سرینگر//سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے جموں میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ریاست میں محکمہ تعلیم میںجاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ناظم تعلیمات کشمیرڈاکٹر جی این ایتو اور ناظم تعلیمات جموںرویندر سنگھ کو ہدایت دی کہ وہ بذاتِ خود تعمیراتی کاموں کی نگرانی کریں تا کہ تعلیمی سیشن شروع ہونے سے قبل ہی اُن کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ناظم تعلیمات کشمیر ڈاکٹر جی این اِتو نے دیگر افسران کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سیکریٹری موصوف کو کشمیر ڈیوژن میں جاری سکولی عمارات اور دیگر تعمیراتی کاموں کے حوالے سے سرینگر سے جانکاری دی۔سیکریٹری تعلیم نے تمام چیف ایجوکیشن افسران کو ہدایت دی کہ وہ تعلیمی سیشن شروع ہونے سے قبل تمام تیاریوں کو مکمل کریں تاکہ طالب علموں کو سیشن کے آغاز سے ہی درس و تدریس کی بہترین سہولیات میسرہوجائیں ۔ انہوں نے محکمہ کی انجینئرنگ وِنگ کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں پرائمری سطح کی عمارات کے تعمیری کام میں سرعت لائیں تاکہ اُن کی تکمیل وقت مقررہ پر یقینی بن سکے۔ سیکریٹری تعلیم کو جانکاری دی گئی کہ اننت ناگ میں ۱۹ ، بارہمولہ میں ۱۴، کولگام میں ۹، بڈگام میں ۴ ، سانبہ میں ۲ ، ڈوڈہ میں ۱۲، کپواڑہ میں ۲۹،پلوامہ میں ۶اورسرینگر میں ۷ کام پرائمری سطح کے ہاتھ میں لئے گئے ہیں جن میں سے بیشتر کام مکمل کئے گئے ہیں اور کئی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔