جموں// تصدق حسین مفتی اور سابق وزیر جاوید مصطفی میر کو ریاست کی وزراتی کونسل میں شامل کرلیا گیا۔اس طرح اب وزارتی کونسل میں وزراء کی مطلوبہ تعداد 25ہوگئی ہے۔ان میں وزیر اعلیٰ سمیت پی ڈی پی وزراء کی تعداد 14جبکہ بھاجپا اور پی سی کی تعداد 11ہے۔ شام دیر گئے محبوبہ مفتی نے کابینہ میں شامل کئے گئے دونوں وزراء کو قلمدان تفویض کئے۔تصدق مفتی کو وزیر سیا حت بنایا گیا ۔ یہ قلمدان ابھی تک وزیر اعلیٰ کے پاس تھا۔جاوید مصطفی میر کو آفات سماوی،امداد و باز آبادکاری،تعمیر نو اور پھولبانی کا وزیر بنایا گیا ۔وزیر مال و پارلیمانی امور عبدالرحمان ویری کو حج و اوقاف کا اضافی چارج دیا گیا ۔اس سے قبل صبح گیارہ بجے راج بھون کے احاطے میں منعقد ہونے والی تقریب میں ریاستی گورنر این این ووہرا نے تصدق مفتی اور میر کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ یہ گذشتہ دو برسوں میں دوسری دفعہ ہے کہ محبوبہ مفتی نے اپنی کابینہ میں توسیع کی۔ اس سے قبل انہوں نے رواں برس فروری میں سینئر پی ڈی پی لیڈر سید الطاف بخاری کو کابینہ میں شامل کیا تھا۔ دونوں الطاف بخاری اور جاوید میر سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی قیادت والی بی جے پی ، پی ڈی پی سرکار میں کابینی وزیر تھے۔ لیکن انہیں محبوبہ مفتی نے اپنی وزراء کی ٹیم میں شامل نہیں کیا تھا۔ تاہم اب محبوبہ مفتی نے باری باری دونوں کو واپس کابینہ میں شامل کیا۔جاوید میر سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کی کانگریس کیساتھ مخلوط سرکار میں وزیر مملکت بھی رہ چکے ہیں۔دوسری جانب سینماٹوگرافرسے سیاستدان بننے والے تصدیق حسین، جنہوں نے گذشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ شکایتی سیل کے کوآرڈی نیٹر کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا، محبوبہ مفتی کی کابینہ میں شامل ہونے والا نیا چہرہ ہے۔ انہیں کابینی وزیر بننے کے اہل بنانے کے لئے پہلے بحیثیت رکن قانون ساز کونسل نامزد کیا گیا ہے۔ تصدیق حسین نے 7 جنوری 2016 کو اپنے والد اور اس وقت کے ریاستی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کے انتقال کے بعد پی ڈی پی میں غیررسمی طور شمولیت اختیار کی تھی۔ تاہم 7 جنوری 2017 کو سری نگر کے انڈور اسٹیڈیم میں مفتی محمد سعید کی پہلی برسی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں تصدق حسین مفتی نے پی ڈی پی میں رسمی طور پر شمولیت اختیار کی تھی۔انہیں پارلیمان کے ضمنی چنائو کے دوران اننت ناگ حلقہ سے پی ڈی پی کا امیدوار نامزد کیا گیا تھا تاہم بعد میں اس نشست پر چنائو کو نامساعد حالات کی وجہ سے ملتوی کیا گیا۔اسکے بعد انہیں اسی سال وزیر اعلیٰ کی شکایتی سیل میں کوارڈینٹر بنایا گیا تھا۔محبوبہ مفتی کے موسافاروق اندرابی نے گذشتہ ہفتے ریاستی کابینہ سے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا جس سے کابینہ میں توسیع کی راہ ہموار ہوگئی۔ ایک رپورٹ کے مطابق جاوید مصطفی میر عمرہ پر گئے ہوئے تھے اور وہ بدھ کی شام جموں پہنچے تھے۔ وہ حلقہ انتخاب چاڈورہ سے رکن اسمبلی ہیں۔ راج بھون میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں خاتون اول اوشا ووہرہ، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، سپیکر کویندر گپتا، چیئر مین قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی، نائب وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ، کابینہ وزراء، متعدد بورڈو کمیشنوں کے چیئر پرسن و نائب چیر پرسن،چیف سیکرٹری ، ڈائریکٹر جنرل پولیس، اراکین قانون سازیہ، سیاسی لیڈر اور معزز شہری بھی موجود تھے۔