بلال فرقانی
سرینگر//محکمہ خزانہ نے مالی سال 2023-24کے نظرثانی شدہ تخمینہ کے تحت کیپکس بجٹ اور آمدن بجٹ کی مد میں مزید رقومات واگزار کرنے کی منظوری دی ہے۔محکمہ خزانہ نے سرکاری حکم ناموں اور حکومت کی جانب سے وقت وقت پر رقومات کی واگزاری کو مد نظر رکھتے ہوئے مالی سال 2023-24 کے نظر ثانی شدہ بجٹ کے تحت مالی آمدن کی مد میں’بجٹ تخمینہ،احاطہ منیجمنٹ نظام‘(بیمس) کے ذریعے مزید رقومات کو واگزار کرنے کی منظوری دی۔
اس دوران کیپکس بجٹ کے تحت بھی مالی سال2023-24کیلئے کیپیکس بجٹ میں100فیصد رقومات خرچ کرنے کو بھی منظوری دی۔جوائنٹ ڈائریکٹر بجٹ شفاعت یحیٰ کے مطابق محکموں کی جانب سے مرتب کردہ کیسوں کی بنیادوں پر متعلقہ مد کے تحت رقومات کو واگزار کیا جائے گا۔ان مدوں میں گاڑیوں کی خریداری،فرنیچر اور فر نشنگ کی خریداری ،سود،بجلی کی خریداری،غذائی اجناس کی قیمت خرید،برف ہٹانے اور آفات سماوی سے نمٹنا شامل ہے۔ جوائنٹ ڈائریکٹر بجٹ نے مزید کہا کہ رقومات کااستعمال سرکاری ضوابط و شرائط کے تحت ہوگا۔