مہور میں مارکیٹ چیکنگ 6300جرمانہ وصول
زاہد ملک
مہور//مہور میں آج اننظامیہ کی ٹیم نے تحصیلدار مہور منشی رام کی نگرانی میں مارکیٹ چیکنگ کی جس میں انتظامیہ نے 13گیس سلینڈر دو بجلی ہیٹر پانچ کلو پالیتھین لفافے اور 6300روپے جرمانہ وصول کیا۔ٹیم نے بازار میں دکانداروں کو صفائی رکھنے کی ہدایت دی اور ساتھ میں اپنے اردگرد صاف رکھنے کو کہا۔اس کے علاوہ دکانداروں کو ہدایت دی وہ لفافے فروخت نہ کریں۔اس کے علاوہ سبزی کی وکانوں سے خراب سبزیاں موقع پر ہی پھینک دی گئی۔اور دکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ بازار میں دکانوں کے سامنے گاڑیاں پارک نہ کریں جس سے ٹریفک جام کا سبب بن جاتی ہے۔تحصیلدار کے علاوہ ایس ایچ او مہور جاوید لون،ٹی ایس او مہور اور باقی محکمہ کے تحصیل افسران موجود تھے۔
دورہ رام بن۔ بانہال کیلئے وزیر اعلیٰ کے تئیں اظہار تشکر
محمد تسکین
بانہال // پی ڈی پی تحصیل بانہال نے وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کے رام بن بانہال کے کامیاب کامیاب دورے کیلئے وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا ہے اور وزیر اعلی کے دورے سے بانہال اور رام بن کے علاقوں میں کئی دیرینہ عوامی مسائل کے حل ہونے کی امید قومی ظاہر کی گئی ہے۔پی ڈی پی نائب صدر بانہال بانہال بشیراحمد نائیک نے ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے دورے کے دوران عوام کو درپیش کئی مسائل ان کی دانست میں لائے گئے اور بیشتر عوامی مطالبات اور مسائل کو وزیر اعلیٰ نے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ، جس سے ضلع رام بن کے بانہال رام بن کی عوام میں خوشی کی لہر پائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے اپنے ودرے کے دوران رام بن میں ملنے والے وفود کو یقین دلایا کہ بانہال ہسپتال میں بلڈ بنک ،رامسو کو تحصیل کا درجہ دینے ، تحصیل کھڑی کے مہو علاقے کو داندواڑ ضلع کولگام ، کشمیر سے جوڑنے کیلئے رابطہ سڑک کی تعمیر ، چملواس ، نیل روڈ کی تعمیر مرمت ، مگرکوٹ، دردہی رابطہ سڑک ، پنتھال، براد گڑی روڈ اور چکہ سربگھنی کے علاقوں کو رابطہ سڑکوں سے جوڑنے کی مناسب کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے بجلی ، پینے کے پانی ، رام بن میں گوجر ہوسٹل اور بانہال میں کھیل کود کیلئے ایک سٹیڈیم کے مطالبات کو بھی عملی جامہ پہنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ وزیرا علی نے کئی رابطہ سڑکوں پر میکڈم بچھانے اور بجلی ، پانی ، تعلیم اور طبی محکموں کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات کو بھی حل کرانے کی یقین دہانی کرائی اور چالیس سے زائد ضلع رام بن کے وفود نے اْن سے تفصیلی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن اور تحصیل بانہال میں پی ڈی پی کے ارکان اور عہددار وزیر اعلیٰ کی طرف سے دورے کے دوران دکھائی گئی فراخ دلی اور مثبت اقدامات کیلئے ان کے شکر گذار ہیں اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ دورے کے دوران اٹھائے گئے جائز معاملات کو جلد از جلد حل کیا جا ئے گا۔
محبوبہ مفتی کی ذاتی مداخلت طلب
خطہ چناب میں بڑھتے سڑک حادثات پرسروڑی تشویش مند
کشتواڑ//سینئرکانگریس لیڈرورکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے خطہ چناب میں ایک مرتبہ پھر سڑک حادثات کے نہ تھمنے والے سلسلے کوبدقسمتی قرار دیتے ہوئے گہری تشویش کااِظہارکیاہے۔سروڑی نے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی ذاتی مداخلت طلب کرتے ہوئے کہاکہ یہاں ایک جامع سڑک حفاظت منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ بڑھتے سڑک حادثات پرقابو پایاجاسکے اورقیمتی جانوں کازیاں کم ہو۔اُنہوں نے کہاکہ سڑک حفاظت جموں وکشمیرکیلئے اہم تشویش ہے ،وقتاًفواقتاًسماج کے مختلف مکتبہ فکرکے لوگوں نے وزیراعلیٰ کولکھااور خطہ چناب کیلئے ایک جامع سڑک حفاظت منصوبہ بندی کی مانگ کی لیکن اب جاگناہوگا، تباہی ہورہی ہے، پورے کے پورے کنبے ختم ہورہے ہیں۔سروڑی نے گذشتہ روز پیش آئے حادثے پرذکرکرتے ہوئے کہاکہ ایک ہی کنبہ کے پانچ افرادجٹھیلی علاقہ میں لقمہ اجل بن گئے اس حادثے نے سب کوجھنھوڑکررکھ دیاہے لیکن اب اربابِ اقتدار کوبھی جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے۔
رہبر تعلیم ٹیچرس فورم کا ڈ وڈہ حادثہ پر اظہار دکھ
جموں// جموں و کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرس فورم نے سوم وار کے روز ڈوڈہ میں ہوئے سڑک حادثہ پر دُکھ کا اظہار کیا ہے جس میں ایک استاد اور اسکا اہل خانہ لقمہ اجل بن گیا ہے۔فورم نے ایک مشترکہ تعزیتی پیغام میںفورم کے ریاستی چیرمین ایف اے تانترے ،سینئر نائب صدر بھوپیندر سنگھ اور جنرل سیکرٹری جے اے خان نے استاد اور اسکے اہل خانہ کے چار ممبران پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔فورم نے مہلوک استاد کے موت کو اساتذہ برادری کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے اور غم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پوری اساتذہ برادی ماتم کناں ہے ۔انہوںنے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہئے کہ مہلوک شدگان کو جنت عطا کرے اور دکھ زدہ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔