سرینگر// حریت(گ) کے ترجمان نے وادی کے اطراف و اکناف میں کریک ڈاون اور خانہ تلاشیاں جاری رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ راول پورہ سرینگر،شیوپورہ،سونہ وار،نازنین پورہ اور پوشہ پورہ شوپیان کے علاقوں میں محاصرہ کرکے لوگوں کو گھروں سے باہر نکال کر گھر گھر تلاشی کرکے جس طرح عوام کو ہراساں و پریشان کیا گیا۔بیان میں ریاستی انتظامیہ پر و اضح کیا گیا ہے کہ عوام کو پریشانیوں میں مبتلا کرکے وہ اپنے لئے عوام کے دلوں میں نفرت پیدا کررہی ہے اور نہتے نوجوانوںکو ظلم و تشدد کے ذریعے پشت بہ دیوار کرکے کشمیرمیں ایک جنونی ماحول پیدا کرکے اپنے منصوبوں کی تکمیل کے لئے عمل پیرا ہیں۔ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام بھی پُر امن جدوجہد ذریعہ حصولِ حق ارادیت کے لئے محو جدوجہد رہنے کے اپنے عزم پر قائم ہیں،اس لئے انہیں طاقت کے بل پر تحریک آزادی کی جدوجہد سے دور نہیںکیا جاسکتا ۔ترجمان نے تحریک حریت کے رکن غلام حسن بٹ (ناگام چاڈورہ) کے فرزند سجاد احمد بٹ کو گزشتہ تین ماہ سے پولیس تھانہ ناگام میں قیدرکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حربوں سے حریت اراکین کے حوصلوں کو توڑا نہیں جاسکتا ۔