کشتواڑ//ماحولیاتی کمیٹی نے ضلع کے گلاب گڑھ میں تعمیر ہونیو الے مجوزہ کرتھئی ہائیڈرو الیکٹر پروجیکٹ کے مقام کا دورہ کیا ، کمیٹی کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا کر رہے تھے۔کمیٹی نے لوگوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے علاوہ ان کے مطالبات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی، اس کمیٹی میں جموں کشمیر پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیف انجینئر ، ایس ڈی ایم پاڈر سنجیو رینا، پولیوشن کنٹرول بورڈ کا نمائندہ، اٹھولی کے تحصیلدار، بی ڈی او اور دیگر افسران کے علاوہ اٹھولی، کرتھئی، سوہل اورملحقہ علاقہ جات کے لوگ بھی موجود تھے۔ لوگوں کو پروجیکٹ کی اہمیت اور اس سے جڑے دیگر پہلوئوں کے بارے میں روشناس کیا گیا۔ ڈیم کے لئے 165میٹر اونچا کنکریٹ کا بنا ہوا ڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس کی زد میں قریب32ہیکٹر نجی، سرکاری اور جنگلات زمین آئے گی۔ چیف انجینئر پی ڈی سی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ دوران تعمیر علاقہ میں فضائی ، صوتی اور آبی آلودگی کو قابومیں رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ لوگوں نے پروجیکٹ کی زد میں آنے والی اسکیم کا مناسب معائوضہ دئیے جانے ، مقامی نوجوانوں کو روزگار میں ترجیح اور تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد متاثرہ علاقہ کو مفت بجلی فراہم کئے جانے کی بھی مانگ کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے یقین دلایا کہ پروجیکٹ کے ڈیولپمنٹ پلان کی پاڈر میں عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا،اور نوجوانوں کو مختلف ہنروں میں تربیت دینے کے لئے بھی پروگرام مرتب کیا جارہا ہے تا کہ مقامی نوجوانوںکو پروجیکٹ میں روزگار میسر ہو سکے ۔