او آئی سی اجلاس کے فیصلوں پر عمل آوری کی ضرورت: آغا حسن
سرینگر/انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے ترکی میں منعقدہ او آئی سی اجلاس میں بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کے امریکی فیصلے کے خلاف پاس کردہ قرار داد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس قرارداد کو دنیائے اسلام کے دینی جذبات و خواہشات کا آئینہ دار قرار دیا۔آغا حسن نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنانہ صرف فلسطینی کاز پر ایک کاری ضرب ہے، بلکہ یہ امریکی اقدام دنیائے اسلام کے خلاف یہود و نصاریٰ کے دیرینہ عزائم کی ایک بدترین کڑی ہے، جس کے خلاف سینہ سپر ہونا عالم اسلام کے محفوظ مستقبل کیلئے انتہائی ناگزیر ہے۔ آغا حسن نے کہا کہ اس اجلاس کے بعد امت مسلمہ کی تمام نگاہیں او آئی سی کے اجلاس میں لئے گئے فیصلہ جات کی عمل آوری پر مرکوز رہیں گی۔ دریں اثناء انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی اسلام آباد چلو کال کو ناکام بنانے کیلئے جنوبی کشمیر اور سرینگر میں غیر اعلانیہ کرفیو، آغا سید حسن الموسوی سمیت دیگر مزاحمتی قائدین کی خانہ نظر بندیوں کی مذمت کی۔
ارکانِ قانون سازیہ کیلئے تربیتی پروگرام کا آغاز
جموں //قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے ارکانِ قانون سازیہ کیلئے دو ہفتہ طویل تربیتی پروگرام کا آغاز کیا تا کہ انہیں ای اسمبلی پروجیکٹ کے تقاضوں کے بارے میں روشناس کرایا جا سکے ۔ یہ تربیت انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمے کے ارکان کی طرف سے دی جا رہی ہے اور اس دوران شرکاء کو ای اسمبلی اپلیکیشن کے موثر استعمال کے بارے میں جانکاری دی جائے گی ۔ سپیکر موصوف نے اسمبلی کی کاروائی میں ڈیجٹائیزڈ نظام کو بروئے کار لانے کے فوائد اور مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈٖالتے ہوئے کہا کہ اس اپلیکیشن کی بدولت ارکان کو موبائیل پر ہی ہر طرح کی جانکاری دستیاب کرائی جائے گی ۔ اس نئے نظام کے تحت ارکانِ قانون سازیہ اپنے سوالات اور جوابات آن لائین ہی پیش کر سکتے ہیں یوں اسمبلی کی کاروائی میں کاغذ کا استعمال ختم ہو گا اور اس طرح قیمتی وقت کو بھی بچایا جا سکے گا ۔ دیگر لوگوں کے علاوہ ارکانِ قانون سازیہ ، سیکرٹری اسمبلی ، تربیت پانے والے ، کئی سینئر افسران اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔
گوگوہمہامہ میں فوج کو اراضی الاٹ کرنا گہری سازش: جماعت
سرینگر//گوگولینڈ ہمہامہ میں بھارتی فوج کو مقامی حکمرانوں کی طرف سے درپردہ 1600 کنال اراضی الاٹ کرنے کا معاملہ انتہائی تشویشناک اور افسوس ناک ہے اور فلسطین کے طرز پر مقامی باشندوں کو اُن کی اراضی سے بے دخل کرنے کی ایک گہری سازش ہے۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ میڈیا میں نمایاں طور پر یہ خبر شائع ہونے کے باوجود اس پر یہاں کی سرکاری انتظامیہ کی خاموشی معنی خیز ہے۔ اس طرح کی کارروائیاں ماضی میں بھی ہوتی رہی ہیں جس کے نتیجہ میں وادی کشمیر میں جگہ جگہ پر فوجی چھاونیاں اور کیمپ قائم ہیں اور وادی کے زرخیز اور جاذب نظر علاقوں پر فوجیوں نے قبضہ جمایا ہے جس میں یہاں کے حکمران باضابطہ طور شامل ہیں۔جماعت اسلامی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس اہم اور نازک مسئلہ کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اس کی قانونی چارہ جوئی کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ ترجمان نے کہاکہ نیز یہاں کے حقیقی نمائندوں کو بھی اس مسئلے کی طرف فوری توجہ دینے کی استدعا کی جاتی ہے تاکہ وقت پر اس مسئلہ کا ایک ایسا حل نکالے جس سے یہاں کے باشندوں کے حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
بجبہاڑہ حادثے پرویری کااظہار رنج
جموں//مال و امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے گھنٹالی پورہ بجبہاڑہ میں کل پیش آئے سڑک حادثے میںایک شخص کے ہلاک اور 10دیگر کے زخمی ہونے پررنج وغم کااظہار کیا ہے۔ویری نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔
کسٹوڈین جنرل کی ناظم اطلاعات سے تعزیت
سرینگر //کسٹوڈین جنرل جموں وکشمیر اعجاز احمد بٹ نے ناظم اطلاعات منیر الاسلام کے برادر عبدالمتین کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی ہے۔محکمہ کسٹوڈین کی تعزیتی میٹنگ زیر صدارت اعجاز احمد بٹ کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کرنے کے ساتھ ساتھ پسماندگان خاص کر ناظم اطلاعات کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔
پیپلز لیگ کی تعزیت پرسی
سرینگر//پیپلز لیگ کے ایک دھڑے چیئرمین بشیر احمد طوطا نے وفد کے ہمراہ دیرینہ رکن بشیر احمد وانی عرف شاہین کی بھابی کی اجتماعی فاتحہ خوانی میں شرکت کی اور لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔ اس دوران بشیر احمد طوطا کی قیادت میں ایک وفد جس میں منیرالاسلام،نذیر احمدبٹ،غلام رسول وانی اورمحمد اکبر شامل تھے ،قوئل پلوامہ کی جامع مسجد میں منیرالاسلام نے خطاب کیا۔ انہوں نے ملی اتحاد پر زور دیتے ہوے کہاکہ جنوبی کشمیر کے عوام جس قدر فورسز کی بربریت کا سامنا اور مقابلہ کر رہی ہے ، وہ اس کیلئے خراج تحسین کے حقدار ہیں ۔
جنوبی کشمیرمیںظلم وجبرکا سلسلہ افسوسناک: جاوید میر
سرینگر// لبریشن فرنٹ (حقیقی) کے چیئرمین جاوید احمد میر نے اپنے گھر میں نظر بندی کے دوران ایک بیان میں جنوبی کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے اس سخت ترین سردی کے دوران کریک ڈائون،ظلم و جبر کا سلسلہ جاری رکھنے پر تشویش کا اظہار کہا ہے۔ جنوبی کشمیر کے مختلف گائوں میں فورسز کی طرف سے استعمال کیے جا رہے پیپر گیس کی وجہ سے سینکڑوں بزرگ مردوزن دم گھُٹنے کی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔جاوید میر نے کہا مسئلہ کشمیر عالمی طاقتوں کی پیداوار ہے اور اقوام متحدہ میں آج بھی اس تنازعہ کا ثبوت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے۔ انہوں نے کہاکشمیری عوام پر بھارتی فورسز کی طرف سے جاری بدترین انسانی حقوق کی پامالیاں آج بھی عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہلی سے لے کر کشمیر تک کی عدالتوں میں کشمیری نوجوانوں میں بے گناہ طالبِ علموں ، حریت پسند رہنمائوں کے مقدِمات خارج ہونے کا با وجود بھی انھیں رہا نہیں کیا جا رہا ہے۔
ہیوارڈ کپرن میں2مکانات خاکستر
ڈورو//عارف بلوچ//ہیوارڈ کپرن میں آگ کے واقعہ میں 2رہائشی مکانات خاکستر ہونے سے 4کنبے آسمان تلے آگئے ہیں۔ہیوارڈ میں جمعہ کی صبح غلام محمد چوپان کے مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناًدوسرے مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ محکمہ فائر سروس و مقامی لوگوں نے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا تاہم آگ کی اس ہولناک واردات میں غلام محمد چوپان ولد عبدلعزیز اور غلام محمد چوپان ولد غلام حسن کے دو رہائشی مکانات پوری طرح جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔
مولانا ہمدانی کا علامیہ کا خیرمقدم
سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے استنبول میں منعقدہ او آئی سی کے اجلاس کے اعلامیہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان بیت المقدس کے نام پر اپنی زندگیاں تو داؤ پر لگا سکتے ہیں، اس سے دستبردار ہرگز نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے ترکی کے صدر طیب اردغان کی جانب سے او آئی سی کاہنگامی اجلاس بلانے اور جرأت مندانہ اعلان کرکے اسرائیل کو دہشت گرد قرار دینے پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں کئے جانے والے جرأت مندانہ فیصلے نے او آئی سی کا وقار بلند کیا ہے، امتِ مسلمہ پر ہونے والے مظالم پر او آئی سی کواپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ مولانا ہمدانی نے اسرائیل میں فلسطینی عوام پر بمباری اور فلسطینی بچوں پر بہیمانہ تشدّد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر تمام اسلامی ممالک اپنا اپنا اہم ترین کردار ادا کریں تو فلسطین، میانمار اور کشمیر کے مسلمانوں پر یہ ظلم و ستم ایک لمحے میں بند کیا جا سکتا ہے۔
’عالمی برادری بیت المقدس کوفلسطین کا دارالحکومت تسلیم کریں‘
سرینگر//انجمن علماء و ائمہ مساجد جنوبی کشمیر کے امیر حافظ عبدالرحمن اشرفی مہتمم دارالعلوم سیدالمرسلین چوگام قاضی گنڈنے کہاہے کہ بیت المقدس نہ صرف فلسطینیوں بلکہ پورے عالم اسلام کا مقدس مقام ہے اورپورے عالم اسلام کے مسلمانوں کاایساروحانی مرکزہے جسکے ساتھ ملت اسلامیہ کے ہرہرفردکوبے حدمحبت وعقیدت ہے۔ انجمن علماء کے تمام ذمہ داروں اورکارکنان نے او آئی سی کے مشترکہ فیصلہ کی سراہنا کرتے ہوئے اسے جرت مندانہ قدم قراردیا۔انہوں نے پوری دنیا کے انصاف پسندممالک وحکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ امریکی صدرکے اسلام دشمن فیصلہ کوردکرتے ہوے بیت المقدس کو فلسطینیوں کادارالحکومت تسلیم کرکے حقیقت پسندی کاثبوت دیں۔