عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ //ڈی پی اے پی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے بدھ کے روز کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور اپنے مخالفین کی طرف سے لگائے گئے الزامات سے کم سے کم پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مشن غربت سے لڑنا، نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کرنا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کسی کو صحت کی دیکھ بھال اور تعلیمی سہولیات کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ڈوڈہ کے ادھیان پور، ڈالی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ہمارے مخالفین ایسے مسائل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں جو کسی کو فائدہ نہیں پہنچا سکتے کیونکہ ان کے پاس وژن کی کمی ہے۔‘‘ آزاد نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کا وژن اور تجربہ جموں و کشمیر کو دلدل سے نکالنے کے لئے کافی ہے اور وہ اس کوشش میں عوام کی جانب سے زبردست حمایت حاصل کرنے کے لئے پر امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت سے دوسرے لوگوں کے برعکس بی جے پی کے سخت مخالف رہے ہیں جو اپنے ذاتی مفادات کے لئے دوہری زبان بولتے ہیں۔ ڈی پی اے پی کے چیئرمین نے کہا کہ ہمارا مقصد جموں و کشمیر کو ایک فلاحی ریاست بنانا ہے جہاں ہر کوئی پرامن اور خوشی سے زندگی بسر کرے۔ انہوں نے اپنے کارکنوں سے کہا کہ وہ کارنر میٹنگوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور پارٹی کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا جائے جس میں جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے عوام اور فلاحی پالیسیاں ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دیہی علاقوں میں بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی شدید قلت ہے، سکول میں اساتذہ، ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی اور سڑکوں کی خراب حالت ہے۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مداخلت کرکے ان مسائل کو حل کرنے کی اپیل کی ۔
مخالفین کے الزامات سے پریشان نہیں ہوتا