سرینگر/ / وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے گریٹر کشمیر کی نمائدہ زہر النساء کو انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹس ( آئی سی ایف جے) گلوبل ہیلتھ رپورٹنگ ایوارڈ 2017 حاصل کرنے پر مبارک باد دی ہے۔زہر النساء کو یہ ایوارڈ 18؍ ستمبرکو امریکہ کے نیویارک سٹی میں نیویارک ٹائمز ہیڈ کوارٹرس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دیا گیا ۔انہیں یہ ایوارڈ جموں وکشمیرمیں طبی نگہداشت پر رپورٹوں کے سلسلے کے عوض عطاکیا گیا۔ اپنے ایک مبارکبادی کے پیغام میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ ریاست کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو مختلف میدانوں میں اُبھرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کرتی ہیں ۔انہوں نے زہرالنساء کو اس پُر وقار ایوارڈ کو حاصل کرنے پرروشن مستقبل کے لئے دعا کرتے ہوئے گریٹر کشمیر کے منتظمین کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے اس اُبھرتی ہوئی جرنلسٹ کو اس ایواڑ کے قابل بنانے میں انتھک کوشش کی ۔محبوبہ مفتی نے جموں وکشمیر کی لڑکیوں کو صحافت کے میدان میں شرکت کرنے کے عمل میں تیزی لانے پر زور دیااور خواتین جرنلسٹوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں بہتر ماحول فراہم کرنے کی وکالت کی۔وزیر اطلاعات، فوڈ، سول سپلائز اورامور صارفین چودھری ذوالفقار علی نے ظہرالنساء کو ایوارڈسے نوازے جانے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ انعام جموں و کشمیر کیلئے ایک اور کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظہرالنساء کو انعام دینے سے کشمیر میں ہنرمند خواتین آگے آئیں گی اورشعبہ صحافت میں کامیابیاں حاصل کریں گی۔وزیر نے ظہر النساء کو مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ادھر ناطم اطلاعات منیرالاسلام نے بھی ظہرالنساء کو کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔