عارف بلوچ
اننت ناگ//ہائی کورٹ کی طرف سے پابندی کے باوجود پہلگام میں غیر قانونی تعمیرات کھڑاکرنے کاسلسلہ جاری ہے۔وادی کشمیر کا خوبصورت اور مشہور سیاحتی مقام پہلگام اپنی قدرتی خوبصورتی،ثقافتی اور ماحولیاتی اہمیت کے باعث دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ پہاڑوں، ندی نالوں اور سبز وادیوں سے سجا ہوا یہ مقام ایک عرصے سے غیر قانونی تعمیرات کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔ماہرین کا ماننا ہے کہ بے ہنگم تعمیرات مستقبل میں تباہی کو دعوت دینا ہے۔بلند عمارتوں نے ہواوں کا راستہ روک لیا جس کی وجہ سے پہلگام میں بھی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔سیاحوں کی بڑھتی تعداد دیکھ کر سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے یہاں کا رخ کر لیا اور بھاری رقمیں دے کر زمینیں خرید رہے ہیں اور بغیر منظوری یا پلان کے تعمیرات کھڑاکررہے ہیں ۔انکا کہنا ہے کہ پہلگام جیسے علاقے فطری خوبصورتی، جنگلات، ندیوں اور جنگلی حیات کے مسکن ہوتے ہیں۔ یہاں انسانوں کی بڑھتی ہوئی موجودگی(فٹ فال) اور تعمیرات ماحولیاتی نظام کو بگاڑ سکتی ہیں، ماحولیات کو نقصان پہنچانے کے معاملے میں یہ فرق نہیں پڑتا کہ کوئی تعمیر قانونی ہے یا غیر قانونی ،اگر وہ قدرتی ایکو سسٹم کو بگاڑ رہی ہے، تو اس کا مطلب تباہی ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ترقی ضروری ہے، مگر ایسی ترقی جو ماحول کو تباہ کر دے، وہ پائیدار نہیں ہوتی۔ اس طرح کی ڈیولپمنٹ کا فائدہ عام لوگوں کے بجائے کارپوریٹ اداروں کو ہوتا ہے اور قدرتی خوبصورتی تباہ ہو جاتی ہے.سابق ایم ایل اے پہلگام محمد رفیع میر کا کہنا ہے کہ ایل جی حکومت کے دوران پہلگام میں غیر قانونی تعمیرات کا رجحان بڑھ گیا ہے ،ایک طرف ایل جی حکومت سیاحتی مقامات کے تحفظ اور ڈیولپمنٹ کو یقینی بنانے کے دعوے کر رہی ہیں،تو دوسری جانب ماحولیات کے تحفظ کے بجائے بے تحاشا تعمیرات نے پہلگام کے پورے ماحولیاتی نظام کو درہم برہم کر دیا ہے۔ مقامی لوگ پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مسلسل غیر قانونی تعمیرات کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکام کے تعاون سے کئی بااثر افراد ہائی کورٹ کی ہدایات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیراتی کام کروا رہے ہیں اور انہدامی کاروائی صرف غریب عوام کے خلاف کی جاتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ہائی کورٹ نے نئے ماسٹر پلان کی تشکیل تک پہلگام میں تعمیرات پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی(پی ڈی اے) کے چیف ایگزیکٹیو افسر(سی ای او) نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کو نوٹس کیا جا رہا ہے ،اس سلسلہ میں محکمہ کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مہم تیز کر دی گئی ہے۔حالیہ دنوں میں کئی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔