عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے اِداروں (ایس ایم اِیز) اور مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم اَنٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) کے لئے مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم کے طورپر محکمہ صنعت و حرفت جموںوکشمیر اور نیشنل سٹاک ایکسچینج آف اِنڈیا لمیٹڈ (این ایس اِی) کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے ۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی موجودگی میںمفاہمت نامہ پر دستخط ہوئے۔دستخطی تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ، ڈائریکٹرجے کے اِی ڈِی آئی کشمیر اور جموں کے صنعت و حرفت ڈائریکٹرز،این ایس اِی کے نمائندے اور دیگر متعلقہ اَفسران موجود تھے۔اِس معاہدے کا مقصد مقامی اِداروں میں رسمی فہرست سازی کے فوائد کے بارے میںبیداری پیدا کرنا اور انہیں نیشنل سٹاک ایکسچینج پر ممکنہ فہرست کی سہولیت فراہم کرنا ہے جو ہندوستان کا معروف سٹاک ایکسچینج پلیٹ فارم ہے۔ اِس اَقدام سے جموں و کشمیر کے کاروباری اَفراد کے لئے ترقی، سرمایہ کاری اور مارکیٹ کی توسیع کے نئے مواقع کھلنے کی توقع ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس مشترکہ اقدام کی سراہنا کی اور کہا کہ این ایس اِی کے ساتھ شراکت داری مقامی کاروباروں کو بہتر مالی خواندگی، بہتر مرئیت اور کیپٹل مارکیٹس تک وسیع تر رسائی کے ساتھ بااِختیار بنائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا،’’حکومت کا عزم ہے کہ ہمارے ایم ایس ایم ایز اورایس ایم اِیز کو قومی اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جائے۔این ایس اِی کے ساتھ یہ تعاون ہمارے کاروباری ماحولیاتی نظام میں شفافیت، سرمایہ کاری اور اعتماد لانے میں مدد کرے گا۔‘‘