سرینگر//بھارت کے نائب صدر وینکیا نائیڈئو نے’’وندے ماترم کامطلب ماں تجھے سلام‘‘مانتے ہوئے سوال کیاہے کہ ماں کو سلام نہیں تو کیالوگ افضل گورو کو سلام کریں گے؟۔ نائب صدرہند وینکیا نائیڈو وشو ہندو پریشد کے سابق صدر اشوک سنگھل کی تحریرکردہ کتاب کی رسم اجرا ئی کے موقع پر نئی دہلی میںمنعقدہ ایک پروگرم میں بول رہے تھے۔ انہوں نے نیشنلزم کی تعریف کرنے والے لوگوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وندے ماترم کا مطلب ماں کی تعریف کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ماتا کی جے وہ صرف کسی تصویر میں کسی دیوی کے بارے میں نہیں ہے۔ وینکیا نائیڈو نے وندے ماترم کہنے پر اعتراض کرنے والوں کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر وہ لوگ ماں کو سلام نہیں کریں گے تو کیا افضل گورو کو سلام کریں گے ؟۔ نائیڈو کا سوالیہ انداز میں کہنا تھا کہ وندے ماترم کی معنی ماں تجھے سلام ، کیا مشکل ہے ؟۔ اگر ماں کو سلام نہیں کریں گے تو کیا افضل گورو کو سلام کریں گے۔نائیڈو نے سپریم کورٹ کے1995 کے فیصلہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مذہب صرف زندگی گزارنے کا ایک طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں رہ رہے125 کروڑہندوستانیوں کی ذات ، رنگ ، علاقہ یا مذہب کچھ بھی ہو ، وہ سبھی ہندوستانی ہیں۔