پرویز احمد
سرینگر //محکمہ صحت و طبی تعلیم نے جموں و کشمیر میں 241میڈیکل آفیسروں کی تعیناتی عمل میں لائی ہے۔ منگل کو محکمہ صحت کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں میڈیکل آفیسروں کی خالی پڑی 708اسامیوں کو پبلک سروس کمیشن بھیجا گیا تھاجن میں 241میڈیکل آفیسروں کی تعیناتی محکمہ صحت و خاندانی بہبود میں عمل میں لائی گئی ہے۔ حکم نامہ میں تمام چیف میڈیکل آفیسروں اور بلاک میڈیکل آفیسروں کے علاوہ دیگر افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ منتخب میڈیکل آفیسر 21دنوں تک تعیناتی کی جگہ پر رپورٹ کریں ۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ مختلف میڈیکل آفیسروں میں سے کسی کو بھی تعلیم یا دیگر مقاصد کیلئے چھٹیاں نہیں دی جائیں گی اورتمام میڈیکل آفیسروں کو تعیناتی کی جگہ پر ہی رپورٹ کرنا ہوگا۔