عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی ماحولیاتی کمیٹی نے کل جموں و کشمیر کے دیہی علاقوں میں ایک مؤثر اور مضبوط صفائی نظام کی عمل آوری کو عملانے کی ضرورت پر زور دیا۔کمیٹی نے یہ سفارشات محمد یوسف تاریگامی کی صدارت میں سری نگر میں قانون ساز اسمبلی کمپلیکس سری نگرمیں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔کمیٹی نے جموں وکشمیر کے دیہی علاقوں کے لئے فیکل سلج اینڈ سیپٹیج مینجمنٹ (ایف ایس ایس ایم) پالیسی اور دیرپا صفائی ستھرائی کی پالیسی سے متعلق اراکین کی آرأ اور تجاویز کا تفصیل سے جائزہ لیا۔چیئرمین نے دیہی علاقوں میں آئی اِی سی فریم ورک کے تحت بھرپور تربیتی اقدامات اور وسیع پیمانے پربیداری مہمات چلانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کی فعال شمولیت کے ذریعے عملی نتائج حاصل کئے جا سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ کمیٹی اَپنی تجاویز اور سفارشات حکومت کو حتمی صفائی پالیسی کی تیاری اور منظوری کے لئے پیش کرے گی۔اُنہوںنے متعلقہ حکام کو متاثرہ علاقوں میں کان کنی کی سرگرمیوں اور شجرکاری مہمات پر رپورٹس جمع کروانے کی ہدایت بھی دی۔کمیٹی نے دیرپا صفائی اور صفائی ستھرائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے روزانہ گھر گھر کوڑا کرکٹ جمع کرنے، الگ کرنے اور مناسب طریقے سے تلف کرنے، سالڈ و لیکووِڈ مینجمنٹ ، بائیوڈیگریڈایبل ویسٹ پروسسنگ اور روزمرہ پیدا ہونے والے پلاسٹک کوڑاکرکٹ کے سا ئنٹفک ٹریٹمنٹ کی ضرورت پر زور دیا۔کمیٹی نے ماحولیاتی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لئے بنیادی ڈھانچے کی جگہوں اور سہولیات کا موقعہ پر جا کر جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا۔چیئر مین نے کشمیر کے نازک ماحولیاتی نظام کے تحفظ میں کمیٹی کے رول کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے متعلقہ محکمے کو ہدایت دی کہ ماہرین کو شامل کر کے دیہی صفائی کے لئے سالانہ ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔