گول؍؍ محکمہ تعمیرات ِ عامہ کے ریاستی وزیر نعیم اختر نے آج ضلع رام بن کے گول ، سنگلدان کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے سڑکوں اور دوسری تعمیرات کا لیا جائزہ ۔ وزیر موصوف نے گول کی مختلف سڑکوں کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے موئلہ میں سڑک پر ڈالے گئے میکڈم کا بھی جائزہ لیا اور اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ بہت کم مقدار میں یہاںپر مکڈم پڑا ہے جس سے وہ متفق نہیں اور انہوں نے اس موقعہ پر ڈی سی کو اس کی تحقیق کرنے کو کہا ۔ اس دوران انہوں نے موئلہ میں ہی ڈگری کالج کی تعمیر اور انڈور اسٹیڈیم پر تعمیری کاموں کا جائزہ لیا ۔ وزیر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن ، پی ڈی پی لیڈر حاجی امتیاز احمد شان ، کابلا سنگھ کے علاوہ ضلع آفیسران بھی موجود تھے ۔ بعد میں نعیم اختر نے گول ڈاک بنگلہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کا مشن ہے امن کو بحال کرنا اور وہ ترقی سے ہی ممکن ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی سرکاروں نے رقومات کا غلط استعمال کیا اور اُس کا خرد برد کیا اور اپنی تجوریاں بھریں ۔ انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ جتنا پیسہ گاندھی نگر میں سڑکوں پر لگنا چاہئے اُتنا ہی پیسہ گول میں بھی لگنا چاہئے اور پی ڈی پی دوردراز علاقوں کی تعمیرمیں بہتر رول ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سڑکوں پر رکے پڑے کاموں کو جلد شروع کیا جائے گا اور جو کچھ رقومات میں رکاوٹیں آتی ہیں کیونکہ وہ پرانے ٹینڈر ہیں اُن پر آج کوئی ٹھیکیدار کام نہیں کرنا چاہتا ہے اس لئے ہم اپنے پلان میں مزید فنڈ واگزار کرکے اُن رکے پڑے تعمیری کاموں پر کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقعہ پر بیروزگارنوجوانوں کے لئے روزگار پلان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پلان کو جلد مرتب کیا جائے گا اور موقعہ پر موجود ڈی سی کو اس سلسلے میں ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ مفتی محمد سعید مرحوم کا مشن دائمہ امن تھا ۔ انہوں نے اس موقعہ پر وادی کشمیر میں ہلاکتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خون خرابہ بند ہونا چاہئے انہوں نے بسنت گڑھ کے سب انسپکٹر کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرف سے انسانی جانوں کا ہی زیاں ہوتا ہے اس خونی کھیل کو بندکرنا چاہے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ چاہئے سرینگر میں یا جموں میں حالات خراب ہو اُس کا اثر دوردراز علاقوں میں پڑتا ہے چاہئے وہ کسی بھی نظریہ کا ہو ۔ انہوں نے ہم حق چاہتے ہیں ، با عزت سے جینا چاہتے ہیں اور اپنے حقوق کا تحفظ از حد ضروری ہے ان حقوق کو کوئی بھی چھین نہیں سکتا ہے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ وہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہدایت پر دور دراز علاقوں بالخصوص مہور اور گول کی عوام کی خبر گیری لینے کے لئے آئے ہیں ۔ وزیر موصوف نے اس موقعہ پر ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی جگہ کو ئی لاپروائی برتی گئی ہو اُس کے خلاف وہ کارروائی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میکڈم خراب پڑا ہو گا اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ اس موقعہ پر امتیاز احمد شان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی دوردراز علاقوں کی تعمیرو ترقی کے لئے کافی فکر مند ہے اور موئلہ سے گاگرہ کے لئے سی آر ایف پلان کے تحت سڑک بھی منظور ہوئی ہے اور جلد اس پر تعمیری کام شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے اس موقعہ پر وزیر موصوف کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گول اور مہور کا دورہ کر کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور عوامی مسائل کو بھی دیکھا ۔