عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چْگھ جو جموں و کشمیر اور لداخ کے پارٹی انچارج بھی ہیں، نے جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف عوامی جذبات کو بھڑکانے کے خلاف خبردار کیا۔محبوبہ مفتی کی جانب سے دئیے گئے بیان جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ’خدا کا فیصلہ نہیں ہے‘کی مذمت کرتے ہوئے چگھ نے کہا کہ محبوبہ بالواسطہ طور پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو آئینی اداروں کے خلاف اکسانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا وہ یہ پاکستان آئی ایس آئی فورسز کے کہنے پر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے اپنے سرپرستوں کی طرف سرحدوں کے اس پار دیکھنے کے بجائے ہندوستانی قوم پرستی کے بارے میں بات کرنا شروع کریں۔چْگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں اور پروگراموں نے جموں و کشمیر میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے جس کے بعد سیاحت کو راستہ دینے کے لئے دہشت گردی کو ختم کر دیا گیا ہے۔ لوگ اپنی ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں اور مفتیوں اور عبداللہوں کے سیاسی گمراہ کن بیانیے کا شکار ہونے کے لئے تیار نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مفتی اور عبداللہ گاندھی کے ساتھ ہاتھ ملانے والے طویل عرصے سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں لیکن اب محبوبہ کا یہ جعلی بیانیہ ان لوگوں میں کام نہیں کرے گا جو امن اور خوشحالی چاہتے ہیں۔