سرینگر//محکمہ بجلی کی نجکاری پر ملازمین اور ریاستی سرکار کے مابین ہوئی میٹنگ کے بعد ہڑتال موخر کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ بجلی کے ملازمین کی ہڑتال کے بیچ ملازمین اور محکمہ کے اعلیٰ انتظامی افسران کی میٹنگ منعقد ہوئی جس کے دوران محکمہ بجلی کی نجکاری پر تبادلہ خیال ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ کمشنر سیکریٹری بجلی کی سربراہی میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں ڈیولپمنٹ کمشنر بجلی،جموں کشمیرسٹیٹ پائو ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر،سیکریٹری ٹیکنکل،چیف انجینئر ای ایم اینڈ آر وی کشمیر،چیف انجینئر سسٹم اینڈ آپریشنز کشمیر،چیف انجینئر کمرشل اینڈ سروئے(ٹریڈ کو) کے علاوہ الیکٹریکل ایمپلائز یونین کے صدر عبدالسلام راجپوری اور گریجویٹ انجینئرس ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری پیرزادہ ہدایت اللہ موجود تھے۔ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران کمشنر سیکریٹری نے کہا’’ نجکاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘‘۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ میں ملازمین کے حقوق اور ملازمت کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،جس کے دوران کمشنر سیکریٹری بجلی نے یقین دہانی کرائی کہ ملازمین کے حقوق کو تحفظ فرہم کیا جائے گا،اور ملازمین بجلی بدستور جموں کشمیر سروس رولز بشمول ایس آر ائو381of1981 کے تحت کام کریںگے اور ٹریڈ کو میں ڈپوٹیشن پر جائیں گے،جس کو فی الوقت100ملازمین تک محدود کیا جائے گا۔ الیکٹریکل ایمپلائز یونین کے صدر عبدالسلام راجپوری نے کہا کہ تحریری ضمانت کے بعد ہڑتال کو موخر کیا گیا ہے۔اس دوران محکمہ بجلی کے ملازمین نے منگل کو محکمہ کی امکانی نجکاری کے خلاف ہڑتال کیا،جبکہ گائو کدل میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا،جس کے دوران بجلی کی نجکاری کے خلاف نعرے بلند کئے گئے۔