ماسکو//روس کے دارالحکومت ماسکو میں کورونا وائرس(کووڈ-19)کی وجہ سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر تیس ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔روسی حکومت کے وزیر اور کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ ییوجینی ڈینچیکوف نے جمعہ کو بتایا کہ بدھ کو 1353افراد پر جرمانہ عائد کیا گیا۔میئر کے گھر سے نہ نکلنے کے حکم کے باوجود لوگ گھر سے باہر نکلنے کی مناسب وجہ نہیں بتا رہے ہیں اور ابھی تک 30ہزار سے زائد افراد کو لاک داؤن کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا گیا۔حکام کے مطابق کورونا وائرس کے خطرے کے درمیان دارالحکومت میں لاک ڈاؤن کی مسلسل خلاف ورزی ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کا بچوں کے ساتھ سیر کرنا،باہر ٹہلنا اور دوستوں سے ملنا جاری ہے ۔آئیسولیشن اور قرنطینہ کی بھی مسلسل خلاف ورزی ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے انفکشن اوردیگر سانس سے متعلق دقتوں کے ساتھ 2500سے زیادہ مریضوں،ان کے خاندان کے ممبروں کی کیمروں اور دیگر آئی ٹی سسٹم کے ذریعہ نگرانی شروع کردی گئی ہے ۔وزیر کے مطابق ماسکو پولیس نے ابھی تک قرنطینہ اور سماجی دوری بنائے رکھنے میں ناکام 600تاجروں پر جرمانہ عائد کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ماسکو میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 4000روبل کا جرمانہ اور تاجروں کے لئے 3لاکھ سے 5لاکھ روبل جرمانے کا حکم ہے ۔روس کے دارالحکومت میں 30مارچ سے لاک ڈاون نافذ ہے ،ایمرجنسی حالت میں ہی 100میٹر کے دائرے میں کیرانے کی دوکان اور ادویات کی خریداری،کچرے کو نمٹانا اور جانوروں کوگھمانے کی اجازت ہے ۔