سرینگر// خزانہ اور محنت و روز گار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ محکمہ روز گار یاست کے مستحق طُلاب کو سول سروسز کوچنگ کے لئے سپانسر کرے گا اور محکمہ ان طُلاب کے تمام اخراجات برداشت کرے گا۔وزیر نے کہا کہ محکمہ کشمیر اور جموں صوبوں سے10/10 طُلاب کو آئی اے ایس کوچنگ جبکہ15/15 طُلاب کو کے اے ایس کوچنگ کے لئے منتخب کرے گا جنہیں ملک کے نامور اداروں میں کوچنگ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ان اُمیدواروں کا ٹیوشن فیس اور قیام و طعام کا خرچہ برداشت کرے گا۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار یہاں محکمہ محنت و روز گار کے کام کاج کا جائیزہ لینے کے دوران کیا۔وائس چیئرمین بورڈ جے اینڈ کے بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن ورکرس ویلفیئر مدثر امین خان، کمشنر سیکرٹری محنت و روز گار کفایت حُسین رضوی کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔محکمہ کے کام کاج کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر کو جانکاری دی گئی پلوامہ، کلگام اور کپواڑہ میں سول سروسز اُمیدواروں کو مفت سٹڈی مواد فراہم کیا گیا ہے۔وزیر کو بتایا گیا کہ محکمہ کے پاس پچھلے مالی سال کے دوران85944 بے روز گار نوجوانوں کا اندراج عمل میں لایا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ محکمہ کے پاس698 سیلف ہیلپ گرؤپ درج ہیں اور ان گرؤپوں کو115.89 کروڑ روپے لاگت کے1282 کام الاٹ کئے گئے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران مختلف اضلاع میں30 جاب میلے منعقد کئے گئے جن کے دوران745 نوجوانوں کو روز گار کے مواقعے دستیاب ہوئے۔الطاف بخاری نے لیبر محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مزید فعال اور متحرک رول ادا کریں تا کہ بے روز گار نوجوان اور ورکر مستفید ہوسکیں۔انہوں نے محکمہ سے کہا کہ وہ رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان بنائیں تا کہ ورکروں کو کسی قسم کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہیں بتایا گیا کہ لیبر محکمہ نے گذشتہ مالی سال کے دوران مختلف نوعیت کے1126 معاملات نپٹائے۔وزیر نے اس موقعہ پر ملازمین پرویڈنٹ فنڈ کی آن لائین رجسٹریشن سے متعلق پورٹل کا بھی افتتاح کیا۔وزیر نے محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سرینگر میں لیبرو ں کے لئے ہسپتال کی تعمیر کے لئے مناسب اراضی کی نشاندہی کریں۔الطاف بخاری نے افسروں سے کہا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کرکے لوگوں کی ہر ممکن راحت رسانی کریں۔