سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے سب ڈویژن کالاکوٹ کے دور افتادہ گائوں سِمبل گائی، ککوگلہ میں جمعہ کی صبح ایک جنگلی مادہ تیندوا گھومتے ہوئے دیکھی گئی، جس کے بعد مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔مقامی باشندوں نے فوری طور پر اس خطرناک صورتِ حال کی اطلاع محکمہ وائلڈ لائف پروٹیکشن کو دی، جس پر محکمے کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ اس آپریشن کی قیادت رینج آفیسر افتخار ایچ خان نے کی۔محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ جنگلی مادہ تیندوا کو کامیابی سے بے ہوش (ٹرینکولائز) کیا اور اسے قابو میں لے لیا۔ کارروائی کے دوران مقامی پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں نے بھی ٹیم کی مدد کی تاکہ انسانی جانوں کو کسی ممکنہ خطرے سے بچایا جا سکے۔افسران کے مطابق، بچائی گئی تیندوا کم عمر (سب ایڈلٹ) ہے اور بظاہر کچھ صحت کے مسائل سے دوچار ہے۔ اسے طبی معائنہ اور ضروری علاج کے لئے جموں کے وائلڈ لائف ویٹرنری سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔محکمہ وائلڈ لائف کے ایک افسر نے بتایا کہ جنگلی جانوروں کا انسانی آبادی میں داخل ہونا ماحولیاتی توازن میں تبدیلی اور جنگلات کے سکڑنے کی نشانی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے کسی بھی واقعہ کی فوری اطلاع محکمے کو دیں اور خود کسی قسم کا خطرہ مول نہ لیں۔مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کی بروقت کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم تاخیر کرتی تو جانی نقصان بھی ہو سکتا تھا۔واضح رہے کہ راجوری اور اس سے ملحقہ علاقوں میں حالیہ مہینوں میں تیندووں کی موجودگی کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں، جس کے پیش نظر محکمہ وائلڈ لائف نے نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔