سرینگر //گورنر این این ووہرا ،وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی اور نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے نوراترا کے ایام شروع ہونے پر لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے ریاست میں امن، بھائی چارے، ترقی اور خوشحالی کی دُعا کی ہے۔ اپنے ایک پیغام میں گورنر نے ریاستی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دُعا کی۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نوراترہ شروع ہونے کے موقعہ پر لوگوں کو مبار ک باد دی ہے۔ مبارک بادی کے اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر آپسی روا داری، بھائی چارے، امن اور اخوت کا گہوارہ رہی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہاکہ یہ تہوار لوگوں کو پاک و صاف زندگی گزارنے کی ترغیب دیتا ہے۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ اس تہوار کی بدولت ریاست میں امن ، خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔
محرم الحرام کی آمد
بارہمولہ اور بڈگام میں انتظامات کا جائزہ لیاگیا
بارہمولہ//باغبانی کے وزیر بشارت بخاری نے بارہمولہ اور زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے بڈگام میں محرم انتظامات کا جائزہ لیا۔باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران ضلع انتظامیہ کی طرف سے محرم الحرام کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ناصر احمد نقاش کے علاوہ مختلف محکموںکے افسروں اور شیعہ آبادی والے علاقوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے وزیر کو مختلف محکموں کی طرف سے محرم الحرام کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی ۔ اس دوران خاص طور سے بجلی، پانی، راشن ، صفائی ستھرائی، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ۔بشارت بخاری کو بتایا گیا کہ ان مقدس ایام کے دوران طبی ٹیموں اور ایمبولنس گاڑیوں کو کام پر لگایا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں اندورنی سڑکوں کی مرمت بھی کی جارہی ہے تاکہ عزاداری کے جلوسوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ادھرزراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے ضلع بڈگام میں محرم الحرام کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔ اس موقعہ پر وزیر نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ ضلع ہیڈ کوارٹروں پر محرم کنٹرول روم قائم کریں تا کہ لوگوں کی شکایات کا وقت پر ازالہ ہوسکے۔ بجلی محکمہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ ضلع کے اہم مقامات پر بڑی لائٹیں نصب کریں۔ انہوں نے پی ایچ ای محکمہ اور سی اے پی ڈی محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ عزاداروں کے لئے بہتر سڑک رابطے اور پینے کے پانی کی سہولیات کو یقینی بنائیں۔ میٹنگ میں شیعہ آبادی والے علاقوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ایم ایل سی سیف الدین بٹ، ڈپٹی کمشنر بڈگام اور دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
شیعہ سنی جماعتوں کا
مشترکہ اجلاس آج
سرینگر// محرم الحرام کا مہینہ سایہ فگن ہورہا ہے۔ عالم اسلام کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں ریاست جموں و کشمیر کے حساس حالات کے پیش نظر محرم تقریبات کے پُر امن انعقاد کیلئے حسب سابقہ وادی کی شیعہ سنی دینی و سیاسی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس بعنوان ’’ یوم حسینؑ‘‘آج یعنی 21 ستمبر2017 بروز جمعرات صبح 10:00 انجمن شرعی شیعیان کے صدر دفتر پر منعقد ہورہا ہے، جہاں معروف دینی و سیاسی تنظیموں کے قائدین و نمایندگان شہدائے کربلا ؑکو عقیدت کا خراج پیش کریں گے اورمحرم الحرام کے پُر امن اور شایان شان انعقاد کیلئے لائحہ عمل مرتب کریں گے۔
حریت (گ)کا 23ستمبر کو اجلاس
سرینگر//حریت کانفرنس (گ) ترجمان اعلیٰ غلام محمد گلزار نے کہا ہے کہ حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے 23 ستمبر،سنیچروار کو دس بجے حیدرپورہ میں مجلس شوریٰ کا ایک اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ،جس میں تحریک مزاحمت کے حوالے سے ریاست جموں کشمیر کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا ۔
پینے کے پانی کی قلت
مڈل اسکول چھاندل کے طلاب کو مشکلات
فیاض بخاری
بارہمولہ //چھاندل ٹنگمرگ کے گورنمنٹ مڈل اسکول میں پینے کے صاف پانی کی قلت کی وجہ سے طلاب کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔سکول میں زیر تعلیم ایک طالب علم نے بتایا کہ اسکول میں پچھلے کئی روز سے پینے کا صاف پانی دستیا ب نہیں ہے اوروہ ندی نالوں کاگندے پانی پینے پر بھی مجبور ہیں۔انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ ا سکول میں جلد از جلد پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے فوری طور پرا قدامات کئے جائیں تاکہ طلاب بیماریوں سے بچ سکیں ۔
ٹنگمرگ میںاحتجاج
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف مقامی لوگوں نے پولیس تھانہ کے سامنے دھریا۔کھہی پورہ ٹنگمرگ کے لوگوں نے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف پولیس تھانہ ٹنگمرگ کے سامنے دھرنا دیکر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف زبردست احتجاجکیا۔انہوں نے پائپ لائن کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔ احتجاجی لوگوں کے مطابق چار روزقبل گائوں کی واٹرسپلائی لائن پھٹ گئی اور اس سلسلے میں محکمہ کو آگاہ کیا گیا لیکن کوئی داد رسی نہیں ہوئی۔احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ لوگ ندی نالوں کا ناصاف پانی استعمال کرنے پر مجبورہوگئے ہیں جس سے وبائی بیماریاں پھوٹ پڑنے کا قوی امکان ہے۔بعد میں ایس ڈی ایم گلمرگ نے فوری طور پی ایچ ای افسران کو طلب کرکے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت دی۔ ( مشتاق الحسن)
بار ایسوسی ایشن شوپیان کا تعزیتی اجلاس
ایڈوکیٹ میر کی خدمات کو یاد کیا گیا
سرینگر//ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شوپیان کے ایک ماتمی اجلاس میں ایڈوکیٹ عبدالمجید میرکے انتقال پرگہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں جج صاحبان کے علاوہ وکلا ء اور ممبراسمبلی شوپیان ایڈوکیٹ محمد یوسف بٹ نے مرحوم میر کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہیںخراج عقیدت پیش کیا اور مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی گئی۔اجلاس میں مرحوم کو یاد کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوںنے لگن اور جافشانی سے وکالت کے پیشے کو اپنا یا تھا اور کئی بار بار ایسوسی ایشن شوپیان کے صدر منتخب ہوئے۔مرحوم ایسوسی ایشن کی بہبودی کے لئے وکلا کے ساتھ پیش پیش رہے اور ہمیشہ اپنے زرین خیالات اور مشوروں سے مستفید کرتے رہے ۔ مرحوم کی ذات اس قدر شائستہ تھی کہ وہ تمام چھوٹے بڑے اور معزز وکلا کے ساتھ خندہ پیشانی ، احترام اور انکساری کے ساتھ پیش آتے رہے ۔بیان کے مطابق بارایسوسی ایشن شوپیان دکھ کی اس نازک گھڑی میں سوگوار خاندان خصوصاً پسماندگان کے ساتھ دکھ اور درد میں برابر شریک ہے ۔ دریں اثناء وادی کی مختلف وکلا انجمنوں نے بھی مرحوم کے تئیں خراج تحسین پیش کیا جن میں جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسیشن ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسیشن پلوامہ اور ڈسٹرکٹ بار ایسویشن اسلام آباد قابل ذکر ہیں ۔ بیان کے مطابق بارایسوسی ایشن شوپیان کو ریاست کے اطراف و اکناف سے تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں ۔ اجلا س میں آخر پر دو منٹ کی خاموشی کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی گئی۔اس دوران آثار شریف پنجورہ شوپیان کے متولی میر بشیر احمد نے ایڈوکیٹ میر کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم بے شمار صلاحیتوں کے مالک تھے ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب عطاکرے۔
گرفتار نوجوانوں کو پیش عدالت نہ کرنا ناانصافی:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے 2016 میں قاضی گنڈ میں گرفتار کئے گئے عسکریت پسند نوید کے ساتھ رابطہ رکھنے کے الزام میں فیاض احمد ایتو کھڈونی، خورشید احمد اورسبزار احمد ایتو کیموہ، خورشید احمد بٹ چرسو اور شوکت احمد ڈار پلوامہ کی گرفتاری کے بعد انہیں کورٹ بلوال جیل میںدوسال سے مقید رکھ کر کبھی بھی پیشِ عدالت نہ کرنا اور لیگ کارکن لطیف احمد کلو کو سی آئی کے میںقید رکھنے کو ناانصافی سے تعبیر کیا ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے بیان میں کہا ہے کہ ان کو عدالت میں پیش نہ کرنے کے لئے مختلف حیلے تراشنا ان نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک بنانے کے مترادف ہے۔ترجمان نے لیگ کارکن لطیف احمد کلو کو پی ایس اے کالعدم ہونے کے باوجود سی آئی کے میں مقید رکھنے کی مذمت کی اور ان کی فوری رہائی پر زور دیا۔
+
–