بانہال // محکمہ جنگلات رام بن کی طرف سے رامسو کے علاقے میں جنگلات کی اراضی کے بیچوں بیچ سے محکمہ تعمیرات عامہ رام بن کی طرف سے غیر قانونی طریقے سے تعمیر کی جارہی سڑک کا کام بند کرنے کی کوشش کے دوران مقامی لوگوں اور چند مقامی ملازمین نے ٹھکیدار کی شہہ پر محکمہ جنگلات کی پارٹی پر کلہاڑیوں اور پتھروں سے حملہ کردیا ہے جس کی وجہ سے محکمہ جنگلات کے دو ملازمین زخمی ہوگئے ہیں۔ محکمہ جنگلات کا الزام ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے محکمہ جنگلات کی مشاورت اور نوٹس میں لائے بغیر ہی سڑک کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور یہ سڑک جنگلات کی اراضی کو تباہ کرکے تعمیر کی جا رہی ہے اور اس میں ایک ٹھیکدار اور محکمہ کے افسروں کی ملی بھگت اور ذاتی مقاصد کار فرما ہیں۔ اس مجرمانہ سازش اور حملہ کیلئے محکمہ جنگلات نے پولیس کو خط لکھ کر ایکسئین رام بن ، اسسٹنٹ ایزیکٹیو انجینئر رامسو اور جونیئر انجینئر رامسو کے خلاف کیس درج کرنے کی درخواست کی ہے۔ محکمہ جنگلات کے مقامی ملازمین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ تعمیرات عامہ رام بن اور مقامی ٹھکیدار کی ملی بھگت سے کرائے گئے اس منظم حملے میں بعض افراد کی شناخت کی گئی ہے جس میں بیشتر سرکاری ملازمین ہیں جن میں 3اساتذہ،پی ایچ ای کے ملازم کے علاوہ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ جبکہ جس گھر سے حملہ کیا گیا اس کا مالک رگھو ناتھ ہے اور اس کا مکان بھی جنگلات کو تباہ کرکے جنگلات کی اراضی میں تعمیر کیا گیا ہے۔ڈویزنل فارسٹ افیسر رام بن ضہیب چودھری نے بتایا کہ محکمہ تعمیرات عامہ سب ڈویڑن رامسو کی طرف سے لڑو (رامسو ) سے گگھونی (نیل) تک رابطہ سڑک کی تعمیر کا کام محکمہ جنگلات کی اراضی کے بیچوں بیچ سے شروع کیا گیا ہے اور اس بارے میں محکمہ جنگلات کی طرف سے کئی نوٹس جاری کرنے کے باوجود بھی محکمہ تعمیرات عامہ نے محکمہ جنگلات سے کوئی رابطہ یا مشاور کئے بغیر ہی سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا اور اس کیلئے محکمہ تعمیرات عامہ نے ایک مقامی ٹھیکدار کو کام پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز جنگلات کو تہس نہس کرکے مشینوں سے سڑک کی تعمیر شروع کرنے کی خبر ملنے کے بعد ڈی ایف او کی قیادت میں محکمہ جنگلات اور پولیس کے اہلکار لڑو ، رامسو پہنچے اور کام کو بند کر دیا۔ انہوں نے کہا متعلقہ ٹھیکدار نزدیکی مکان میں چھپا ہوا تھا اور جب محکمہ جنگلات کے ملازمین انہیں بلانے کیلئے وہاں گئے تو انہوں نے خواتین اور چند مقامی سرکاری ملازمین کی مدد سے کلہاڑیوں ، ڈنڈوں اور پتھروں سے ملازمین پر حملہ کر دیا جس کی وجہ سے دو ملازمین زخمی ہوئے ہیں جبکہ کلہاڑی کے وار سے ایک ملازم بال بال بچ نکلا۔ انہوں نے کہا کہ اس حملہ میں محکمہ تعمیرات عامہ رام بن نے مقامی ٹھیکدار کو آگے رکھا ہوا ہے اور محکمہ کی ہی شہہ پر محکمہ جنگلات کے ملازمین پر حملہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پولیس سٹیشن رامسو میں اس حملہ کی بابت اطلاع دی ہے اور پولیس کیس درج کرنے کیلئے ایس ایس پی رام بن کو بھی محکماتی طور ایک خط لکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات ، جنگلات کو تباہ کرکے اس سڑک کی غیر قانونی تعمیر ہرگز ہونے نہیں دے گی اور اس علاقے میں جنگلات کی اراضی پر کئے گئے قبضے اور کھڑا کی گئی تعمیرات کو مسمار کیا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف ضابطہ کے تحت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کے ملازمین اور افسر اپنے ذاتی مفادات کی خاطر کوئی پلان اور قانونی لائحہ عمل اختیار کئے بغیر ہی سڑک کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں اور اس کیلئے محکمہ جنگلات کی اجازت لی ہی نہیں گئی ہے جو غیر قانونی عمل ہے اور قانون کے تحت جرم ہے۔ اس سلسلے میں بار بارکی کوشش کے باوجود بھی محکمہ تعمیرات عامہ رام بن کے ایکسئین ایس ایس اندھی سے رابطہ نہ ہوسکا۔