جموں//خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے محکمہ کے افسران کی ایک میٹنگ میں کہا کہ محکمہ کو اعلیٰ معیار قائم رکھنے کی ضرورت ہے جبکہ محکمہ اپنی سرگرمیاں اور خدمات کو آن لائن موڑ دے رہا ہے۔محکمہ کے ٹرانس پیرنسی پورٹل کا کامیاب افتتاح کرنے کیلئے محکمہ کے ملازمین اور نیشنل انفارمیٹکس سینٹر کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس پورٹل کو متعارف کرنے کے لئے محکمہ کی ہرسطح پر سراہنا کی جارہی ہے۔وزیر موصوف نے کہا ” ہم نے اب تک جو کچھ کیا ہے اُس پر ہی مطمئن نہیں رہنا ہوگا بلکہ محکمہ کے مزید فروغ کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔“وزیر موصوف نے محکمہ کی سراہنا کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ خوراک و امور صارفین ایک بہت بڑا کنبہ ہے اور اس کی بہتری کے لئے ہر رُکن کو اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔وزیر نے محکمہ کے ملازمین سے تلقین کی کہ وہ خدمات اور کارکردگی میں بہتر ی لانے کےلئے لگن اور تن دہی سے کام کریں۔چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرز عمل سے پورے نظام میں بہتر ی آئے گی۔صارفین میں خوراک کی بروقت تقسیم کاری پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت عوام کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔وزیر نے جموں صوبہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کوغذائی اجناس کی تقسیم کاری میں مزید شفافیت لانے کی ہدایت دی۔ذوالفقار علی نے انہیں خانہ بدوشوں کی آبادی کے سلسلے میں ایک حتمی فہرست ایک ہفتے کے اندر تیار کرنے کے لئے بھی کہا ۔میٹنگ میں محکمہ کے سیکرٹری شفیق رینہ ،ناظم جموں جی ایس چِب اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔