمالی کیمپس کے ڈائریکٹر ارشاد احمد ملک نے کی جبکہ ساہتیہ اکادمی دہلی کے کشمیری بورڈ کے کنوینر پروفیسر محمد زمان آزردہ مہمان خصوصی کے طور موجود تھے۔اس موقع پر دائرہ ادب دلنہ کے رسالہ ’پرتو‘ کے تازہ شمارہ کی رسم رونمائی بھی انجام دی گئی۔ دوسری نشست میں مشاعرہ منعقد ہوا جس کی صدارت نامور شاعرسعدالدین سعدی نے کی ۔
گلمرگ اورٹنگمرگ میںپالتھین اورپلاسٹک کیخلاف مہم
سرینگر//عدالت عالیہ سرینگر کی ہدایات کے تحت گلمرگ اورٹنگمرگ کی حدود میں آنے والے علاقوںمیں میونسپل کمیٹی گلمرگ/ٹنگمرگ نے پالتھین اورپلاسٹک کی بدعت کے خلاف ایک غیر معمولی مہم کا آغاز کیا جس دوران بھاری مقدار میںپالیتھین اورپلاسٹک کو ضبط کیاگیا اور قصورواروں سے جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔گلمرگ اورٹنگمرگ کے دکانداروں،تاجروں اور چھاپڑی فروشوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ پالیتھین اورپلاسٹک کا ہرگز استعمال نہ کریں ورنہ اُن کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
ایس ایس بی کا بھرتی مہم کیلئے عارضی کیلنڈر جاری
سرینگر//ایک خصوصی فیصلے کے تحت جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ ( جے کے ایس ایس بی ) نے سال 2010 سے مشتہر کی گئی اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے ایک عارضی کیلنڈر جاری کیا ہے ۔ بورڈ نے خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے عارضی ڈیڈلائن جنوری 2018ء مقرر کیا ہے۔
شاہراہ پر پسی گرآنے سے پل تباہ، ادھمپور میںسینکڑوں گاڑیاں درماندہ
بانہال //محمد تسکین // سرینگر جموں شاہراہ پر ادہمپور کے نزدیک ایک بھاری پسی کے گرانے کی وجہ سے شاہراہ پر واقع ایک پل کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ پیر کی شام چار بجے کے بعد فور لین شاہراہ کی کھدائی کیلئے ادہمپور کے نزدیک ایک مقام پر ایک بھاری پسی شاہراہ پر گر آئی جس کی وجہ سے موڑ پسی ، ادہمپور کے مقام شاہراہ کا ایک پْل اس پسی کی زد میں آگیا ہے اور اسے سخت نقصان سے دو چار ہونا پڑا ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سینکڑوں مسافر درماندہ ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ بعض چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں نے جموں اور وادی کشمیر کی طرف واپسی کی راہ اختیار کی ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک قومی شاہراہ سنجے بھگت نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ادہمپور اورسرمولی کے درمیان واقع موڑ پسی کے مقام پر مٹی اور چٹانوں سمیت ایک پسی شاہراہ پر گر آئی ہے اور شاہراہ پر واقع ایک پْل کو سخت نقصان پہنچا ہے۔
کشمیر قتل گاہ میں تبدیل،فوجی انخلاء واحد علاج:دختران ملت
سرینگر//دختران ملت نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کو ایک قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں دختران کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ بھارتی سیاست دانوں کے یہ دورے صرف بین الاقوامی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی یہ تجربے آزمائے گئے لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف مکمل فوجی انخلاء میں ہے۔نسرین نے بودھ مذہبی رہنما دلائی لامہ کے روہنگیائی مسلمانوں کے حوالے سے دئے گئے بیان کا بھی خیر مقدم کیا۔ تاہم انہوں نے کہا دلائی لامہ کا محض دکھی ہونا برما میں جاری مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے میں ہرگز بھی مؤثر نہیں ہوسکتا۔
بی ایس این ایل کے اہتمام سے کپوارہ میں سیمنار
کپوارہ//ٹائون ہال کپوارہ میں’ سب کاساتھ سب کا وکاس‘ کے موضوع پر ایک روزہ سیمنار کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم ایل اے کپوارہ بشیر احمد ڈار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقعہ پر ضلع کے ذی عزت شہریوں ، بی ایس این ایل صارفین اور عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ایم ایل اے کپوارہ نے بی ایس این ایل حکام کو مواصلاتی سہولیات اور خدمات میں حد درجہ بہتری لانے کے لئے کہا تاکہ جدید دور کے تقاضوں کو پورا کیا جاسکے۔اس موقعہ پر جنرل منیجر بی ایس این ایل نے بی ایس این ایل کی مجموعی کارکردگی کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں 700موبائیل ٹاور نصب کئے گئے ہیں جبکہ مواصلاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے 100کلومیٹراوپٹیکل فائبیر کیبل بچھائی جارہی ہے ضلع میں اس مقصد کے لئے کام میںتیزی لائی جارہی ہے۔
کپوارہ میں ناگہانی آفات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیاریوں کاجائزہ
کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ کی صدارت میں مختلف محکموں کے افسران کی ایک مشترکہ میٹنگ منعقد ہوئی۔جس دوران کسی بھی قدرتی آفات ،بھونچال،سیلاب ،جنگی صورتحال یا موسمی آفات کی زد میںآنے والے متاثرہ افراد کی امداد ،باز آبادکاری کاری کویقینی بنانے کے لئے تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔میٹنگ کے دوران انسانی بستیوں ،مال مویشیوں کو کسی محفوظ مقامات تک پہنچانے،سرحدی علاقوں میں لوگوں کے لئے بنکروں کی دستیابی ،بنیادی سہولیات اورانہیں مویشیوں کے لئے محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے پر سیر حاصل بحث کی گئی۔متعلقہ محکموں کے آفیسران نے اپنے اپنے محکموں کی تیاریوں اور کنٹنجنسی پلان مرتب کرنے کے لئے ہدایات حاصل کیں تاکہ بروقت لوگوں اور اُن سے جُڑے معاملات کو نپٹایا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو اپنا اپنا پلان ایک ہفتہ کے اندر اندر روانہ کرنے کے علاوہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔