سرینگر//محکمہ مال کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا ہے کہ محکمہ مال میں رشوت ستانی کوکسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ رشوت خوری میں ملوث پانے والے کسی بھی پٹواری یا محکمہ کے دیگر اہلکاروں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اِن باتوں کا اِظہار وزیر نے محکمہ کے افسروں کے ساتھ ایک تعارفی میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں فائنانشل کمشنر مال، کمشنر سیکریٹری مال اور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف حلقوں میں تعینات پٹواریوں اور محکمہ کے دیگر افسروں کی فہرست جلد از جلد ترتیب دیں تاکہ محکمہ کی کارکردگی میں مزید شفافیت لائی جاسکے۔انہوں نے محکمہ کے افسران کو اپنی بنیاد وسیع کرنے اور اپنے فرائض تن دہی کے ساتھ انجام دینے کی ہدایت دی تاکہ محکمہ مال سے جڑے لوگوں کے مسائل کئے جاسکیں۔میٹنگ میں موجود افسروں نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں وزیر کو تفصیلی جانکاری دی ۔لینڈ ریکارڈ س کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے وزیر نے ریجنل ڈائریکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈس سے تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے افسروں کو اس معاملے میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔